’’مریم نواز میں تھوڑی سی شرم بھی ہوتی تو آج آڈیو لیک پر معافی مانگتیں‘‘

وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ مریم نواز میں تھوڑی سی شرم بھی ہوتی تو آج آڈیو لیک پر معافی مانگتیں۔

وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے شفاف فنڈنگ کا نظام دیا ہے، 40ہزار سے زائد ڈونرز تحریک انصاف فنڈنگ سسٹم کا حصہ ہیں۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف نے شفاف انداز میں فنڈنگ کا ریکارڈ پیش کیا، آج خاندان شریفیہ اور زرداریہ کے سپوتوں نے پریس کانفرنسز کیں، دونوں پارٹیوں کو اپنے نام بدل کر شریفیہ پارٹی زرداریہ پارٹی رکھ لینا چاہیے

انہوں نے کہا کہ دونو ں پارٹیاں بچوں کے ذریعے پریس کانفرنسز کرارہی ہیں، یہ عمر میں نہیں سیاسی شعور میں بچے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف جس طرح سرخرو ہوئی وہ تاریخ کا حصہ ہے، انتظار ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی فنڈنگ کا ریکارڈ بھی سامنے لایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف 17 مہینے گزر جانے کےباوجود لندن میں اپنا علاج مکمل نہیں کرواسکے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ مریم نواز نے آج پریس کانفرنس میں اپنی آڈیو لیک کو اصلی تسلیم کرلیا ہے، مریم نواز میں تھوڑی سی شرم بھی ہوتی تو وہ آج معافی مانگتیں جب کہ صحافتی تنظیموں کا مریم نواز اور پرویز رشید سے معافی مانگنے کا مطالبہ بالکل درست ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق میں تبدیلی لانے کیلئے ن لیگ اور پی پی پی سے رابطہ کر رہےہیں، خیبرپختونخوا کی طرح پنجاب میں بھی شفاف بلدیاتی انتخابات کروا رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس وقت تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں، انسداد مہنگائی کیلئے جامع حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے، آئندہ چند ماہ میں مہنگائی کی کمر ٹو ٹ جائے گی اور معاشی استحکام آئے گا۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت سیاسی اور معاشی طور پر مستحکم ہے، اصلاحات پر اپوزیشن کے ساتھ ہروقت کھلے دل کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا میں 24 گھنٹے اداروں پر بحث کرنا غیر صحت مندرجحان ہے، پاکستان کا مستقبل پاکستان کے آئین کے ساتھ وابستہ ہے۔

اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے نجی آڈیو ٹیپ لیک کرنے پر معافی کا مطالبہ کردیا۔

ماڈل ٹاون میں پریس کانفرنس کے دوران مریم نواز نے کہا کہ میری نجی فون کال کیوں ریکارڈ کی گئی، کس کو حق تھا کہ میرے فون کو ٹیپ کرے، کیوں اسے آن ائیر کیا گیا؟

مریم نواز نے کہا کہ پرویز رشید یا کوئی بھی ذاتی گفتگو میں کیا بات کرتے ہیں اس کا جواب نہیں دینا، خاتون کی ریکارڈنگ کیوں دی پہلے اس سے معذرت کی جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میری ٹیپ سے ذاتی گفتگو سے کسی کے خلاف سازش ثابت نہیں ہوتی۔

مریم نواز نے پریس کانفرنس کے دوران مزید  کہا کہ قدرت نے جو انصاف کر دیا وہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا، انصاف والے ادارے کب دھبے دھوئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف لندن اس لئے گئے کہ ان کی جان کو خطرہ تھا، وہ ڈیل کے تحت باہر نہیں گئے۔ ڈیل کی ضرورت ان کو ہوتی ہے جن کی جڑیں عوام میں نہیں ہوتیں۔

مریم نواز نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن دیکھ لیں سب ن لیگ کے حق میں ہیں، لوگ نواز شریف کو یاد کر رہے ہیں، ہم صاف و شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔

مریم نواز کی پریس کانفرنس کے جواب میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ مریم صفدر، ارشد ملک کی ویڈیوز بنوائے، ثاقب نثار کی جعلی آڈیو بنائے تو وہ جائز کام ہے۔ جہاں صحافیوں کو گالیاں اور میڈیا کے اشتہارات کی ریکارڈنگ سامنے آجائے تو معافی مانگنے کا کہتی ہے۔ یہ دہرا معیار اور منافقت ہے۔

