‘شاہ رخ جتوئی کے معاملے پر جو بھی ذمہ دار ہوگا اس کےخلاف کارروائی ہوگی’

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت پر تنقید سے خوشی ہوتی ہے، شاہ رخ جتوئی کے معاملے پر یہ نہیں کہیں گے پچھلے راستے سے نکل گیا، شاہ رخ جتوئی کے معاملے پر جو بھی ذمہ دار ہوگا اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مری پر ہر انسان کا دل دہل گیا، حکومت کہہ رہی ہے لوگ وہاں کیوں گئے، ایسے بے حس حکمران پہلے کبھی نہیں دیکھے، حکومت کہہ رہی ہے لوگ خود ذمہ دار ہیں کہ وہ مری کیوں گئے اور گاڑی میں کیوں بیٹھے، پہلے حکومت خود ہی تعریفیں کر رہی تھی کہ اتنے لوگ مری پہنچ گئے، یہ پاکستان میں مہنگائی نہ ہونے کا بیان دیکر غریبوں کا دل دُکھاتے ہیں۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وزراء کام کریں نہ کریں، ٹویٹ ضرور کرتے ہیں، انہیں صرف ٹویٹ کا شوق ہے، اگر تمام مسائل سندھ حکومت پیدا کر رہی ہے تو ہٹ جائیں ہمیں ملک چلانے دیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میچجز کو ویلکم کرتے ہیں، اومی کرون کا ویرینٹ تیزی سے پھیل رہا ہے، عوام ماسک پہنیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

لاہور کی سب سے بڑی سبزی اور فروٹ منڈی میں کاروبار مکمل طورپر بحال نہ ہو سکا

بارشیں ختم ہونے کے کئی روز بعد بھی لاہور کی سب سے بڑی سبزی اور فروٹ منڈی میں کاروبار مکمل طورپر بحال نہ ہوسکا، منڈی میں کاروبار کی مندی کے باعث پرچون میں سبزیوں اور پھلوں کے دام بڑھ گئے۔ بادامی باغ میں واقع لاہور کی سب سے بڑی فروٹ اور سبزی منڈی تقریبا 200 کنال پر محیط ہے۔ 1969 میں تعمیر ہونے والی اِس منڈی میں اوسطا ہر روز پھلوں اور سبزیوں سے لدے ہوئے لگ بھگ 200 کے قریب ٹرک اور ٹرالیاں آتی ہیں۔ اِس اہم ترین منڈی کی صورت حال یہ ہے کہ جیسے ہی چند بوندیں برس جائیں تو یہاں ہرطرف کیچڑ اور گندگی کے ڈھیر دکھائی دینے لگتے ہیں۔ بارشوں کا حالیہ سلسلہ ختم ہونے کے کئی روز بعد بھی یہاں انتہائی نا گفتہ بہ صورت حال دکھائی دے رہی ہے۔ کاروباری افراد کے لیے اپنا کاروبار کرنا بدستور مشکل دکھائی دے رہا ہے لیکن انتظامی طور پر اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ منڈی کی اِس صورت حال کے اثرات پرچون میں سبزیوں اور پھلوں کے نرخوں میں اضافے کی صورت میں سامنے آئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست ناقابل سماعت قرار

اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دینے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔ عدالت نے لکی مروت کے رہائشی کی درخواست سماعت کے بعد خارج کر دی۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ عمران خان نے سینیٹ الیکشن کے دوران بیان دیا 16 ایم این ایز بکے ہیں۔ جس پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ اپنے حلقہ کے ایم این اے سے کہیں وہ اس سے متعلق پٹیشن دائر کریں۔

شاہ رخ خان کی رہائش گاہ ‘منت’ کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دینے والا شخص گرفتار

بالی وڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان کی رہائش گاہ منت کو بم سے اُڑانے کی دھمکی دینے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی رہائش گاہ منت ممبئی کے علاقے باندرہ میں سمندرکنارے واقع ہے، جہاں اکثر ان کے مداح اپنے اسٹار کو دیکھنے کیلئے جمع ہوتے ہیں لیکن حال ہی میں ان کی رہائش گاہ خطرے میں آ گئی تھی۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے، مہاراشٹرا پولیس کو ایک نامعلوم شخص کی طرف سے فون کال موصول ہوئی جس میں کنگ خان کی رہائش گاہ سمیت ممبئی کے مشہور مقامات پر متعدد بم دھماکے کرنے کا دعویٰ کیا گیا جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کی۔
بھارتی میڈیا کی تازہ ترین رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شاہ رخ خان کی رہائش گاہ منت سمیت ممبئی کے مشہور مقامات کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے والے نامعلوم شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق فون کال کرنے والے کی شناخت جیتیش ٹھاکر کے نام سے ہوئی ہے جو مدھیہ پردیش کے ضلع جبل پورکا رہائشی ہے۔
اس کے علاوہ پولیس نے مزید بتایا کہ جب ہم نے اس شخص گرفتار کیا تو ہمیں معلوم ہوا کہ یہ ماضی میں بھی سی ایم ہیلپ لائن اور ڈائل 100 پر نشے میں جعلی فون کالز کرتا تھا۔
رپورٹس کے مطابق جبل پور پولیس نے جیتیش ٹھاکر کے بارے میں بتایا کہ فون کالز پر بم سے اُڑانے کی دھمکی کے پیچھے اس شخص کا کوئی مقصد نہیں، اصل میں اس کی شادی شدہ زندگی خوشگوار نہیں اس لیے وہ اکثر نشے کی حالت میں یہ کالز کرتا ہے۔

