اسلام آباد : (ویب ڈیسک) وفاقی وزراء خواجہ آصف اور مفتاح اسماعیل نے پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ریاستی اداروں کے خلاف غیر سنجیدہ گفتگو کرنا کسی کو زیب نہیں دیتا، پی ٹی آئی والے بھی عمران خان کے بیانات کی تصدیق کرنے سے کتراتے ہیں۔
وفاقی وزیر خواجہ آصف نے کہا کہ توشہ خانہ کے تحائف بیچنا کہاں کا میرٹ ہے؟، یہ کس میرٹ کی بات کرتے ہیں، افواج پاکستان میں تمام تقرریاں میرٹ پر ہوتی ہیں، عمران خان آئیں اور عدالتوں میں پیش ہوں، ادارے عمران خان کی کرپشن کی تحقیقات کر رہے ہیں، عمران خان کو اپنی ساری کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔
اس موقع پر وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ خان صاحب بتائیں بی آر ٹی کی تحقیقات کیوں رکوائیں، کیا عثمان بزدار، مراد سعید اور محمود خان میرٹ پر ہیں؟، فرح گجر صاحبہ نے یونیورسٹی کے وائس چانسلر تبدیل کروائے، فرح خان پنجاب میں افسران کی جو ٹرانسفر کرتی رہی ہیں کیا وہ میرٹ پر تھیں، عمران خان لوگوں کو بتایں کہ شوکت خانم کے فنڈز میں آئے ہوئے پیسے کہاں لگے ہیں۔