پشاور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے نوٹس کو پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔
تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے ایف آئی اے کی جانب سے طلبی کے نوٹس کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کردی۔
عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ضمانت قبل از گرفتاری نہیں کرانے آیا بلکہ نوٹس کے خلاف آیا ہوں، یہ اکاؤنٹ ہم نے صرف سہولت کے لئے کھولا تھا یہ غیر قانونی نہیں ہے، یہ اکاؤنٹ ہم نے ملازمین کی تنخواہوں اور دفتر کے اخراجات کے لئے کھولا تھا۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ اکاؤنٹ سے 6 سال میں صرف 21 لاکھ روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے، اکاؤنٹ سے رقم جمع اور نکالنے کے تمام امور بذریعہ چیک ہوئے ہیں۔
سابق سپیکر کا کہنا تھا کہ اس کیس کی انکوائری ایف آئی اے کا اختیار نہیں ہے، پارٹی اس وقت ایک تحریک کے عمل سے گزر رہی ہے۔