پی ٹی آئی ایم این اے عامر لیاقت حسین اپنی ہی حکومت پر برس پڑے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین اپنی ہی حکومت پر برس پڑے۔
سانحہ مری پر اپنے ٹوئٹ میں عامر لیاقت نے لکھا کہ ویڈیو میکنگ ایکسپرٹ وزیراعلیٰ جناب عثمان بزدار مری کو ضلع بنانے کے بجائے اس کا نام ہی اگر بدل دیتے تو آنے والے دنوں میں مرنے والوں کے لیے یہ نہ کہا جاتا کہ مری میں مرے۔
عامر لیاقت نے لکھا کہ سانحہ مری پر اپنے ایک اہم ساتھی رکن کی تقریر سن کر دکھی ہو گیا، اجلاس میں بیٹھنے کا دل نہیں چاہ رہا، نہ جانے اپنی غلطیاں مان لینے میں کیا حرج ہے؟
انہوں نے مزید لکھا کہ مری میں صرف افواج پاکستان نے ریسکیو آپریشن میں اپنا عظیم روایتی کردار ادا کیا، باقی سب شہبازوبوزدار!! شہباز شریف بولیں مگر ماڈل ٹاؤن نہ بھولیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے شاہ رخ جتوئی کے معاملے پر بھی سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔
اپنے ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ سندھ میں چور اور نامراد حکومت نے قمر الاسلام اسپتال میں ۸ ماہ تک شاہ رخ جتوئی المعروف قاتلِ شاہ زیب کو علاج کی غرض سے یا تو چپ چاپ بھیجا یا پھر چپکے سے آنکھیں بند کرلیں، مگر ثابت ہوگیا جیسے حکمران ویسی انتظامیہ۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے نئے بیٹے مرتضیٰ وہاب کم از کم اپنی والدہ کا چہرہ بنیں اور مذمت کریں

سانحہ مری، قومی اسمبلی اجلاس میں فواد چودھری کی شہباز شریف پر تنقید

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے قومی اسمبلی میں خطاب کے بعد قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بنا پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کی قومی اسمبلی میں تقریر کے بعد خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ خیال تھا سانحہ مری پریکجہتی کا ماحول پیدا کریں گے، بدقسمتی سے ایسے لیڈرجعلی طریقے سے پیدا ہوتے ہیں، 30، 30 سال حکومتیں کر کے یہ لوگ پھر بھی لیڈرنہیں بن سکے، بونے ہیں، ان کے قد نہیں بڑھ ہوسکتے، کوئی حیثیت نہیں، قومی اسمبلی میں فواد چودھری نے شور کرنے والے اپوزیشن اراکین کو ’’چمچے، کھڑچھے قرار دیتے ہوئے کہا کہ شریف فیملی اپنے محلات نہ بناتی تو آج ہمیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتے، شہباز شریف نے حادثے پر شعبدہ بازی کی لیکن کہنے کو کچھ نہیں تھا۔ سانحہ مری پرہرآنکھ اشکبارہے، یہ چھوٹے دل کے لوگ ایوان میں آگئے ہیں، ہمارے ورکرزریسکیوکام کر رہے تھے، وہاں (ن) لیگ کا ایک ایم این اے مری نہیں گیا، ایک لاکھ 64 ہزارگاڑیاں مری میں داخل ہوئیں، 24 گھنٹے کے اندر ریسکیو کام کو مکمل کیا گیا۔ شہبازشریف کی طرف سے سانحہ مری پر طنز کے جواب پر فواد چودھری نے لیگی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لاش پر لاش گری، نیند نہ ٹوٹی تیری، حاکم وقت تیری دیدہ دلیری کوسلام! انہوں نے کہا کہ آج عدالت سے چھٹی لیکر ایوان آئے تھے، مجھے خیال تھا آج وہ لیڈرکی طرح خطاب کریں گے لیکن شہباز شریف نے ثابت کیا وہ شعبدہ بازہیں۔ اپوزیشن لیڈرکویاد کرانا چاہتا ہوں جب یہ وزیراعلیٰ تھے تو سو بچے آکسیجن نہ ملنے پر جان سے گئے، ان کے دور میں آگ لگنا معمول کی بات ہے، ماڈل ٹاؤن میں فائرنگ ہو رہی تھی، بادشاہ سلامت نے فرمایا ٹی وی پر دیکھا فائرنگ ہو رہی ہے، روک دو، ان کی تمام ترقی اپنے گھروں کے اردگرد ہوئی۔