 فرخ حبیب نے لکھا کہ 27 کروڑ روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز (ن) لیگ کے HBL کے بینک اکاؤنٹس میں سکروٹنی کے دوران سامنے آئی ہیں جس میں بھون داس کے نام پر 3 کروڑ روپے کی انٹری ڈالی گئی ہے اور حنیف خان 4.5 کروڑ انکے اکاؤنٹ میں جمع کرواتے ہیں۔ بعد میں نواز شریف 4.5 کروڑ اپنے ذاتی بینک اکاؤنٹ میں جمع کروا لیتے ہیں۔

شہباز گل نے بھی ٹوئٹ میں لکھا کہ باجی سے سوال، آپ نے میڈیا کے سنئیر لوگوں کو کُتّا کہا۔ کیا جواب دیں گی؟

انہوں نے لکھا، ‘باجی کا زناٹے دار جواب، میرا پرائیویٹ فون ٹیپ کرنے پر معذرت کی جائے۔ ٹوکری میں بیٹھے دوست اب ان سے آپ لوگ جب ججوں کی اور مخالفین کی ننگی فلمیں ریکارڈ کرتے ہیں تو اس پر کون معافی مانگے گا؟ باجی کی منافقت۔

روس اور چین مل کر چاند پر اسٹیشن تعمیر کریں گے

ماسکو / بیجنگ: چین کے خلائی تحقیقی ادارے (سی این ایس اے) نے روس کے تعاون سے چاند پر ایک مشترکہ خلائی اڈہ تعمیر کرنے کا منصوبہ بنا لیا ہے۔

یہ خلائی اڈہ جسے ’انٹرنیشنل لیونر ریسرچ اسٹیشن‘ (ILRS) بھی کہا جاتا ہے، چاند پر انسانی تاریخ کا پیچیدہ اور جدید ترین منصوبہ بھی ہوگا جسے 2027 تک چاند کے جنوبی قطب کے نزدیک تعمیر کیا جائے گا۔

بتاتے چلیں کہ اکیسویں صدی میں نئی خلائی دوڑ شروع ہونے کے بعد سے روس اور چین میں تعاون و اشتراک مسلسل بڑھ رہا ہے۔

چین پہلے ہی اعلان کرچکا ہے کہ وہ 2030 تک اپنے اوّلین خلانورد چاند پر اتار دے گا۔

خلائی اڈے کا منصوبہ اس سے الگ ہے کیونکہ یہ سارا کام خودکار روبوٹس کے ذریعے، تھری ڈی پرنٹنگ کی مدد سے لیا جائے گا۔

روس اور چین میں معاہدے کے تحت یہ دونوں ممالک طاقتور راکٹوں کے علاوہ ایسی تعمیرات پر بھی کام کریں گے جو سورج سے آنے والی خطرناک شعاعوں کا بہ آسانی سامنا کرنے کے قابل ہوں۔

اس حوالے سے چین کی خلائی پروازوں کا آغاز 2024 سے متوقع ہے جن کے ذریعے روبوٹ، روورز (پہیوں والی گاڑیاں) اور تھری ڈی پرنٹرز جیسے آلات چاند پر پہنچائے جائیں گے جو وہاں موجود مٹی اور پتھر استعمال کرتے ہوئے، اڈے کی تعمیر شروع کردیں گے۔

قبل ازیں اس منصوبے کو 2035 تک مکمل ہونا تھا لیکن چین اور روس میں اشتراک سے اب اس کے بہت جلد پایہ تکمیل کو پہنچنے کی امید بڑھ گئی ہے۔

امریکی حلقوں میں روس اور چین کا یہ بڑھتا ہوا تعاون تشویش کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے کیونکہ یہ چاند پر پہلا بڑا عالمی منصوبہ ہوگا جس میں امریکا کی کوئی شراکت نہیں۔ اس سے خلائی تحقیق کے میدان میں امریکا کی مسلمہ اہمیت متاثرہ ہونے کا خدشہ ہے۔

یہی نہیں بلکہ چاند پر اڈّے تعمیر کرنے کےلیے موجودہ ٹیکنالوجیز کو بھی خاصی ترقی دینا ہوگی جو آنے والے برسوں میں امریکی سالمیت کےلیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔

حکومت کا سی این جی سیکٹرکو اپنی گیس خود درآمدکرنےکی اجازت دینےکا فیصلہ

وفاقی وزیر توانائی حماداظہر نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کو بتایا ہےکہ سی این جی سیکٹرکو اپنی گیس منگوانے کی اجازت دینے جارہے ہیں۔

حماداظہر نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں بتایا کہ سی این جی سیکٹرکو اپنی گیس درآمدکرنےکی اجازت دینےکی سمری کابینہ کی توانائی کمیٹی میں لے جا رہے ہیں۔

