گورنر پنجاب نے حلف کی پاسداری نہیں کی، توہین عدالت کی درخواست دائر کریں گے: ن لیگ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ اور ملک محمد احمد خان گورنر پنجاب پر برس پڑے۔
مسلم لیگ ن کےرہنماؤں عطا اللہ تارڑ اور محمد احمد خان نے ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں سردار اویس لغاری، رانا مشہود، خلیل طاہر سندھواور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔
عطا تارڑ کاکہناتھاکہ پنجاب میں 22 روز سےکوئی وزیراعلیٰ اور کابینہ نہیں ہے، یکم اپریل سے شروع ہونے والا آئینی بحران ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا، آئین کی پامالی کا معاملہ ہو تو کسی بھی مہذب شہری کے پاس عدالت کا رُخ کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ گورنر نےآئین پاکستان کا وفادار رہنا تھا لیکن انہوں نےگورنر کے عہدے کو بےتوقیر کیا، وہ آئین شکن کے طور پر یاد رکھے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نےگزشتہ روز اپنے فیصلےمیں کہا تھا کہ گورنر حلف لینے سے انکار نہیں کر سکتا پھراطلاعات آئیں کہ گورنر اسپتال میں داخل ہو گئے ہیں،گزشتہ شام 6 بجے لاہور ہائیکورٹ کا حکم صدر پاکستان کو بھی وصول کرا دیا گیا تھا لیکن پورا دن گزرنے کے باوجود صدر اس پر غور ہی کیے جا رہے ہیں۔
لیگی رہنما ملک احمد خان کا کہنا تھاکہ صدرمملکت آئین کے مطابق عمل کریں، وہ اپنی پارٹی کے عہدےداروں سے رائے لے کر زیادتی کر رہے ہیں، بابر اعوان اور فواد چوہدری کے صدر مملکت کے پاس پہنچنے سے پہلے حالات ٹھیک تھے لیکن پھر ایوان صدر کو یرغمال بنا لیا گیا ۔

جاپانی جزیرے کے قریب سیاحوں سے بھری کشتی لاپتہ

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کے شمال میں جزیرے ہوکائیڈو کے قریب دو بچوں سمیت 26 مسافروں سے بھری سیاحتی کشتی لاپتہ ہوگئی۔
جاپانی میڈیا کے مطابق جاپان کے کوسٹ گارڈز نے بتایا کہ سیاحتی کشتی جس میں دو بچوں سمیت 26 مسافر سوار تھے، جاپان کے شمالی جزیرے ہوکائیڈو کے گرد سیر کے دوران لاپتہ ہوئی۔
‘KAZU I’ نامی کشتی کے عملے نے کوسٹ گارڈز کو دوپہر 1:15 پر اطلاع دی کہ وہ پانی میں طغیانی کا شکار ہے جبکہ 3 بجے کے قریب رابطہ منقطع ہونے سے پہلے کشتی 30 ڈگری پر جھکنے کی اطلاع دی۔
کوسٹ گارڈز نے مزید بتایا کہ کشتی کا سراغ لگانے کیلئے ایک ہیلی کاپٹر اور گشتی کشتیاں روانہ کی گئیں تاہم رات 9 بجے تک کشتی اور نہ ہی مسافروں سراغ مل سکا ہے۔

اگر صدرکو عہدے کا خیال نہیں ہے تو استعفیٰ دیدیں، وفاقی وزير داخلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزير داخلہ رانا ثنا اللہ نےکہا ہےکہ آئین پر عمل کا وقت آتے ہی صدر،گورنر اور پوری پی ٹی آئی بیمار پڑ جاتی ہے، اگر صدر کو عہدے کا خیال نہیں ہے تو استعفیٰ دیں۔
ایک بیان میں وفاقی وزير داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ صدر ڈاکٹرعارف علوی کو عہدے کا خیال نہیں تو استعفیٰ دیں، ملک آئین کے مطابق چلنا ہے عمران نیازی کےحکم پر نہیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ صدر مملکت کا عہدہ آئینی منصب ہے،سیاسی نہیں، آئین پر عمل کا وقت آتے ہی صدر،گورنر اور پوری پی ٹی آئی بیمار پڑجاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے بعد لاہورہائی کورٹ کے حکم کی مسلسل توہین کی جارہی ہے، 21 دن سے پنجاب وزیراعلیٰ اور کابینہ کے بغیر چلایا جا رہا ہے، یہ نہیں چاہتے کہ اہل لوگ بڑی آبادی والے صوبے میں خدمت کا عمل شروع کریں۔