وفاقی وزیر شیریں مزاری کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما اور وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ڈاکٹر کی ہدایت پر خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ خیال رہے کہ کچھ روز قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا دوسری مرتبہ جبکہ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ ٹوئٹر پر ایک پوسٹ میں صدر نے کہا تھا کہ میں نے کورونا کی جانچ کے لئے ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا ہے، انہوں نے بتایا کہ 4سے 5دن سے گلے میں خراش تھی، دو راتیں پہلے چند گھنٹے تک ہلکا سا بخار محسوس ہوا۔ کوئی دوسری علامات نہیں ہیں۔

سانحہ مری پر سیاست کی مذمت کرتے ہیں: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سانحہ مری کو بھولنے نہیں دیں گے، حکومت، وزرا کی طرف سے سیاست کرنے پر مذمت کرتے ہیں، پوری اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ سانحہ مری پرجوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔ قومی اسمبلی میں سانحہ مری پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ ایک وزیرنے سوشل میڈیا پرکہا لاکھوں لوگ مری پہنچے ہیں، ایک وزیرسوشل میڈیا پرجشن منارہا تھا، اسی وزیرنے پھرکہنا شروع کردیا سیاحوں کونہیں آنا چاہیے تھا، ایسی منافقت پاکستان کی تاریخ میں نہیں دیکھی۔ وزرا کے ایسے بیانات کوئی نئی بات نہیں ہے، جب بھی کوئی حادثہ ہوتا ہے تویہ وکٹیم پربلیم کرتے ہیں، وزیراعظم نے ہزارہ واقعے پرکہا تھا کہ لاشوں سے بلیک نہیں ہوں گے انہوں نے کہا کہ مری میں جاں بحق ہونے والے 23 افراد کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار افسوس کرتے ہیں، افسوس مری میں جو مدد کرنا چاہیے تھی نہیں کر سکے، جب وزیراعظم کے خاندان کا ایک فرد چترال میں پھنسا ہوا تھا تو ہر قدم اٹھایا گیا، مری وزیراعظم کے گھرسے دوگھنٹے دورتھا، کوئی تو نوٹس لیتا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سانحہ مری پر حکومت، وزرا کی طرف سے سیاست کرنے پر مذمت کرتے ہیں، یہ سیاست کرنے سے پہلے اپنی ذمہ داریوں کوسمجھیں۔ مری حادثے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب میٹنگ میں مصروف تھے، جب انتظامیہ، افواج نے مری کو کلیئرکیا تو وزیراعلیٰ نے فضائی دورہ کیا، اگر ہمارا وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب عوام کا حقیقی نمائندہ ہوتے تو فوراً مری پہنچتے۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان تو مہنگا پاکستان بن گیا ہے، ایک چیز جو سستی ہوئی ملک کے عوام کا خون سستا ہوچکا ہے، سانحہ مری میں 23 لوگ شہید ہو چکے ہیں، سانحہ مری کو بھولنے نہیں دیں گے، سپیکرسے اپیل کرتے ہیں سانحہ مری پرجوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ پی پی چیئر مین کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ٹویٹ میں لکھا کہ سیاحوں کو موسم کا پتا کرنا چاہیے تھا، اپوزیشن کا مطالبہ ہے کہ سانحہ مری پرجوڈیشل انکوائری کرائی جائے، سانحہ مری،ذمہ داران کے خلاف ایکشن لیا جائے، موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہمیں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے بہترانتظامات کرنا ہوں گے۔

نجی سیکٹر کا 1 ہزار ارب کا منافع مضبوط معاشی نمو کی عکاس ہے: وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نجی سیکٹر میں 1 ہزار ارب سے زائد کا منافع مضبوط معاشی نمو کی عکاسی کرتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے لکھا کہ 2021 میں نجی سیکٹر نے 1ہزار 138 ارب روپے کا منافع کمایا اور گزشتہ سال میں پرائیویٹ سیکٹر کا منافع 10 سالوں سے سب سے زیادہ تھا ۔
وزیراعظم نے مزید لکھا کہ یہ ملک میں سرمایہ کاری اور مضبوط معاشی نمو اور پرائیویٹ سیکٹر کے حکومت پر اعتماد کی عکاسی کرتا ہے ۔

عذیربلوچ کیخلاف 6 مقدمات کی سماعت، گواہ پیش نہ کرنے پر عدالت برہم

لیاری گینگ وارکےسرغنہ عذیربلوچ کےخلاف 6 مقدمات کی سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے گواہ پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
کراچی میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جیل کمپلیکس کی عدالت میں لیاری گینگ وارکےسرغنہ عذیربلوچ کےخلاف 6 مقدمات کی سماعت ہوئی۔
عدالت نے سماعت کے دوران استغاثہ کو آئندہ سماعت پر گواہوں کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی، عدالت نے تمام مقدمات کی سماعت 24 جنوری تک ملتوی کردی۔
پولیس کے مطابق عذیر بلوچ پر تمام مقدمات میں پولیس مقابلے کا الزام ہے، مقدمات لیاری کے مختلف تھانوں میں درج ہیں ، جبکہ عذیر بلوچ کے وکیل کا کہنا تھا کہ مقدمات میں دیگر ملزمان پہلے ہی بری ہوچکے ہیں۔۔
استغاثہ کی جانب سے گواہ پیش نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