تازہ تر ین

‘ملک میں خوف بڑھ رہا’، شوبز شخصیات کی عمران پر حملے کی شدید مذمت

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ میں چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملے کی شوبز شخصیات کی جانب سے بھی شدید مذمت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ وزیرآباد میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی گئی جس سے سابق وزیراعظم، سینیٹر فیصل جاوید اور پی ٹی آئی رہنما احمد چٹھہ سمیت دیگر افراد زخمی ہوئے۔
اس واقعہ کے بعد شوبز کی شخصیات نے بھی عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کے واقعے کو دہشت گردی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اور پی ٹی آئی چیئرمین کو زیادہ نقصان نہ پہنچنے پر شکرانے بھی ادا کیے۔
اداکارہ ارمینہ خان نے واقعے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور فائرنگ کرنے والے افراد کو بے وقوف بھی قرار دیا۔
اداکار ارسلان نصیر نے واقعے کو عمران خان کو قتل کرنے کی سازش اور کوشش قرار دیتے ہوئے لکھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین فائرنگ کے دوران زخمی ہوگئے۔
انہوں نے سابق وزیر اعظم سمیت فائرنگ سے زخمی ہونے والے دیگر افراد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
ماڈل و ٹک ٹاکر اقصیٰ کینجھر جمالی نے بھی سابق وزیر اعظم کے کنٹینر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔
ان کی طرح گلوکار ہارون شاہد نے بھی عمران خان کے کنٹینر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ بہت ہوگیا۔
ساتھ ہی انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں سوال کیا کہ کیا فائرنگ کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا؟
موسیقار روحیل حیات نے بھی عمران خان کے محفوظ رہنے پر خدا کے شکرانے ادا کیے اور ساتھ ہی لکھا کہ یہ اچھا نہیں ہوا۔
روحیل حیات نے دعا کی خدا آگے بھی ایسے ہی خیریت برقرار رکھے۔
اداکار و گلوکار علی ظفر نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں آج بھی بے نظیر بھٹو کے قتل کے بعد پھوٹ پڑنے والے ہنگامے اور تشدد یاد ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ہمارا ملک اسی طرح کے دوسرے کسی واقعے کا متحمل نہیں ہوسکتا، ملک کو عمران خان کی ضرورت ہے، ان پر تین سے چار گولیاں چلائی گئیں، ساتھ ہی انہوں نے ان کی صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
اداکار و میزبان فخر عالم نے بھی فائرنگ کے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے ملک کی حفاظت اور سلامتی کے لیے بھی دعا کی۔
ماڈل، اداکار، آرٹسٹ ڈیزائنر فریحہ الطاف نے بھی کنٹینر پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے عمران خان کو قتل کرنے کی کوشش قرار دیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ عمران خان کے قافلے پر فائرنگ کا واقعہ افسوس ناک ہے، اس سے ملک میں خوف بڑھ رہا ہے، ساتھ ہی انہوں نے پی ٹی آئی چیئرمین کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
اداکار وینا ملک نے بھی فائرنگ کے واقعے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ خان کے لوگوں نے خان کو گھیر کر خان کی جان بچائی، یہ گولیاں خان پر نہیں 22 کروڑ عوام کے دل پر چلی ہیں۔
سینیئر اداکار شان شاہد نے عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی سلامتی کے لیے دعا کی اور ساتھ ہی لکھا کہ خدا ان کا مددگار ہوگا۔
اداکار عثمان خالد بٹ نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے عمران خان اور فیصل جاوید خان سمیت دیگر کی سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اس طرح کے واقعات ملک کو انارکی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
سینیئر اداکار عدنان صدیقی نے فائرنگ کے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain