اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ مریم اورنگزیب کے ساتھ لندن میں جو ہوا وہ قابل قبول نہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ رکھا جبکہ ان کا دورہ امریکہ کامیاب رہا۔ لندن میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کو ہراساں کیا گیا جو قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم اورنگزیب کے ساتھ بدتمیزی کرنے والوں کے خلاف درخواست تیار کی ہے جس میں برطانوی وزارت داخلہ کو تصاویر کے ساتھ تحفظات کا اظہار کیا جائے گا اور ذمہ داران کے خلاف کیریکٹر سرٹیفکیٹ اور نائیکوپ منسوخ کرنے کی استدعا کی جائے گی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے صوبائی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا کیونکہ پرویز الہٰی کو خدشہ ہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس ختم ہوتے ہی عدم اعتماد کی تحریک نہ آ جائے۔ پنجاب اسمبلی کے جاری اجلاس کا مقصد ہی عدم اعتماد کی تحریک سے بچنا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ اسمبلی کے ایک دن میں اجلاس کے اخراجات ایک کروڑ روپے روزانہ آتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے وسائل کا رخ گجرات اور منڈی بہاوالدین کی طرف موڑ دیا ہے۔
رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ پرویز الہٰی کو 186 ارکان کی حمایت حاصل ہے اور کچھ ارکان ادھر ادھر ہیں کئی ان سے متفق بھی نہیں۔