لاہور: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد عمر کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل کی ناکامی کی مشہوری تو نواز شریف بیان کر رہے ہیں۔ خبردار کررہاہوں اپنی نااہلی کا ذمہ دار پی ٹی آئی اورخیبرپختونخواحکومت نہ ٹھہرائیں۔
رہنما پی ٹی آئی اسد عمر کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نااہل ہے، ساڑھے چار ماہ ہو گئے ابھی تک ان سے آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں ہو رہا۔مفتاح اسماعیل کہہ رہے ہیں پی ٹی آئی کی وجہ سے آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں ہوپارہا۔
ان کا کہنا ہے کہ مفتاح اسماعیل ناکامی کا سارا ملبہ ہم پر ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔مفتاح اسماعیل کی ناکامی کی مشہوری تو نواز شریف بیان کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاہے کہ جو خط تیمور سلیم جھگڑا نے لکھا وہ سوشل میڈیا پرموجود ہے۔ تیمور جھگڑا صوبے کا حق مانگ رہے ہیں، حکومت کی جانب سے اپنی ناکامی کا ملبہ تیمور جھگڑا پر ڈالنے کی کوشش کی گئی، خبردار اگر کسی نے ان کی آواز کو دبانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ آپ سمجھتے ہیں کہ ڈنڈے سے ملک کو چلائیں گے تو یہ آپ کی خام خیالی ہے۔ جن دعوؤں پر آپ نے حرام کے پیسے سے حکومت گرائی اس میں ناکام ہوئے۔ جو بھی ہو رہا ہے وہ آپ کی ناکامی کی وجہ سے ہو رہا ہے، آپ نااہل ہیں اور آپ نے عوام کی زندگی مشکل نہیں مشکل تر بنا دی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن کمیشن کے جو فیصلے آرہے ہیں اس کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں۔الیکشن کمیشن چاہتا ہے کہ سیاہ کو سفید اور سفید کو سیاہ کرتا رہے اور ہم مانتے رہیں تو ایسا نہیں ہوگا۔آئین واضح ہے الیکشن کمیشن عدالت نہیں ہے۔سپر یم کورٹ یا ہائیکورٹ آرٹیکل 204 کے تحت کارروائی کرسکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دنیا کے مختلف جگہوں سے عمران خان سے فنڈز ریزنگ کی اپیل کی گئی۔ پی ٹی آئی فنڈریزنگ سے متعلق محرکات کو دیکھ کر مشاورت کرے گی اور اعلان کیاجائے گا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے غیرقانونی نوٹس کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔
انہوں نے عوام سے سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ متاثرین کی مدد کرنا ہم سب کا فرض ہے اور میری اپیل ہے صوبائی حکومتیں بھرپور کردار ادا کریں۔سب کو ہدایات ہیں کہ سب نے بھرپور مدد کرنی ہے، انسانی آفت ایسی چیز ہے جس پر سیاست نہیں بنتی۔
ان کا کہنا ہے کہ سیلاب کی صورتحال بہت خراب ہے، قوم کی اچھی بات یہ ہے کہ مشکل وقت میں اکھٹا ہوجاتی ہے۔عمران خان کی پارٹی کو ہدایت ہے کہ اپنے علاقوں میں اور دیگر مقامات پر متاثرین کی مدد کرنی ہے۔سیلاب متاثرین کی جس قدر مدد ہوسکے کریں گے۔