لاہور: (ویب ڈیسک) ٹوئٹر کے سابق سکیورٹی چیف نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے ٹوئٹر میں بھارتی سرکاری ایجنٹ کو پے رول پر بھرتی کرنے پر مجبور کیا گیا۔
ٹوئٹر کے سابق سکیورٹی چیف پیٹر میج زیٹکو نے امریکی سکیورٹی اور ایکسچینج کمیشن کے سامنے ٹوئٹر کے دیگر سکیورٹی مسائل کے ساتھ اس بات کا بھی انکشاف کیا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے ٹوئٹر میں اپنا سرکاری ایجنٹ بھرتی کرنے پر مجبور کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ٹوئٹر کے کمزور سکیورٹی انفراسٹرکچر کی بدولت سرکاری ایجنٹ کو صارفین کے انتہائی حساس ڈیٹا تک بھی رسائی حاصل ہوسکتی تھی۔غیر ملکی ادارے کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹفارم ٹوئٹر سے منسلک ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کے حوالے سے اس طرح کے الزامات ٹوئٹر میں پہلے بھی گردش کرتے رہے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے اس حوالے کسی بھی قسم کا موقف سامنے نہیں آیا ہے۔
