لاہور: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک نے ایک نئے فیچر کلیئر موڈ کو متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس فیچر سے ایپ میں اسکرولنگ کے دوران ویڈیو پر موجود مختلف بٹن جیسے یوزر نیم، کیپشن اور آڈیو انفارمیشن غائب ہوجائیں گے۔
ٹک ٹاک کے ایک ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ اس فیچر کی آزمائش کی جارہی ہے۔
مگر کمپنی نے یہ نہیں بتایا کہ صارفین کے لیے یہ فیچر کب تک متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
درحقیقت جن فیچرز کی آزمائش کی جارہی ہوتی ہے وہ ضروری نہیں کہ صارفین کو دستیاب ہوں۔
اگر یہ فیچر صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا تو اسے استعمال کرنے کے لیے ویڈیو اوپن کرکے اس کی اسکرین کو کچھ دیر تک دبا کر رکھنا ہوگا جس کے بعد مختلف آپشنز میں کلیئر موڈ کا آپشن نظر آئے گا۔
یہ فیچر ویڈیوز کے اسکرین شاٹ لینے والوں کے لیے بھی کارآمد ہوگا۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاک کی جانب سے حالیہ مہینوں میں اس طرح کے مختلف فیچرز پر کام کرنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
مثال کے طور پر ایک فیچر واچ ہسٹری ہے جو اس وقت چند صارفین کو دستیاب ہے جس سے ان ویڈیوز کو تلاش کرنا آسان ہوجائے گا جن کو آپ لائیک کرنا بھول چکے ہوں گے۔