شلپا شیٹھی نے بھارتی پولیس میں شمولیت اختیار کرلی؟

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شلپا شیٹھی اسٹریمنگ سروس ’او ٹی ٹی‘ پر ڈیبیو کرنے جارہی ہیں، وہ ایک سیریز میں بحیثیت بھارتی پولیس اہلکار اپنے جلوے بکھیریں گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق روہت شیٹھی کی ہدایت کاری میں ڈیجیٹل پلیٹ فارم او ٹی ٹی پر ایک سیریز تیار کی جارہی ہے جس میں انڈین پولیس فورس کی کہانی پیش کی جائے گی، اس سیریز میں شلپا سمیت سدھارتھ ملہوترا مرکزی کردار نبھائیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ سیریز کا ایکشن سے بھرپور پہلا پوسٹر ریلیز کردیا گیا جس میں اداکارہ اسلحہ تھامے کھڑی ہیں اور پیچھے گاڑیاں آگ کی لپیٹ میں ہیں، پوسٹر میں شلپا کو پولیس کی جرسی میں دیکھا جاسکتا ہے۔
اس سیریز میں بھارتی پولیس کے کردار کو فکشن کے طور پر پیش کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر روہت شیٹھی کا کہنا ہے کہ یہ پروجیکٹ میرے لیے بہت خاص ہے جس پر میں نے سالوں سے محبت کی اور ایمازون پرائم ویڈیو کے اشتراک سے اس سیریز کو عوام کے سامنے پیش کریں گے، مجھے امید ہے سیریز کامیابی کے منازل طے کرے گی۔

بیٹ مین طرز کا سیاہ ترین اپارٹمنٹ، قیمت چار لاکھ ساٹھ ہزار ڈالر

مانچسٹر: (ویب ڈیسک) اب اپارٹمنٹ اور فلیٹ پر فلموں کی تھیم پر بننے لگے ہیں۔ اس تناظر میں برطانیہ میں ایک بیٹ مین اپارٹمنٹ بنایا گیا ہے جو اندر سے غیرمعمولی طور پر سیاہ ہے جسے بیٹ مین فلم اور کامک کے گوتھم سٹی کی طرز پر بنایا گیا ہے۔
990 مربع فٹ وسیع یہ فلیٹ انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں واقع ہے جس کا اندرون مکمل طور پر سیاہ ہے اور اس کی قیمت چار لاکھ ساٹھ ہزار ڈالر رکھی گئی ہے جو بہت زیادہ بھی نہیں۔
اس کے دونوں بیڈروم مکمل طور پر سیاہ ہیں، فرنیچر بھی کالے ہیں اور اندر کی کئی اشیا کو بھی تاریک ہی رکھا گیا ہے۔ یہاں تک کہ واک ان شاور باتھ روم بھی سیاہ ہے تاہم نہانے کا ٹب، بیسن اور کموڈ سفید ہیں اور بقیہ دیواریں کالی ہیں۔
یہ عمارت سو سال پرانی ہے اور پہلے ایک گودام کے طور پر بیان کی گئی تھی پھر 1920 کے عشرے میں اسے فلیٹ میں بدلا گیا اب اسے مکمل طور پر سیاہ فلیٹ میں بدلا گیا ہے۔ اب یہ تیزی سے وائرل ہورہا ہے اور لوگ اس کی تصاویر شیئر کررہے ہیں۔ اگرچہ پہلے اس کی قیمت 5 لاکھ 22 ہزار ڈالر رکھی گئی تھی لیکن اب اس کی قیمت کم کرکے چار لاکھ ساٹھ ہزار ڈالر جو پاکستانی روپے میں 8 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کےبرابر ہے۔
اسے فروخت کرنے والے اسٹیٹ ایجنٹ نے کہا ہے کہ فلیٹ کے مالک نے شعوری طور پر اسے بیٹ مین کا گھر بنایا ہے۔ اس کےلیے بہت سوچ سمجھ کر گھر کی سجاوٹ کی گئی ہے۔

