سائنسدانوں نے کتے کے بعد اب روبوٹک چوہا بھی بنا لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں نے روبوٹک کتے کے بعد اب روبوٹک چوہا بھی بنا لیا، جو حقیقی چوہے کی طرح چل سکتا ہے، رینگ سکتا ہے اور گرنے کے بعد دوبارہ اٹھ سکتا ہے۔
روبوٹک چوہا بنانے والی سائنسدانوں کی ٹیم کا کہنا ہے کہ یہ روبوٹ سائز میں چھوٹا ہونے کے باعث سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں کام آسکتا ہے۔
روبوٹک چوہے کو ایسے لچک دار بنایا گیا ہے کہ وہ سوراخ میں گھس سکتا ہے اور انتہائی تنگ جگہ پر مڑنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

عمران خان نے خطرناک کھیل کھیلاا: مریم نواز کا ٹویٹ

‏جس طرح سے عمران نے 4 سال میں ملک کے ہر شعبہ میں تباہی مچائی، ملک کو ہر سطح پر نقصان پہنچایا،جس ڈھٹائی سے آئین شکنی کی اور عدلیہ کے احکامات اور قانون کا مذاق بنایا،انھیں پاؤں تلے روندا،اور اب جس طرح وہ فساد پھیلانے کی تیاری کر رہا ہے، ریاست کو اس سے ایک فتنہ کے طرح نمٹنا ہو گا۔

حمزہ شہباز کی حلف برداری کا معاملہ، سمری ایوان صدر کو موصول

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری کے معاملے پر وزیراعظم ہاؤس سے سمری ایوان صدر کو موصول ہوگئی، جس کی تصدیق ایوان صدر سیکرٹریٹ نے کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کریں گے۔ ادھر حلف کیلئے ہنگامی اقدامات کرلئے گئے، گورنر ہاؤس میں تیاریاں بھی مکمل ہوگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے بھیجی گئی سمری میں لاہور ہائی کورٹ کے حکم کاحوالہ دیا گیا ہے۔
ایوان صدر سیکرٹریٹ کا کہنا تھا کہ صدر مملکت نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے متعلق سمری کا جائزہ لے رہے ہیں، صدر مملکت آئین وقانو ن کے مطابق سمری پر فیصلہ کریں گے، لاہور ہائی کورٹ نے صدر مملکت کو وزیراعلیٰ سے حلف لینے کے لئے نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کی تھی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم کی شرکت بھی متوقع ہے، وزارت عظمیٰ سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا پہلا دورہ لاہور ہوگا جس کے لئے متعلقہ اداروں کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

بجٹ 2022-23 جون کے پہلے ہفتے میں پیش کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کا بجٹ 2022-23 جون کے پہلے ہفتے میں پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کا بجٹ 2022-23 جون کے پہلے ہفتے میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا شیڈول طے کرلیا گیا جو یکم جون سے شروع ہوکر پورا مہینہ جاری رہے گا۔
بجٹ سے قبل اور بعد میں اسمبلی کا ایک ایک اجلاس بلایا جائے گا جس میں پارلیمانی ایام پورے کیے جائیں گے۔

ایشین ریسلنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کے دو ریسلرز کو شکست

لاہور: (ویب ڈیسک) منگولیامیں جاری ایشین ریسلنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کے دو ریسلرشکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئے جبکہ محمد انعام کل رنگ میں اتریں گے۔
61 کلوگرام فری اسٹائل مقابلے میں محمد بلال کو کورین ریسلر نے گیارہ صفر سےہرادیا۔ 65 کلوگرام میں عنایت اللہ کو جاپانی ریسلر کے خلاف ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، جاپانی ریسلر کی کامیابی کے پوائنٹس آٹھ صفر رہے۔
پاکستان کو میڈل کی امید محمد انعام سے ہے جو کل کوارٹر فائنل میں کرغزستان کے ریسلرکو چت کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

