روسی ٹینس پلیئرز پر پابندی، نامور کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کا فیصلہ مسترد کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) نامور ٹینس کھلاڑیوں نے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے روسی کھلاڑیوں پر ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت پر پابندی کے فیصلے کو مسترد کر دیا۔
عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ نے ٹینس فیڈریشن کے فیصلے کو پاگل پن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست اور کھیل کو الگ رکھنا چاہیے، دوسری جانب اندرے روبلیو نے روسی کھلاڑیوں پر پابندی کو امتیازی سلوک قرار دے دیا جبکہ برطانوی سٹار کھلاڑی کیمرون نوری نے کہا کے اس فیصلے کی کوئی منطق نہیں ہے۔
واضح رہے کہ ومبلڈن ٹینس کا میلہ ستائیس جون سے دس جولائی تک جاری رہے گا۔

ڈالر مسلسل چھٹے روز مہنگا، انٹربینک ریٹ میں 73 پیسے اضافہ ہو گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 73 پیسے مزید مہنگا ہو گیا، پاکستانی روپے کے مقابلے امریکی کرنسی کی قدر میں اضافہ مسلسل 6 روز سے جاری ہے۔
کاروباری ہفتے کے پانچویں روز ڈالر 53 پیسے اضافے سے 187 روپے 50 پیسے پر فروخت ہوا، لین دین کے دوران 20 پیسے کا مزید اضافہ دیکھنے میں آیا اور ڈالر کا انٹر بینک میں ریٹ 187 روپے 70 پیسے پر پہنچ گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ چھ روز کے دوران ڈالر کی قیمت میں 5.95 روپے کا اضافہ ہوا ہے، 16 اپریل کو ڈالر 181.55 روپے پر بند ہوا تھا۔
گذشتہ روز ڈالر 1 روپے 5 پیسے مہنگا ہوا تھا جس کے بعد 186 روپے 97 پیسے کے ریٹ پر بند ہوا۔

مزاح کے بے تاج بادشاہ معین اختر کی آج گیارہویں برسی

لاہور: (ویب ڈیسک) مزاح کے بے تاج بادشاہ معین اختر کی آج گیارہویں برسی ہے، لیجنڈ معین اختر نے کامیڈی، اداکاری، کمپیئرنگ سمیت فنون لطیفہ کی ہر فیلڈ میں اپنا لوہا منوایا۔
کروڑوں چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے معین اختر کو دنیا سے رخصت ہوئے گیارہ برس بیت گئے۔ مزاح سے لے کر پیروڈی تک سٹیج سے ٹیلی ویژن تک معین اختر وہ نام ہے جس کے بغیر پاکستان ٹیلی ویژن اور اردو مزاح کی تاریخ ادھوری ہے۔
معین اختر 24 دسمبر 1950 کو کراچی میں پیدا ہوئے، انہوں نے 1966ء میں 16 سال کی عمر میں پاکستان ٹیلی ویژن سے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز کیا۔ ان کے مشہورٹی وی ڈراموں میں آنگن ٹیڑھا، انتظار فرمائیے، بندر روڈ سے کیماڑی، ہاف پلیٹ اور عید ٹرین نمایاں ہیں۔ ڈرامہ روزی میں ان کا کردار شاید کبھی نہ بھلایا جا سکے۔
اسٹوڈیو ڈھائی، اسٹوڈیو پونے تین میں ان کی جوڑی انور مقصود کےساتھ خوب چلی، فنکارانہ خدمات کے اعتراف میں معین اختر کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔
معین اختر 22 اپریل 2011 کو حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کرگئے ۔ پاکستان کی ثقافت کو ڈراموں اور شوز کے ذریعے جس طرح سے معین اختر نے متعارف کروایا، کوئی دوسرا شاید ہی یہ کام اس خوبی سے ادا کر سکے۔

‘کیا عمران خان اب امریکی انتظامیہ کو غلطی درست کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں ؟’

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) شیری رحمان نے کہا ہے کہ کیا عمران خان اب امریکی انتظامیہ کو غلطی درست کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں ؟ آہستہ آہستہ تحریک انصاف کا ‘صاف چلی شفاف چلی’ بیانیہ بھی بے نقاب ہو رہا ہے۔
نائب صدر پیپلز پارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک دن امریکی وفد نے عمران خان سے ملاقات کی، دوسرے دن سابق وزیر نے کہا کہ ایسٹبلشمنٹ سے خراب تعلقات کی وجہ سے حکومت سے باہر ہیں، ان دو واقعات نے جھوٹ پر مبنی بیرونی سازش کے بیانیہ کو دفن کر دیا ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ توشا خانہ کے بعد اب ہیلی کاپٹر اسکینڈل سامنا آیا ہے، کفایت شعاری کا نعرہ لگا کر قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا، بنی گالا سے ایوان وزیراعظم کے ہوائی سفر پر عمران خان نے 98 کروڑ روپے خرچ کئے، اقتدار کے نشے میں یہ لوگ کہتے تھے ہیلی کاپٹر کا خرچ 50 سے 55 روپے فی کلومیٹر ہے، دوسری طرف عمران خان کا یومیہ ہیلی کاپٹر کا خرچہ 8 لاکھ روپے سے زائد تھا۔
رہنما پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ کفایت شعاری کی تبلیغ کرنے والا شخص بنی گالا اور وزیراعظم ہائوس ہیلی کاپٹر پر آتا جاتا رہا، کنٹینر پر کھڑے ہو کر عمران خان مغربی ممالک کے رہنمائوں کی سائیکل پر آفس جانے کی مثالیں دیتے تھے،عمران خان کے ووٹر پونے تین سال انتظار کرتے رہے کہ ان کا لیڈر بھی سائیکل پر بنی گالا سے وزیراعظم ہاؤس جائے گا، عوام کے ٹیکس کے پیسوں ہیلی کاپٹر کے سفر میں اڑایا گیا۔

