اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ بھارت میں اسلاموفوبیا اور نفرت انگیز بیانئے کا نوٹس لے،بھارتی قیادت کی خاموشی اس واقعے میں ان کی تائید و اعانت کے مترادف ہے ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدرعبداللہ شاہد کو بی جے پی کے سینئر رہنمائوں کی جانب سے توہین رسالت کے معاملے پر آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ کا کہناتھا کہ جان بوجھ کر اشتعال انگیزی کے ذریعے دنیا بھر کے اربوں مسلمانوں کی دل آزاری کی گئی،بھارت میں اسلاموفوبیا اور نفرت انگیز بیانئے کا نوٹس لیا جائے،بھارتی قیادت کی خاموشی اس واقعے میں ان کی تائید و اعانت کے مترادف سمجھی جانی چاہیے جس کے نتیجے میں تشدد اور نفرت انگیز واقعات میں اضافہ ہو گا۔