نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکی خلائی ادارے ناسا کی انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن میں استعمال کے لیے تیار کی جانے والی ایک ٹیکنالوجی الیکٹرک گاڑیوں کو بھی چارج کرسکتی ہے۔
درحقیقت یہ ٹیکنالوجی بہت زیادہ تیزرفتاری سے الیکٹرک گاڑیوں کو چارج کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ناسا نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ یہ پیچیدہ کولنگ تکنیک خلا میں مخصوص برقی نظام کا درجہ حرارت مناسب رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
ناسا کے مطابق اس ٹیکنالوجی سے الیکٹرک گاڑیوں کو مارکیٹ میں دستیاب دیگر چارجنگ ٹیکنالوجیز کے مقابلے میں 5 گنا زیادہ کرنٹ فراہم کیا جاسکتا ہے۔
مگر زیادہ کرنٹ کے باوجود یہ ٹیکنالوجی تاروں کو ٹھنڈا رکھتی ہے جس سے پرزہ جات کے گرم ہونے کا خطرہ نہیں ہوتا۔
ناسا نے مزید بتایا کہ اس نظام کو چاند، مریخ اور دیگر خلائی مشنز میں جوہری پاور سسٹمز کی فراہمی کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
اس وقت کچھ ممالک میں الیکٹرک گاڑیوں کو 20 منٹ سے کم وقت میں چارج کرنے کا سسٹم صارفین کو دستیاب ہے مگر ناسا کا کہنا ہے کہ اس کی تیار کردہ ٹیکنالوجی گاڑی کو محض 5 منٹ میں چارج کرسکتی ہے۔
امریکی ادارے کے مطابق اس ٹیکنالوجی سے کسی گاڑی کو چارج کرنے کا وقت نمایاں حد تک کم ہوجائے گا اور اس سے دنیا بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کو قبول کرنا ممکن ہوجائے گا۔