لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہمارا اسٹیبلیشمنٹ کیساتھ چولی دامن کا ساتھ ہے، عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات ٹھیک ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور شریف برادران ملک کا بیڑہ غرق کرنے میں سر فہرست ہیں، زرداری نے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی، اب کبھی ان سے بات نہیں کروں گا۔ میں کہتا ہوں ہم اداروں سے کیوں لڑے، ہم اپنے معاملات خود حل کریں، عمران خان نے سوشل میڈیا مہم کی مذمت کی ہے۔
نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ن لیگ کو اسی بات کی تکلیف ہے، عمران خان کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات ٹھیک ہو رہے ہیں۔ چودہ چودہ گھنٹے جلسے کرنا آسان کام نہیں خان صاحب انتھک محنت کرنے والے ہیں۔اس چیف الیکشن کمشنر پر اعتبار نہیں کیا جا سکتا، ضمنی الیکشن ٹھیک ہوئے ہیں، ن لیگ کہاں سے پیسے لیکر آ رہی ہے، انہیں پیسوں سے یہ لوگ خریدتے ہیں۔
پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ یہ کوئی نہیں کہہ سکتا خان صاحب ایماندار نہیں ہیں، فارن فنڈنگ کی کوئی اہمیت نہیں ہے، شریفوں کی عادت ہے لوگوں کے پیسوں پر سیاست کرنا، اپنا پیسہ نہیں لگاتے، ہم نے شریفوں کے لیے جیلیں کاٹیں۔میں نے شجاعت صاحب نے جیلیں کاٹیں، حمزہ بعد میں آیا، اس کا بھی خیال رکھا۔ ہم نے خان صاحب کے ساتھ چلنا ہے، ان کی پالیسی اور فیصلوں کو لیکر چلنا ہے۔ایک چھوٹی سی پارٹی کو خان صاحب نے وزارتِ اعلیٰ دی، کابینہ میں نمائندگی نہیں ملی تو کوئی بات نہیں۔ ہم اپنا ایک فنڈ قائم کر رہے ہیں جس سے چیزیں سستی کریں گے۔ دو ہفتے میں بہتری آنا شروع ہو جائے گی، چیک اینڈ بیلنس کے لیے مجسٹریٹ سسٹم دوبارہ کرینگے، صوبے میں مہنگائی جلد کم ہو جائے گی۔
