اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میرے خلاف پروپیگنڈا کررہی ہے، تحریک انصاف کی مقبولیت سے خائف ہوکر سیاسی مخالفین ایسا کر رہے ہیں ، مجھے بدنام کرنے کیلئے میرے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جارہا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس شدید پراپیگنڈے پر نگاہ رکھے ہوئے ہوں جو مجرموں کا پی ڈی ایم نامی گروہ میرے خلاف کررہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اس پراپیگنڈے کی وجہ وہ خوف ہے جس کا یہ پی ٹی آئی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باعث شکار ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا ہے کہ میں آج پشاور کے جلسے میں ان سب کو باضابطہ جواب دوں گا جو مجھے بدنام کرنے کیلئے میرے الفاظ کو جان بوجھ کر توڑ مروڑ رہے ہیں، بس بہت ہوگیا!