تازہ تر ین

ریاست میرے ساتھی کے قاتلوں کو گرفتار کرے یا پھر ہمیں بھی اسلحہ دے، مصطفیٰ کمال

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کے حلقے این اے 240 ضمنی انتخاب کے دوران صورتحال کشیدہ ہوگئی، فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
اس حوالے سے پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ان کے کارکن زخمی ہوئے ہیں، پی ایس پی کا ایک کارکن شہید بھی ہوا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہم نے تو کسی کو پلٹ کر پتھر نہیں مارا ہے، ہمارے پاس ہتھیار ہوتے تو ہم پر حملہ کرنے والے واپس نہ جاسکتے تھے، پی ایس پی کے دفتر پر براہ راست فائرنگ کی گئی ہے، جتھوں کے ساتھ آکر پی ایس پی پر حملہ کیا گیا، ٹی ایل پی نے ہمارے دفتر پر حملہ کیا، براہ راست فائرنگ کی گئی۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس نازک صورتحال کو سنبھالیں، ایم کیو ایم کے کئی لوگ ٹھپے لگاتے پکڑے گئے، پولیس ان سے ملی ہوئی ہے، حملہ کرنے والے چاہ رہے ہیں کہ کراچی کا پرانا دور واپس آجائے، ریاست میرے ساتھی کے قاتلوں کو گرفتار کرے یا پھر ہمیں بھی اسلحہ دے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ہمارے 10 سے زیادہ لوگ زخمی ہیں، ان میں ہمارے مرکزی رہنما بھی ہیں ابھی نام نہیں بتا سکتے، ہمارے کارکنوں کو گولیاں لگی ہیں، ہمارا ایک کارکن شہید ہوا ہے، بلدیہ ٹاؤن کے ایک ساتھی کو گولی لگی اور وہ شہید ہوگئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری جماعت کے کافی کارکن زخمی ہوئے ، انیس قائم خانی کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی ، اگر میں کہوں کہ مجھے بھی گولی لگی ہے تو آپ کیا کہیں گے؟ ہمارے چار ساتھیوں کی حالت نازک ہے، ڈی آئی جی ہم سے کیوں بات کریں گے، ہم ابھی زندہ ہیں، پولیس یہاں پر کچھ بھی نہیں کررہی، ہم سے پولیس نے کوئی رابطہ نہیں کیا، میرے کارکن مجھ سے اہم ہیں ، مجھے کوئی مسئلہ نہیں۔
خیال رہے کہ کراچی کے حلقے این اے 240 ضمنی انتخاب کے دوران صورتحال کشیدہ ہوگئی، فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 60 سال کے سیف اللہ کے نام سے ہوئی۔
جناح اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیادہ افراد ڈنڈے لگنے سے زخمی ہوئے،کچھ کو گولیاں لگی ہیں۔
خیال رہے کہ یہ نشست ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔ ضمنی الیکشن میں ایم کیو ایم پاکستان ، پاک سرزمین پارٹی و دیگر جماعتوں کے امیدوار میدان میں ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain