اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل میں کہا ہے کہ آزاد میڈیا کی بات کرنے والے عمران خان کا دور میڈیا کیلئے سیاہ ترین دور رہا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھاکہ رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کی رپورٹ میں عمران خان کو پری ڈیٹر قرار دیا گیا، ایک چھوٹا شخص میڈیا کی آزادی پر پابندی لگاتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ٹرولز نے سوشل میڈیا پر غریدہ فاروقی کے خلاف غلیظ مہم چلائی، عنبر رحیم شمسی اور عاصمہ شیرازی سمیت کئی خواتین صحافیوں کو ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ عمران خان کے دور میں صحافیوں کو دھمکیاں دی گئیں، اسد طور اور محسن بیگ پر تشدد کیا گیا، ابصار عالم کو گولیاں ماری گئیں، مطیع اللہ جان کو اغوا کیا گیا اور مرتضیٰ سولنگی کا پروگرام بند کیا گیا ۔
ان کا کہنا تھاکہ طلعت حسین کو نکلوایا گیا،
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اتنے ڈرپوک ہیں کہ ٹی وی پر نواز شریف اور مریم نواز کی آواز بند کرادی۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا ہے کہ مجھے کبھی میڈیا سے خطرہ نہیں تھاکوئی ڈر نہیں تھا، میں نے میڈیا کے خلاف کبھی کوئی کارروائی نہیں کی، میری ہدایت پر کسی بھی صحافی کو نہیں اٹھایاگیا۔





































