لاہور: (ویب ڈیسک) دنیائے کرکٹ کے دو لیجنڈری کھلاڑی وسیم اکرم اور وقار یونس کو کرکٹ کے میدان میں تو کوئی ڈرا نہیں سکا، لیکن ایک چھوٹے طیارے نے انہیں ڈرا دیا۔
ہر بیٹس مین کے لیے فیلڈ میں خوفناک خواب بنی رہنے والی فاسٹ بالرز کی اس جوڑی نے ایک ویڈیو شئیر کی، جس میں دونوں سابق کھلاڑی فخر عالم کے ساتھ چھوٹے طیارے کی سیر کرنے کیلئے تیار ہیں۔
تاہم دونوں سپر اسٹارز اڑان سے پہلے فخر عالم کے چھوٹے طیارے کا مذاق بھی اڑاتے رہے، ویڈیو میں طیارے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وقار یونس نے وسیم اکرم سے سوال کیا کہ بھائی اس رکشے کا ڈرائیور کہاں ہے؟ جس پر وسیم اکرم نے جواب دیا کہ ہاں ڈرائیور ڈھونڈو اس رکشے کا پیٹرول، ڈیزل اور آئل چیک کرے۔
جس پر فخر عالم کا کہنا تھا کہ آپ کے اس رکشے کا ڈرائیور میں ہی ہوں، اور میں نے ہی آپ کو لے کر جانا ہے، جس پر وسیم اکرم نے اوپر دیکھتے ہوئے کہا کہ بس دعا ہی کر رہا ہوں۔
جبکہ وقات یونس نے اپنی ٹوئٹ میں تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ ابھی بھی یہ اندازہ نہیں کر سکے ہیں کہ یہ طیارہ ہے یا رکشہ، جبکہ انہوں نے اپنے اور وسیم اکرم کیلئے مداحوں سے دعا کرنے کی اپیل بھی کر ڈالی۔