لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں آج پھر اضافہ ہو گیا، امریکی کرنسی 235 روپے سے تجاوز کر گئی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید ایک روپے 18 پیسے کا بڑا اضافہ دیکھا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 234 روپے 32 پیسے سے بڑھ کر 235 روپے 50 پیسے ہو گئی ہے۔
ڈالر کے مہنگا ہونے کے باعث صرف 9 دنوں میں قرضوں کے حجم میں 2 ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت شدید مشکلات میں گھری ہوئی ہے، ڈالرز کی کمی اور درآمدی ادائیگیوں کے باعث ملک سے ڈالرز تیزی سے ختم ہورہے ہیں جبکہ اربوں ڈالرز لانے کے حکومتی دعوے ابھی تک حقیقت کا روپ نہیں لے سکے، یہی وجہ ہے ڈالر کی قدر ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھ رہی ہے۔