لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے چین کے لاہور میں نئے تعینات ہونے والے قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر دو طرفہ تعلقات اور سی پیک پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر پنجاب نے لاہور میں قونصل جنرل کی ذمہ داری سنبھالنے پر ژاؤ شیرین کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی لازوال ہے، چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، پاک چین اقتصادی راہداری صرف پاکستان نہیں بلکہ خطے اور پوری دنیا کے لیے ایک گیم چینجر ہے، پالیسیوں کے تسلسل کے لیے چارٹر آف اکانومی ہونا چاہیے.
انہوں نے کہا کہ حکومت سی پیک کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کو وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے . چین کے تعلیم ، صحت، انرجی انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں. سی پیک سے پاکستان میں انفراسٹرکچر، ایگری کلچر، انرجی سیکٹر اور انڈسٹری میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی.
اس موقع پر چینی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان ان کا دوسرا گھر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کی حکومت سی پیک کے تحت منصوبوں کو جلد مکمل کرے گی.