نو منتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری دوسری مرتبہ ملتوی

لاہور: (ویب ڈیسک) نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی تقریب حلف برداری کو دوسری مرتبہ ملتوی کردیا گیا۔
خیال رہے کہ ہائیکورٹ کے حکم پر نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے حلف کیلئے ہنگامی اقدامات کئے گئے تھے، گورنر ہاؤس میں تیاریاں مکمل تھیں، چیئرمین سینیٹ کو ایوان صدر سے ایڈوائس جاری ہونے کا بھی امکان تھا۔
اس حوالے سے اب ذرائع گورنر ہاؤس کا بتانا ہے کہ زبانی اطلاعات پر گورنر ہاؤس میں حلف کی تیاریاں کی گئیں۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عدالتی فیصلے کے باوجود حلف نہ لینے پر دوبارہ عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کر چکی ہے۔

بجلی کے بغیر چلنے والا دنیا سب سے سادہ کیمرہ

لاہور: (ویب ڈیسک) دیکھنے میں یہ کسی بوتل کا ڈھکنا لگتا ہے لیکن یہ بجلی سے چلنے والا دنیا کا سادہ ترین، دلچسپ اور حیرت انگیز کیمرہ ہے۔ اسے سولر کین پک کا نام دیا گیا ہے۔ اسے جدید دنیا کا پن ہول کیمرہ کہا جاسکتا ہے۔
گول پلاسٹک نما ڈبیہ جیسا یہ کیمرہ آپ گھر کے باہر لگاسکتے ہیں جہاں دھوپ اچھی طرح پڑتی ہو۔ اس کے اندر حساس فوٹوگرافی پلیٹ یا فلم لگی ہوئی ہے۔ جب باریک سوراخ سے روشنی اندر جاتی ہے تو اس عکس عین اسی طرح محفوظ ہوتا ہے جیسا کہ ماضی میں فلم والے کیمروں میں ہوا کرتا تھا۔
اب رات کے وقت کیمرہ کھول کر اسمارٹ فون ایپ سے جب تصویر لی جاتی ہے تو خوبصورت اور انتہائی مہارت سے کھینجی ہوئی تصاویر حاصل ہوتی ہیں۔ ان تصاویر کو دیکھ کر ہر کوئی سمجھتا ہے کہ گویا آپ بہت ماہر فوٹوگرافر ہیں۔
س کی سب سے اہم بات یہ ہے سورج کے گزرنے کا پورا راستہ اس میں مقید ہوجاتا ہے جو روشنی کی ایک لکیر کی صورت میں دکھائی دیتا ہے۔ اس طرح کیمرے کو ایک دن، ایک ہفتے، کئی ماہ اور ایک سال کے لیے بھی ایک مقام پر چھوڑا جاسکتا ہے۔ بس آپ کو یہ کرنا ہے کہ گھر کے باہر کسی دیوار یا کھمبے پر تار کے ذریعے کیمرے کو سورج کے سامنے لگادیں اور باقی کام کیمرہ خود کرے گا۔
اپنی جدت اور سادگی کی بنا پر اس کیمرے کو چلانے کے لیے کسی بیٹری یا بجلی کی ضرورت نہیں ہوتی اور یہ خودکار انداز میں دیدہ زیب تصاویر اتارتا رہتا ہے۔ اس کیمرے کو شوقیہ ماہرِفلکیات اور فوٹوگرافر نے ڈیزائن کیا ہے۔
سولر کین پک حقیقت میں شمسی تصویر کشی کرنے والا ایک سادہ ترین کیمرہ ہے جس کی قیمت 22 برطانوی پاؤنڈ ہے اور ایک کیمرے کے ساتھ نو فوٹوگرافک پلیٹیں بھی مفت میں دی جارہی ہیں۔

