اسلام آباد : (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے لانگ مارچ اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی میں کیمبرج کے امتحانات منسوخ کر دیئے گئے.
برٹش کونسل نے راولپنڈی اسلام آباد میں آج ہونے والے اے اور او لیول کے امتحانات منسوخ کر دیئے ۔ پنجاب یونیورسٹی کے امتحانات بھی ملتوی ہو گئے ۔
راولپنڈی میں بھی تعلیمی ادارے آج بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ لاہور بورڈ نے مطالعہ پاکستان کا پرچہ منسوخ کر دیا ۔پنجاب یونیورسٹی نے بھی موجودہ سیاسی صورتحال کے پیش نظر 25 مئی کو ہونے والے امتحانات ملتوی کر دیئے۔
لاہور بورڈ کے زیر اہتمام میٹرک کا آج ہونے والا پرچہ منسوخ کر دیا گیا ہے ۔ غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکا ایل ایل بی کا پرچہ بھی منسوخ کردیا گیا ہے ۔ گوجرانوالہ میں میٹرک کا پرچہ ملتوی کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے آج خیبر پختون خوا سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ ملک بھر شہروں سے کارکنوں کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وفاقی حکومت نے لانگ مارچ کو روکنے کا اعلان کیا ہے جس کے باعث راولپنڈی اسلام آباد کے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں۔