یشما گل نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی، غلاف کعبہ کا تحفہ بھی مل گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ یشما گل نے عمرے کی سعادت حاصل کرلی اور انہیں غلاف کعبہ بھی تحفے میں مل گیا۔
اداکارہ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ ڈالی جس میں انہیں غلاف کعبہ ہاتھ میں پکڑے دیکھا جاسکتا ہے۔
اپنی پوسٹ کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’میں بتا نہیں سکتی کہ میں کیسا محسوس کر رہی ہوں۔ ان جذبات کو الفاظوں میں نہیں ڈھالا جاسکتا۔ حقیقت یہ ہے کہ کہ اللہ نے مجھے اپنے گھر آنے کا موقع دیا وہ بھی رمضان المبارک میں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اللہ نے ہی مجھے ایسے لوگوں سے ملوایا جن سے ملاقات میری خوش نصیبی ہے اور انہوں نے مجھے دین کے بارے میں بہت کچھ بتایا اور سب سے بڑھ کر واپسی پر مجھے ایک تحفہ دیا جو اللہ کے گھر کا ایک حصہ ہے اور مجھے اس کے قریب کرتا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ میں نے ایسا کیا کیا کہ میں اس لائق ہوئی مگر دعا ہے کہ اللہ مجھ سے راضی رہے اور سیدھے راستے پر چلائے آمین‘۔
خیال رہے کہ چند روز قبل اداکارہ یشما گل عمرہ کرنے کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئی تھیں۔
یشما گل کے مداحوں کی جانب سے اداکارہ کو عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کی مبارک باد دی جارہی ہے۔

4 ماہ تک سوئمنگ پول کا نل کھلا چھوڑنے والے اسکول ٹیچر پر بھاری جرمانہ

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان میں ایک اسکول ٹیچر کو سوئمنگ پول کا نل چار مہینے تک کھلا رکھنے کا نتیجہ بھاری بل ادا کرنے کی صورت میں بھگتنا پڑا۔
جاپان کے ایک اسکول میں سوئمنگ پول کے انچارج ٹیچرنے جون میں سوئمنگ پول کا نل کھولا جو ستمبر تک مسلسل کھلا ہی رہا۔ ٹیچر کا خیال تھا کہ سوئمنگ پول میں مسلسل پانی کھلا رکھنے سے سوئمنگ پول کورونا وائرس سے محفوظ رہے گا۔
ٹیچر کو اپنے اس اندازے کی بھاری قیمت اس وقت ادا کرنا پڑی جب انہیں 27 ہزار ڈالر کا پانی کا بل موصول ہوا۔
کچھ ٹیچرز نے پانی کا نل بند کرنے کی کوشش کی لیکن انچارج نے نل بند نہیں کرنے دیا۔ نل کھلا رہنے سے 2 ماہ میں 4 ہزارٹن پانی ضائع ہوا جس سے سوئمنگ پول 11 مرتبہ بھرا جاسکتا تھا۔
مقامی تعلیمی بورڈ کے اہلکار کا کہنا تھا کہ عام طور پر کلورین اور فلٹر مشینیں سوئمنگ پول کے پانی کی کوالٹی کو برقرار رکھتی ہیں لیکن ٹیچر کو یہ غلط فہمی ہوگئی کہ سوئمنگ پول میں مسلسل پانی آتا رہے تو پول کورونا سے محفوظ رہے گا۔