حکومت کا فیک نیوز کے خاتمے کیلئے قانون سازی کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب سے میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی ملاقات میں فیک نیوز کے خاتمے کے لیے قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیمرا قانون میں مشاورت سے قانون سازی کی جائے گی، پیمرا قانون میں فیک نیوز کے خاتمے کے لئے شق شامل کی جائے گی کیونکہ فیک نیوز سے قومی سلامتی مفادات، عوام کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کا تدارک ہوگا۔
علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں آزادی اظہار کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، صحافت کی موت سیاست اور جمہوریت کی موت ہے، جمہوریت اور آئین کی پیداوار ہی اظہار رائے کی اہمیت اور قدر جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاست، صحافت اور عوام پر چار سال قیامت کے گزرے ہیں، چینل، کالم، پروگرام، زبان اور آنکھ بند کرکے قوم کی آزادی چھیننے کی کوشش کی گئی، پیکا آرڈنس اور پی ایم ڈی اے جیسے کالے قوانین سے 22 کروڑ عوام کو غلام بنانے کی سازش کی گئی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ صحافیوں کی معاشی تباہی کا احساس ہے، چاہتے ہیں جلد ان کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کریں، صحافی بے روزگار ہوئے، کئی جان سے گئے، تنخواہیں آدھی ہوگئیں، ان کے خاندان اور بچوں کی تکالیف سے آگاہ ہیں۔
وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی تباہی کی بحالی کی کوشش کررہے ہیں کیونکہ سابق حکومت نے ملک کو معاشی دیوالیہ کرنے کی سازش کی۔ انہوں نے غیرملکی سازش میں صحافیوں پر عمران خان کے سنگین الزامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پی ایف یوجے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں، جھوٹوں کو گھر تک پہنچائیں گے، جو سچ بولتا ہے، چوری پکڑتا ہے، عمران صاحب اسے غدار بنادیتے ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ غیرملکی سازش کے نام پر اداروں، عدلیہ، میڈیا پر کیچڑ اچھالنے والوں کو اسپیس نہ دی جائے، جھوٹ پر مبنی انتشاری فسادی بیانیے کے تدارک میں میڈیا اپنا کردار ادا کرے، سیاستدانوں کی جائے پناہ آزاد، غیرجانبدار میڈیا ہوتا ہے، ہم اسے طاقتور کریں گے۔
میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد نے جمہوری حکومت کے آتے ہی سابق حکومت کے سیاہ قوانین کالعدم کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کیا اور مریم اونگزیب کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ نے آتے ہی پی ایم ڈی اے کے کالے ضابطے کو کالعدم کیا، جس پر صحافتی برادری آپ کی مشکور ہے، امید ہے جمہوری حکومت جمہوری مزاج برقرار رکھے گی، آئین سے پھوٹنے والی آزادی کو تقویت دے گی۔

ای سی پی پر حملہ آور ہونے کی وجہ غیر قانونی فنڈنگ کے ناقابل تردید شواہد ہیں: مریم نواز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کی نیوز کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ای سی پی پر حملہ آور ہونے کی وجہ غیر قانونی فنڈنگ کے ناقابل تردید شواہد ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے مریم نواز نے لکھا کہ قوم یہ جان کے کہ امریکی خط ڈرامے کی وجہ عارف نقوی کے خلاف متوقع فیصلہ ہے کیونکہ وہ جس الزام میں پکڑا گیا ہے اس گھپلے میں عمران خان بھی شریک ہے، کیونکہ عمران نے اس سے لاکھوں ڈالر غیر قانونی طور پر لیے ہوئے ہیں، ای سی پی پر حملہ آور ہونے کی وجہ غیر قانونی فنڈنگ کے ناقابل تردید شواہد ہیں۔
انہوں نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ اداروں پر حملے اور گھیراؤ جلاؤ کا سبق بھی جلد انتخابات کے لیے دباؤ بڑھانے کا حربہ ہے، کان کھول کے سن لو! تمہاری غنڈہ گردی اور دھمکیاں اب تمہاری اپنی تباہی کا باعث بنیں گی۔ اپنی حکومت نا سنبھال سکا، اپنی پارٹی نا سنبھال سکا اور باتیں سن لو! تمہارا کھیل ہمیشہ کے لیے ختم انشاء اللّہ!۔

اعتزاز احسن نے پیپلزپارٹی چھوڑنے سے متعلق خبروں کو بےبنیاد قرار دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) بیریسٹر اعتزاز احسن نے پیپلزپارٹی چھوڑنے سے متعلق خبروں کو بےبنیاد قراردے دیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں، یہ میرے لیے خاندان کی طرح ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی میں خیالات کا آزادی سے اظہار کرسکتا ہوں،اپنے خیالات کے اظہار کے لیے سوشل میڈیا کی ضرورت نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے نام سے منسوب جعلی بیانات سوشل میڈیا پر چلائے جا رہے ہیں۔