پٹنہ: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست بہار میں بیڈمنٹن میچ میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے پر 5 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بہار کے علاقے بھوجپور میں ایک بیڈمنٹن میچ کے آخر میں فاتح ٹیم کے کپتان نے ٹرافی اُٹھا کر ’پاکستان زندہ باد‘ کے نعرے لگائے جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ جیتنے پر فاتح ٹیم کو ٹرافی دی جاتی ہے اور ٹرافی لینے والا لڑکا اپنی دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے ہیں۔
ویڈیو وائرل ہونے پر بی جے پی کے مقامی رہنما نے تھانے میں شکایت درج کرادی جس پر پولیس نے 5 نوجوانوں کو گرفتار کرلیا تاہم ابھی ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
گرفتار ہونے والے 5 ملزمان میں سے 4 کی شناخت محمد تنویر عالم، محمد ارمان، کلّو اور سونو کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان لڑکوں سے تفتیش جاری ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ میں شامل ٹیموں کے نام دوسرے ممالک کے نام پر رکھے گئے تھے اور ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کا نام ہی پاکستان تھا۔ اس لیے لڑکوں نے یہ نعرے لگائے۔