ایم ڈی سوئی ناردرن نے کمیٹی کو بتایا کہ ہمارے گیس نقصانات میں کمی آرہی ہے۔

ایم ڈی سوئی سدرن کا کہنا تھا کہ کراچی میں غیر قانونی عمارتوں میں گیس کنکشن کے مسائل ہیں۔ حماد اظہر نے بتایا کہ کراچی میں ساڑھے7 لاکھ غیر قانونی گیس کنکشن ہیں۔

چیئرمین اوگرا نےکہا کہ غیر قانونی کنکشن سال میں 10ارب مکعب فٹ گیس استعمال کرتے ہیں، ہم یہ معاملہ وزیراعلیٰ سندھ کے نوٹس میں بھی لاچکے ہیں۔

شمالی کوریا کا ہائپر سونک میزائل کے کامیاب تجربے کا دعویٰ

شمالی کوریا نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس نے گزشتہ روز جس میزائل کا کامیاب تجربہ کیا وہ ہائپر سونک تھا۔

شمالی کوریا کا اب تک کیے جانے والے ہائپر سونک میزائل کا یہ دوسرا تجربہ تھا۔ ستمبر 2021ء میں بھی شمالی کوریا نے ہائپر سونک میزائل کے کامیاب تجربے کا دعویٰ کیا تھا۔

شمالی کوریا کی سرکاری خبر ایجنسی کے سی این اے نے بتایا ہے کہ میزائل میں ایک ہائپر سونک وار ہیڈ بھی نصب تھا جس نے 700 کلومیٹر دور اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

بدھ کے روز کیے جانے والے اِس تجربے سے ایکٹیو فلائٹ اسٹیج میں میزائل کے فلائٹ کنٹرول، استحکام اور ہائپر سونک وار ہیڈ لے جانے والی نئی تکنیک کی کارکردگی کی دوبارہ تصدیق ہوئی ہے۔

فی الحال شمالی کوریا کے ہائپر سونک میزائل کے کامیاب تجربے کے دعوے کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے تاہم شمالی کوریا کے بدھ کے روز بحیرہ جاپان میں کیے گئے میزائل تجربے کی خطے کے کئی ملکوں نے نشاندہی کی۔ امریکا، جنوبی کوریا اور جاپان نے اس تجربے پر تنقید بھی کی۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کے لیے تمام طرح کے بیلسٹک میزائل اور جوہری تجربات کو ممنوع قرار دے رکھا ہے اور اس کے جوہری پروگرام پر بھی پابندیاں عائد ہیں۔

ہائپر سونک میزائل آواز کی رفتار کے مقابلے میں پانچ گنا زیادہ تیز رفتار اور دیگر ہتھیاروں سے کہیں زیادہ بہتر ہیں۔ انتہائی تیز ترین ہائپر سونک ہتھیاروں نے دنیا کو درپیش خطرات میں کافی اضافہ کر دیا ہے۔

بیلسٹک میزائلوں کے برعکس جو اپنے اہداف کو نشانہ بنانے سے قبل خلا میں داخل ہوتے ہیں، ہائپر سونک میزائل کم اونچائی پر سفر کرسکتے ہیں اور اپنے راستے بھی تبدیل کرسکتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں روکنا بہت زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔

امریکا نے شمالی کوریا کے ہائپر سونک میزائل تجربے کی مذمت کی اور ساتھ ہی مذاکرات بحال کرنے کی اپیل بھی کی۔

امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان مذاکرات 2019ء سے تعطل کا شکار ہیں جب کم جونگ اُن اور اس وقت کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان بات چیت ناکام ہوگئی تھی۔

موجودہ صدر جو بائیڈن نے شمالی کوریا کے صدر سے ملاقات کرنے کی خواہش کا بارہا اظہار کیا ہے مگر شمالی کوریا مذاکرات سے اب تک انکار کرتا رہا ہے۔

شمالی کوریا کے اِن ہائپر سونک ہتھیاروں کے تجربات کا مقصد جنوبی کوریا اور امریکا کے میزائل ڈیفنس سسٹم کا مقابلہ کرنا ہے کیونکہ امریکا اس وقت اپنے میزائل دفاعی نظام کو بہتر بنانے کے لیے اربوں ڈالر خرچ کر رہا ہے۔

صدر مملکت عارف علوی پھر کورونا میں مبتلا ہوگئے

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری پیغام میں صدر عارف علوی نے عالمی وبا کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔

انہوں نے کہا ہےکہ میرا کورونا ٹیسٹ دوبارہ مثبت آیاہے، 4،5 دن سے گلا خراب تھا مگر بہتر ہورہا تھا، دو رات قبل چند گھنٹے کیلئے معمولی سا بخار ہوا،اس کے علاوہ کورونا کی کوئی اور علامت نہیں۔

قومی کرکٹر عابد علی روبہ صحت، گھر جانے کی اجازت

 کراچی: قومی کرکٹر عابد علی کو رپورٹس کلیئر آنے کے بعد ڈاکٹرز نے گھر جانے کی اجازت دے دی۔

 عابد علی کی میڈیکل رپورٹس کو دیکھنے کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں فضائی سفر کی اجازت دی جس کے بعد وہ ایک دو روز میں بذریعہ فلائٹ کراچی سے لاہور روانہ ہوں گے۔

ڈاکٹرز نے عابد علی کو تین ہفتے مزید ری ہیب جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے، جس کے بعد اوپنر ایک بار پھر سے کرکٹ سرگرمیوں میں  بھی شرکت کے اہل ہوسکتے ہیں۔

ڈاکٹرز کی نگرانی میں عابد علی نے کراچی میں تقریباً دو ہفتے ری ہیپ کیا، اس دوران اُن کو صحت کے حوالے سے کوئی مسائل درپیش نہیں آئے، جس کے بعد وہ اب لاہور پہنچ کر اس سلسلے کو جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی میں قائد اعظم ٹرافی کے میچ کے دوران عابد علی کو دل میں تکلیف کے باعث اسپتال لے جایا گیا تھا، جہاں اُن کے دل کی دو رگیں بند ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔ ڈاکٹرز نے فوری طور پر آپریشن کر کے عابد علی کے دو اسٹنٹ ڈالے تھے۔

افغانستان میں امن واستحکام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے:آرمی چیف

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترکش ڈپٹی چیف آف جنرل اسٹاف نے ملاقات کی جس میں علاقائی سیکیورٹی،باہمی دلچسپی اورپیشہ ورانہ امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دفاعی اورسیکیورٹی تعاون کو بڑھانے پر خصوصی بات چیت کی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان برادرملک ترکی کیساتھ تعلقات کوخصوصی اہمیت دیتاہے ، افغانستان میں امن واستحکام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ، عالمی توجہ سےافغانستان میں کسی انسانی بحران سے بچا جا سکتا ہے۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دونوں جانب سے فوجی تعاون کومزید فروغ دینے پراتفاق رائے ہوا ، ترک جنرل نے مسلح افواج کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانےکےعزم کااعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ترک جنرل نےافغانستان کی صورتحال میں پاکستان کےکردارکی تعریف کی۔

ڈیمنشیا روکنے والے اسپرے کی انسانی آزمائش جلد متوقع

اوساکا: ڈیمنشیا اور الزائیمر کے عارضے اس وقت عالمی بحران بن چکے ہیں۔ اس ضمن میں ناک کی پھوار (نوزل اسپرے) کئی مراحل سے گزرتے ہوئے بہت جلد انسانوں پرآزمائی جائے گی۔

اوساکا یونیورسٹی کے سائنسدانوں نے ایک اینٹی بایوٹک اور اینٹی آکسیڈنٹ پر مشتمل مائع بنایا ہے۔ پہلے تجربہ گاہ میں اس کی افادیت سامنے آئی، پھر چوہوں پر آزمائش ہوئی۔ اب بہت جلد اس کی آزمائش کی جائے گی۔ لیکن اس کا تحقیقی سفر بہت طویل ہے۔

2016ء میں رائفم پائسن نامی مشہور اینٹی بایوٹک دوا کے متعلق معلوم ہوا کہ یہ دماغی و عصبی زوال کی وجہ بننے والے زہریلے پروٹین کو روک سکتی ہے۔ تجربات کی رو سے ڈیمنشیا کے شروع میں اس کا استعمال بہت مفید ہوتا ہے اور نیوروڈی جنریشن کو روک سکتا ہے لیکن کھانے کے صورت میں جگر متاثر ہونے کا خطرہ تھا۔

پھر دوبرس بعد اینٹی بایوٹکس کو براہِ راست دماغ پر ڈال کر دیکھا گیا تو جگر متاثر نہیں ہوا۔ اس سے ماہرین کا حوصلہ بڑھا اور اس میں ایک قدرتی اینٹی آکسیڈنٹ ریزوریٹرل شامل کیا گیا جو گہری چاکلیٹ میں پایا جاتا ہے۔ تو ثابت ہوا کہ رائفم پائسن اور ریزوریٹرل دونوں کو ایک ساتھ استعمال کیا جاسکتا ہےاور ڈیمنشیا کو سست کیا جاسکتا ہے۔