ایپل نے میسنجر میں نازیبا تصاویر سینسر کرنے کا فیچر پیش کردیا

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ایپل نے اپنے مسینجر میں چند ممالک میں نازیبا تصاویر کو دھندلا کرنے کا آپشن پیش کردیا ہے جو ازخود تصاویر کو سینسر کرتا ہے اور بالخصوص بچوں کے میسنجر میں اس کا خیال رکھا گیا ہے۔
اب برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ آئی او ایس، آئی پیڈ او ایس اور میک او ایس پر یہ فیچر جلد پیش کیا جائے گا لیکن حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ آپشن کمپنی کے میسنجر کے لیے ہی قابلِ عمل ہے۔
تصاویر کی اسکیننگ اور اسے دھند لانے کا عمل وصول کنندہ کے ڈیوائس پر ہی ہوگا اور بھیجنے والے پر اس کا کوئی اثر نہ ہوگا جب کہ ایک صارف سے دوسرے تک کی انکرپشن کو اسی طرح یقینی بنایا گیا ہے۔ اس ضمن میں ایپل فیملی شیئرنگ کے تحت اس کے آپشن بھی روبہ عمل ہوچکے ہیں۔
یہ آپشن بطورِ خاص تصویر بھیجنے اور وصول کرنے کے لیے ہیں تاکہ بچوں کو نازیبا ویڈیو اور تصاویر سے بچایا جاسکے۔ نازیبا تصویر کی صورت میں کہا جاتا ہے کہ اگر کوئی چاہے تو گفتگو سےباہر آیا جاسکتا ہے اور اس شخص کو بلاک بھی کیا جاسکتا ہے۔
یہ آپشن پہلے امریکہ میں ریلیز کیا جاچکا ہے اور اگست میں اسے خودکار سینسر شپ کے طور پر پیش کیا گیا تھا۔ گزشتہ برس اگست میں ایپل نے ایک اور آپشن پیش کیا تھا جس کے تحت کسی تصویر کو آئی کلاؤڈ پر اپ لوڈ کرنے سے پہلے اس میں ایک الگورتھم یہ طے کرتا ہے کہ آیا یہ فوٹو کسی بچے کی نازیبا تصویر تو نہیں۔ لیکن بعض تکنیکی وجوہ پر اس پر تنقید کی گئی۔
اس کے علاوہ ایپل نے اسپاٹ لائٹ، سری اور سفاری میں بھی یہ آپشن پیش کئے ہیں جو سرچ میں نامناسب مواد آنے نہیں دیتے اور بالخصوص اس میں بھی بچوں کا خیال رکھا جاتا ہے۔

’’چلتی پھرتی ایم آر آئی مشین‘‘ سے فالج کی درست شناخت

ہارورڈ: (ویب ڈیسک) امریکا میں ایجاد کی گئی ایک چلتی پھرتی یعنی ’’پورٹیبل ایم آر آئی مشین‘‘ سے فالج کی شناخت 90 فیصد درستگی سے کی گئی ہے۔
’’سووُپ‘‘ (Swoop) نامی یہ مشین امریکی ہیلتھ ٹیکنالوجی کمپنی ’’ہائپرفائن‘‘ نے 2019 میں تیار کی تھی جسے ایف ڈی اے نے 2020 میں استعمال کےلیے منظور بھی کرلیا تھا۔
اس کی جسامت اسپتالوں میں عام استعمال ہونے والی ایم آر آئی مشینوں سے بہت کم ہے جبکہ ایک سے دوسری جگہ لے جانے کےلیے اس میں پہیے بھی نصب ہیں۔
پچھلے دو سال میں تبدیلی اور بہتری کے بعد ’’سووُپ‘‘ کی حساسیت میں مزید اضافہ کیا گیا ہے۔
حالیہ تحقیق میں ہائپرفائن نے ہارورڈ اور ییل یونیورسٹی کے تعاون سے اپنی پورٹیبل ایم آر آئی مشین کو فالج کے 50 مریضوں پر آزمایا۔
تجربات کے دوران اس ایم آر آئی مشین نے فالج کی سب سے عام قسم ’’اسکیمک اسٹروک‘‘ کو 90 فیصد درستگی سے شناخت کیا۔
بتاتے چلیں کہ فالج دو طرح کا ہوتا ہے: اگر دماغ تک خون پہنچانے والی رگوں میں خون کا لوتھڑا پھنس جائے اور دماغ کو خون کا بہاؤ متاثر ہونے لگے تو ایسی صورت میں لاحق ہونے والے فالج کو ’’اسکیمک اسٹروک‘‘ کہتے ہیں۔ اس کے بجائے، اگر دماغ کو خون پہنچانے والی کوئی رگ پھٹ جائے اور نتیجتاً دماغ کے اندر جریانِ خون ہونے لگے تو اس طرح ہونے والا فالج ’’ہیموریجک اسٹروک‘‘ کہلاتا ہے۔
علاج شروع کرنے سے پہلے یہ معلوم ہونا ضروری ہے کہ متاثرہ فرد کو اسکیمک اسٹروک ہوا ہے یا وہ ہیموریجک اسٹروک کا شکار ہوا ہے؛ کیونکہ فالج کی ان دونوں اقسام کا علاج مختلف طریقوں اور دواؤں سے کیا جاتا ہے۔
یعنی ہم کہہ سکتے ہیں کہ فالج کے صحیح علاج کا دار و مدار اس کی صحیح قسم شناخت ہونے پر بھی بہت زیادہ ہے۔
مذکورہ تحقیق میں سووُپ کے ذریعے دماغ میں خون کے 2 ملی میٹر جتنے چھوٹے لوتھڑوں کی شناخت بہت کامیابی سے کی گئی جس سے ظاہر ہوا کہ اس ایم آر آئی مشین کو ایمرجنسی وارڈ میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ان آزمائشوں کی تفصیل ’’سائنس ایڈوانسز‘‘ کے تازہ شمارے میں آن لائن شائع ہوئی ہے۔

