دوحہ: (ویب ڈیسک) ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی کے ایک پی ایچ ڈی طالب علم دائم آصف راجہ نے حال ہی میں امریکن کیمیکل سوسائٹی کی ٹریول گرانٹ اور قطر کے شہر دوحہ میں امریکن کیمیکل سوسائٹی کے تحت منعقدہ ایک ریسرچ کانفرنس کے پوسٹر مقابلے میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان نے پیر کو کہا ہے کہ طالب علم دائم آصف ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں ڈاکٹر عمران ملک کی زیرِ نگرانی پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔ترجمان کے مطابق ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے اس ہونہار طالب علم نے 250 پوسٹرز پریزینٹیشن کے درمیان تیسری پوزیشن حاصل کی ہے جبکہ اس عالمی کانفرنس میں پوری دنیا سے 800 افراد شرکت کر رہے تھے۔ ترجمان کے مطابق امریکن کیمیکل سوسائٹی کی صدر اینجیلا کے ولسن نے کامیاب طالب علموں کو انعامات پیش کیے جبکہ اس موقع پر 2016 کے نوبل انعام یافتہ سائنسدان پروفیسر فریزر اسٹوڈرٹ بھی موجود تھے۔
علی دائم کے پوسٹر کا عنوان ’پولی ایتھائلینیمائن، اسٹیبلائزڈ سلور نینو پارٹٰیکلز کو پرمیتھیزائن کے لیے بطور کیلوریمیٹرک ایسے‘ کا استعمال تھا۔
بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے دائم آصف کو اُن کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی دراصل پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیت کا اعتراف ہے جبکہ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں باصلاحیت اور قابل نوجوان اسکالروں کی موجودگی ادارے کے لیے قابلِ فخر ہے۔
شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ خاتون اور سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز اور سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن نے بھی ہونہار طالب علم کو اس کی میا بی پر مبارکباد دی ہے۔