چوہوں پر آزمائش سے معلوم ہوا کہ ان کے دماغ میں ڈیمنشیا کو بڑھانے والے زہریلے پروٹین کو روکا جاسکتا ہے۔ یہی پروٹین جمع ہوکر الزائیمر کو بھی بڑھاتا ہے۔ اس لیے ماہرین نے دو ادویہ کو ملا کر اسپرے کی شکل دی ہے۔ ناک میں ٹپکانے سے یہ براہِ راست دماغ تک پہنچتا ہے اور مضر پروٹین کو روکتا ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق اس کی 0.081 ملی گرام فی کلوگرام فی روزانہ کی مقدار بہت ہوگی جس کے کے سائیڈ افیکٹس نہ ہونے کے برابر ہوں گے۔ اب بہت جلد امریکا اور جاپان میں اسپرے کو انسانوں پر آزمایا جائے گا۔

پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کا پولٹری مصنوعات پر ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ

پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے حکومت سے گزارش کی ہے کہ پولٹری مصنوعات پر  لگائے گئے ٹیکس کو فی الفور ختم کیا جاۓ۔

پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے نیشنل پریس کلب میں نیوز کانفرنس میں کہا کہ پولٹری کی صنعت 40 سے 45 فیصد گو شت مہیا کرتی ہے، پولٹری کا کام لوگوں کی سوچ اور سمجھ سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔

ہمارے وزیر خزانہ کہتے ہیں ہم نے کھانے پینے پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا، 17 فیصد ٹیکس کے بعد انڈسٹری میں شدید بحران آۓ گا۔

چیئرمین ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا کہ یہ پولٹری ہی ہے جو لوگوں کو گوشت کی ضروریات پوری کر رہی ہے، بکرے کا گوشت ویسے بھی لوگوں کی پہنچ سے باہر ہے جبکہ پاکستان میں بچوں کو خوراک کی ضرورت ہے۔

انکا کہنا تھا کہ اس ٹیکس کے لاگو ہونے کے بعد ایک دن کا  چوزہ جو باہر سے منگواتے ہیں وہ بھی مہنگا ہوجائے گا، انڈسٹری پہ اتنا ٹیکس لگایا جا چکا ہے جسے چلانا مشکل ہوگیا ہے، اگر ہم ایک لاکھ کی چیز لیں تو وہ یہاں پہنچ کر 1 لاکھ 40 ہزار کی ہو جاتی ہے۔

چیئرمین ڈاکٹر سجاد ارشد نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیے ٹیکس کم کریں، اور پروڈکشن بڑھائیں، دنیا میں کہی بھی فوڈ آئٹمز پر ٹیکس نہیں ہے۔

ڈاکٹر سجاد ارشد نے بتایا کہ پاکستان میں ایک دن میں 50 لاکھ مرغی ذبح ہوتی ہے، پاکستان میں 93 فیصد زندہ مرغی کو ذبح کرا کے استعمال کیا جاتا ہےاور 7 فیصد فروزن فوڈ کے طور پر استعمال ہوتی ہے، ہم اس 7 فیصد فیصد کو بھی بڑھانا چاہ رہے ہیں۔

وزیراعظم عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، پرویز خٹک

مانسہرہ: وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

مانسہرہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف کا صوبائی صدر بنانے پر عمران خان کا شکر گزار ہوں، اپنی ذمہ داریوں سے ہمیشہ انصاف کیا ہے، پارٹی میں اتحاد قائم رکھنا پہلی ترجیح ہے، سیاسی جدوجہد میں مسائل آتے رہتے ہیں مگر ان مسائل کو حکمت عملی کے ساتھ حل کرنا ہوتا ہے۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ہم سب کارکن ہیں، ہمارا لیڈر عمران خان ہے، تنظیم سازی میں کارکنان کی رائے کو مقدم رکھیں گے، مقامی سطح پر منتخب عوامی نمائندے اور کارکنان باہمی مشاورت سے متفقہ فیصلہ کریں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ اگر نیت صاف اور ارادہ مضبوط ہو تو منزل آسان ہو جاتی ہے، مہنگائی صرف یہاں ہی نہیں بلکہ ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے، وزیراعظم عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہرممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے اربوں روپے کی فلاح اسکیمیں جاری ہیں، اب ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے، پاکستان بہتری کی طرف گامزن ہے۔