بلوچستان کی ترقی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا، شہباز شریف

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کوئٹہ کے ایک روزہ دورے کے دوران کہا کہ بلوچستان کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور بلوچستان کی باصلاحیت افرادی قوت ملک کا قیمتی اثاثہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے اور آف دی گرڈ منصوبوں سے بلوچستان میں بجلی کی قلت کا مسئلہ حل کیا جائے گا اور جب تک بلوچستان ترقی میں باقی صوبوں تک نہیں پہنچ جاتا، چین سے نہیں بیٹھوں گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان کابینہ کا تعاون درکار ہے اور منصوبوں پر عمل تعاون سے یقینی ہو سکے گا۔ معدنی وسائل پر سب سے پہلا حق بلوچستان کی عوام کا ہے جبکہ بلوچستان کے طلبہ و طالبات کے لیے وظائف کا سلسلہ دوبارہ شروع کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بلوچستان کے پسماندہ علاقوں اور مجموعی ترقی کے لیے کام کرنا ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ قائم مقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی وزیراعلیٰ قدوس بزنجو نے وزیراعظم کا استقبال کیا
وزیراعظم شہباز شریف کو کوئٹہ جاتے ہوئے دوران پروازبلوچستان کی ترقی پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم آفس کے آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ سے تصویر جاری کر دی گئی۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت بلوچستان کی انتظامی صورتحال پر جائزے کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ بلوچستان میں اس وقت آبادی کا ایک بڑا حصہ خط غربت سے نیچے ہے اور بلوچستان میں روزگار کے مواقعے کم ہونا غربت کی وجہ ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں مقامی لوگوں کو روزگار کی فراہمی میں ترجیح دی جا رہی ہے۔
اجلاس میں شرکا کی طرف سے تجاویز بھی پیش کی گئیں اور اجلاس میں بلوچستان کے لیے ایک جامع پیکج کے اعلان کی تجویز دی گئی۔ کوسٹل ہائی وے کے اطراف سیاحت کا فروغ بھی تجویز میں شامل رہا۔
مقامی افرادی قوت کی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے اداروں کا قیام بھی تجاویز میں شامل تھا۔
وزیرِ اعظم کوئٹہ میں خضدار کچلاک قومی شاہراہ کے سیکشن ون اور سیکشن ٹو کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔ کراچی کوئٹہ چمن شاہراہ کے حصے خضدار کچلاک قومی شاہراہ کی تعمیرِ نو اور اسے دو رویہ کرنے سے بلوچستان کے اہم شہروں کے مابین آمدورفت میں آسانی ہوگی۔
وزیرِ اعظم بلوچستان کے انتظامی امور، امن و امان کی صورتحال بالخصوص رمضان خصوصی پیکیج پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے۔
وزیرِ اعظم بلوچستان میں اشیاء ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں سے زیادہ میں فروخت اور فراہمی کے فقدان کی شکایت پر اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
وزیرِ اعظم بلوچستان میں عوامی نمائندوں سے ملاقات بھی کریں گے۔وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور چیئرمین بلوچستان نیشنل پارٹی سردار اختر مینگل وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