ملتان: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اقتدار کے لیے نہیں بلکہ ملکی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، ملک بچانا ہے تو امپورٹڈ حکمرانوں کو اقتدار سے الگ کرنا ہو گا۔
سابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان کا کل ملتان میں تاریخی جلسہ ہوگا، جلسے میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ این اے 157 میں عمران خان کا جلسہ ریفرنڈم ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہمیشہ اداروں کا احترام کیا اور مضبوطی کیلئے کام کیا ہے، شہباز شریف سیلاب زدگان کی امداد میں سیاست نہ کریں، شہباز شریف جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کی بحالی کی طرف بھی توجہ دیں۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے استفسار کیا کہ یوسف رضا گیلانی اور ان کے صاحبزادوں نے این اے 157 کیلئے کیا کیا؟ یوسف رضا گیلانی اور ان کے صاحبزادوں نے حلقے کی ترقی کیلئے کچھ نہیں کیا۔