اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
پی ٹی آئی کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری نے الزام عائد کیا کہ حمزہ شہباز کو مسلط رکھنے کیلئے لوٹوں کا نامزد الیکشن کمیشن ہر حد تک جائے گا۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 224 کو عملی طور پر معطل کیا گیا،
فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کو دیوالیہ ہونے کے خطرے کا سامنا ہے، مہنگائی کے عفریت نے لوگوں کو دبوچ لیا ہے، نہیں معلوم حکومت بجٹ کیسے دے گی؟
فواد چودھری نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے خلاف غداری کے مقدمے درج کرا رہی ہے، سیاسی جماعتیں گفتگو بھی نہیں کر سکتیں، حالات یہ ہیں کہ ملک سیاسی تقسیم کا شکار ہے۔