دوحہ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہائیڈل توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔
پاکستان قطر سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرتباک استقبال پر قطر کے حکام کا مشکور ہوں، پاکستان کے قطر کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معیشت میں سخت چیلنجز کا سامنا ہے،ہماری درآمدات برآمدات سے کہیں زیادہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قطر نے پاکستان کا ہر موقع پر ساتھ دیا، دونوں ممالک کے تعلقات اعتماد اور باہمی احترام پرمبنی ہے،قطر کے سرمایہ کارپن بجلی کےشعبے میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قطر نے افغانستان اوردنیا کے درمیان مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا،یہ وقت ہے دونوں ملک باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچائیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف 2 روزہ دورہ قطر پردوحہ پہنچے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ قطر کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو مضبوط سٹریٹیجک شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف قطر کی دعوت پر دوحہ کا دورہ کررہے ہیں،وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد شہبازشریف کا یہ پہلا دورہ قطر ہے۔
دورے سے پاکستان میں زراعت،قابل تجدید توانائی،ہوابازی،انفراسٹرکچر،سیاحت،لائف اسٹاک،اشیائے خوردنوش کی برآمدی صنعت و دیگر شعبوں میں قطری سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
