دوحہ: (ویب ڈیسک) ہم بچپن سے دیکھتے اور سنتے آرہے ہیں کہ فٹبال میں ہوا بھری جاتی ہے لیکن قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ میں استعمال ہونے والی فٹبال کافی منفرد ہے۔ اگر ہم آپ کو بتائیں کہ اس فٹبال میں ہوا بھرنے کے بجائے اسے چارج کیا جاتا ہے تو واقعی آپ حیران ضرور ہوں گے۔ ایسا ہی کچھ ہوا جب سوشل میڈیا پر کچھ تصاویر وائرل ہوئیں جس میں قطر میں جاری ورلڈکپ میچ سے قبل فٹبال کو ساکٹ میں لگی تاروں کی مدد سے چارج کیا جارہا تھا، یہ دیکھ کر صارفین کافی حیران ہوئے۔ قطر میں ہونے والے ورلڈکپ میں جہاں کافی کچھ پہلی بار ہو رہا ہے، وہیں اس ورلڈکپ میں چارج ہونے والی فٹبال استعمال کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ قطر میں ہونے والے ورلڈکپ میں الریحلہ نامی فٹبال استعمال کی جارہی ہے جو درحقیقت سمارٹ بال ہے جس کے اندر ایک سنسر نصب ہے، یہ سنسر فی سیکنڈ 500 بار بال ڈیٹا ویڈیو آپریٹر روم کو بھیجتا ہے جس سے آف سائیڈ کا تعین کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس فٹبال میں 14 گرام کی ری چارج ایبل بیٹری موجود ہے جو وائرلیس چارج ہوتی ہے اور سنگل چارج پر 6 گھنٹے تک اسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔اسی طرح یہ اولین فٹبال ہے جو پانی پر مبنی سیاہی اور گلیو سے بنی ہے اور اسی لیے اسے ماحول دوست قرار دیا گیا ہے۔ انگلش فٹبالرکیرن ٹرپیئر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ سمارٹ فٹبال عام فٹبال سے تھوڑی مختلف اور وزن میں تھوڑی ہلکی ہیں۔