اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ اگر صدر کو کوئی کام نہیں کرنا تو گھر چلے جائیں۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رکن ایاز صادق نے کہا کہ صدر مملکت نے وزیر اعظم کی تمام ایڈوائس کو مسترد کرنے کا طے کر لیا ہے۔ وزیر اعظم نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کی ایڈوائس دی مگر صدر نے مسترد کی، کیا وزیر اعظم کو صوبوں میں گورنر تعینات کرنے کا اختیار نہیں ہے ؟
انہوں نے کہا کہ ایوان صدر میں آئین اور قانون کی پامالی ہو رہی ہے لیکن اگر صدر کو کوئی کام نہیں کرنا تو گھر چلے جائیں۔ صدر مملکت کے اقدامات کے خلاف قرار داد تیار کر لی ہے جسے ایوان میں پیش کرنا چاہتے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ صدر مملکت کو کسی پارٹی کا نمائندہ نہیں ہونا چاہیے اور صدر مملکت آئین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ صدر مملکت مشترکہ اجلاس میں خطاب کیسے کریں گے ؟
ن لیگ نے صدر مملکت کے اقدامات پر بحث بھی کرانے کا مطالبہ کیا جبکہ مسلم لیگ ن نے صدر مملکت کے اقدامات کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا۔