اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کی سینئر رہنما و سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ایک طرف چیئرمین بلاول بھٹو زرداری دنیا بھر میں بے نقاب جبکہ عمران خان اس کی تعریفیں کر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان ابھی بھی کہہ رہے ہیں کہ مودی ہی مسئلہ کشمیر حل کرسکتا ہے، عمران خان شاید 5 اگست 2019 کا سیاہ ترین دن بھول گئے ہیں۔
سینیٹر نے مزید کہا کہ عمران خان نے مودی کی انتخابات میں کامیابی کی دعا کی، ان کی حکومت کے دوران ہی مودی نے آرٹیکل 370 اور 35 کو ختم کرکے کشمیر کی خصوصی حیثیت پر حملہ کیا۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ عمران حکومت کے سامنے کشمیر کے عالمی تنازع کی نوعیت تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی، انہوں نے ایک منٹ کی خاموشی کے علاوہ کچھ نہیں کیا، اب وزیر خارجہ نے نریندر مودی کو عالمی دنیا کے سامنے گجرات کا قصائی کہا ہے تو عمران خان پھر مودی کے دفاع میں اتر آئے ہیں۔
اپنے پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سر کی قیمت لگا رہے ہیں لیکن وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری عمران خان کی طرح خاموشی اختیار نہیں کریں گے۔