رکن سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھالیا۔ قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب گورنر ہاﺅس کراچی میں ہوئی، شرجیل انعام میمن کی بطور صوبائی وزیر حلف اٹھانے کی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزراء ناصر شاہ، سعید غنی، مکیش کمار چاﺅلہ، سردار شاہ اور معاونین خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت نے انجام دیئے۔

لاہور میں بوندا باندی اور ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں بوندا باندی اور ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ موسم کا حال بتانے والوں نے اسلام آباد، بالائی خیبرپختونخوامیں بھی بارش کی پیشگوئی کر دی۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بارش ہوئی۔ ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کی آج مری، گلیات، پشاور، سوات میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی ہے۔ گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش کی توقع ہے۔ سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم رہے گا۔

کابینہ میں توسیع: صدر مملکت نے تین وزرا اور ایک وزیرمملکت سے حلف لے لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی کابینہ میں چار نئے وزرا کی شمولیت ہوگئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نئے وفاقی وزراء سے حلف لیا۔
تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوئے۔ مسلم لیگ ن کے میاں جاوید لطیف، بی این پی مینگل کے آغا حسن بلوچ اور مسلم لیگ ق کے چودھری سالک حسین نے وفاقی وزیر جبکہ بی این پی کے ہاشم نوتیزئی نے وزیرمملکت کے عہدے کا حلف اٹھایا۔

‘2 بجے تک گورنر نے کوئی فیصلہ لے لیا تو ٹھیک ورنہ کورٹ اپنا حکم جاری کریگی’

لاہور: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ 2 بجے تک گورنر پنجاب صدر پاکستان کو وجوہات لکھ کر بھیج دیں تو ٹھیک ہے، 2 بجے تک گورنر نے کوئی فیصلہ لے لیا تو ٹھیک ورنہ کورٹ اپنا حکم جاری کرے گی۔
حمزہ شہباز سے حلف نہ لینے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ گورنر پنجاب کے ساتھ میٹنگ کی، دو، تین وجوہات عدالت کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں، گورنر کے ساتھ اسپیکر اسمبلی حلف لینے کا پابند ہوتا ہے، حمزہ شہباز کی درخواست میں اسپیکر کو فریق نہیں بنایا گیا، گورنر کوئی ربڑ اسٹیمپ نہیں۔
چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ گورنر پنجاب کی جانب سے حلف نہ لینے کا کوئی جواز ہے ؟ صدر نے کہا کہ میں وزیر اعظم سے حلف نہیں لے سکتا، بیمار ہوں۔ جس پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ گورنر پنجاب سمجھتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ کا انتخاب قانون اور آئین کے مطابق نہیں ہوا، ایک خاتون ایم پی اے تشدد کی وجہ سے زندگی اور موت کی کشمکش میں ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اس کا مطلب ہے سب کچھ روک دیا جائے۔
چیف جسٹس امیر بھٹی نے کہا کہ 21 دنوں سے پنجاب میں حکومت نہیں ہے، آپ کو اندازہ ہے صوبہ کیسے چل رہا ہے ؟ یہ الیکشن بھی جیسے ہوا سب کورٹ کے علم میں ہے، عدالت کے حکم پر چیف منسٹر کا الیکشن ہوا، جس طرح سے چیف منسٹر کے الیکشن میں تاخیری حربے استعمال کیے گئے سب پتہ ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا کہ اس کیس کو پیر تک ملتوی کیا جائے۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ کیوں مہلت دی جائے آپ کو ؟ آپ کے پاس تو اس کے علاؤہ کام ہی نہیں، گورنر پریس کانفرنس کر رہے ہیں تو کیا اس کیس کے لیے ٹائم نہیں ان کے پاس ؟۔

پنجاب اسمبلی میں پولیس کیسے آئی ؟ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے درمیان اختلافات بڑھ گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی کے ایوان میں پولیس کیسے آئی ؟ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے درمیان اختلافات بڑھ گئے۔ سیکرٹری اسمبلی اور ڈپٹی سپیکر نے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی کو خطوط لکھ دیئے۔
ایوان میں پولیس کے داخلے پر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے درمیان اختلافات بڑھ گئے۔ عدالت کے حکم پر عملدرآمد کرانے پر پرویز الٰہی چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب سے نالاں ہوگئے۔ پرویز الٰہی کے حکم پر معطل سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو خط لکھ دیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ 16 اپریل کو پنجاب اسمبلی میں تعینات افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ معطل سیکرٹری پنجاب اسمبلی کی جانب سے لکھا گیا خط منظر عام پر آگیا۔ ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے خط کو کالعدم،غیر قانونی قرار دے دیا۔
ڈپٹی اسپیکر کے مطابق محمد خان بھٹی کو 16 اپریل کو معطل کیا گیا تھا اور ان کے خلاف انکوائری کی جا ری ہے۔ سابق سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی کے پاس وضاحت مانگنے کا کوئی قانونی احتیار نہیں ہے۔

غیر معمولی اقدام:اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ کا آغاز

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کی عدالتی تاریخ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کا غیر معمولی اقدام۔ عدالتی کارروائی کی لائیو اسٹریمنگ کا آغاز ہوگیا۔
ہائی کورٹ کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ نے چیف جسٹس کی کورٹ میں سسٹم نصب کر دیا۔ ٹرائل کے طور پر عدالتی کارروائی کو محدود پیمانے پر براہ راست دکھایا گیا۔ ٹرائل کی کامیابی کے بعد ویب سائٹ پر کوئی بھی لائیو عدالتی کارروائی دیکھ سکے گا۔