لاہور: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پاکستان میں بھارت کا ایجنڈا چلا رہی ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے 3 کروڑ سے زائد لوگ متاثر ہیں اور ہزاروں لوگ بے گھر ہیں۔ مشکل حالات دیکھ چکے ہیں مگر پنجاب حکومت نظر نہیں آ رہی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت جہاں تک پہنچ سکتی تھی پہنچی بھی ہے لیکن پنجاب حکومت عوام کی مدد کے لیے تیار نہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ شاندانہ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کو امداد نہ دیں وہ حقداروں تک نہیں پہنچے گی، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) معاہدے کو سبوتاژ کرنا چاہا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے پاکستان میں بھارت کا ایجنڈا چلا رہے ہیں۔ کیا جلسے کا پیسہ کسی بیوہ کو راشن دینے کے لیے استعمال نہیں ہوسکتا ؟ اور کیا یہ پیسہ دریائے سندھ کے کنارے بیٹھے شخص کے علاج میں استعمال نہیں ہوسکتا ؟