کوئٹہ: (ویب ڈیسک) کوئٹہ کے سریاب روڈ پر پولیس موبائل پر دستی بم حملہ ہوا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او سریاب عجب خان ایریگیشن کالونی کے قریب گشت کررہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر دستی بم پھینکا جو پولیس موبائل کے قریب سڑک پر گر کر پھٹ گیا۔
دستی بم پھٹنے سے زوردار دھماکہ ہوا تاہم ایس ایچ او سریاب سمیت دیگر پولیس اہلکار دستی بم حملے میں محفوظ رہے ۔
دھماکے سے پولیس موبائل کو جزوی نقصان پہنچا۔ پولیس اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
صوبائی مشیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے سریاب روڈ کے قریب دستی بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
