تلہ گنگ کو ضلع کا درجہ دے کر اپنا وعدہ پورا کردیا: چودھری پرویز الہٰی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ تلہ گنگ کو ضلع کا درجہ دے کر اپنا وعدہ پورا کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے تلہ گنگ سے تعلق رکھنے والے ایم پی اے حافظ عمار یاسر نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس تلہ گنگ کیلئے اراضی منتقلی کا نوٹیفکیشن ایم پی اے حافظ عمار یاسرکے حوالے کیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تلہ گنگ میں محکمہ زراعت کی اراضی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کو ڈسٹرکٹ کمپلیکس کیلئے ٹرانسفر کی گئی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا تلہ گنگ کو ضلع کا درجہ دے کر وعدہ پورا کیا ہے، تلہ گنگ ڈسٹرکٹ کمپلیکس کیلئے جلد تعمیراتی سرگرمیاں شروع ہوجائیں گی، عوام کی سہولت کیلئے شہر کے وسط میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ تلہ گنگ کے لوگ میرے اپنے ہیں،ان کیلئے اوربھی بہت کچھ کرنا چاہتا ہوں۔

ثابت کر سکتا ہوں پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا: اسحاق ڈار

کراچی: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ ثابت کر سکتا ہوں پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خدشہ نہیں، سنگین مسائل کے باوجود ہم پیرس کلب نہیں جائیں گے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے ایس ای سی پر توجہ نہیں دی، سستی سیاست کے لیے پاکستان کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور ملک کے ڈیفالٹ کی باتیں کی جا رہی ہیں، لوگوں کو خوف میں مبتلا کر دیا کوئی ڈالر تو کوئی سونا خرید رہا ہے، سیاسی مقاصد کے لیے ایسی باتیں کرنا درست نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سنگین مسائل ہیں لیکن ہمیں اس کا حل نکالنا ہے، ہمیں کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنانا، ملک کی معیشت کو ٹھیک کرنا ہے، ثابت کر سکتا ہوں کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا اور ہم مدد کے لیے پیرس کلب نہیں جائیں گے، آنے والے چند ماہ میں پاکستان کی پوزیشن واضح ہو جائے گی، میں پاکستان کے ایشوز کو حل کر رہا ہوں، یہ ماضی کا پاکستان نہیں، ملک کیوں ڈیفالٹ کرے گا۔
ان کا کہنا تھا 2013 میں بھی کہا جا رہا تھا کہ پاکستان 6 ماہ میں ڈیفالٹ کر جائے گا، ڈکٹیٹر آئی ایم ایف کا پروگروم پورا نہیں کر سکے، ن لیگ نے آئی ایم ایف کا پروگرام پورا کیا تھا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ معیشت پر جو تجربے ہوئے اس کا جوابداہ میں نہیں ہوں، ڈالر کی ہمسایہ ملک کو اسمگلنگ ایک بڑا مسئلہ ہے، ہمیں ڈالر، گندم اور کھاد کی اسمگلنگ کو روکنا ہے، اگلے 6 سے 7 سال میں پاکستان کو 35 ارب ڈالرز کی ضرورت ہو گی۔

پشاور: لیدر گارمنٹس کا کاروبار زوال پذیر، زرمبادلہ کمانے کا بڑا ذریعہ دم توڑنے لگا

پشاور: (ویب ڈیسک) پشاور کبھی لیدر گارمنٹس کا بڑا مرکز اور روس، چین، یورپ جیسے ممالک کو لیدر مصنوعات ایکسپورٹ کرنے والی بڑی مارکیٹ ہوا کرتا تھا، پشاور لیدر مارکیٹ میں اب گنی چنی دکانیں باقی رہ گئی ہیں، ملک کے لئے زرمبادلہ کمانے کا ایک بڑا ذریعہ دم توڑنے کو ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کی لیدر گارمنٹس مارکیٹ کبھی بڑا کاروباری مرکز تھا جہاں اب کاروباری حالات نے تاجروں کو مارکیٹ چھوڑنے پر مجبور کر دیا ہے، مارکیٹ میں چند گنی چنی دکانیں ہی باقی رہ گئی ہیں۔
ایک وقت تھا کہ پشاور کی لیدر گارمنٹس مصنوعات روس، چین، یورپ اور امارات کو ایکسپورٹ ہوتی تھیں تاہم ایکسپورٹ اب ایک خواب بن کے رہ گیا ہے کیونکہ کاروباری حالات سے تاجر مارکیٹ چھوڑنے پر مجبور ہو گئے ہیں، 2015ء اور 2016ء میں ملکی لیدر انڈسٹری کی ایکسپورٹس میں 27 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ بھارتی لیدر مصنوعات کی ایکسپورٹ میں 47 فیصد اضافہ ہوا۔
پشاور کی لیدر مارکیٹ افغان مہاجرین نے سوویت جنگ کے دور میں بسائی تھی، نوے کی دہائی میں لیدر انڈسٹری زرمبادلہ کمانے والی ملک کی دوسری بڑی انڈسٹری تھی، ملک بھر میں چمڑے کی صنعت ترقی کر رہی تھی، ملک کی زرمبادلہ کمائی میں لیدر انڈسٹری کا حصہ دس اعشاریہ چار ایک فیصد تھا۔
30 سال سے اس کاروبار سے وابستہ رہنے والے عبدالقدیر نے بتایا کہ یہ کاروبار ان کے باپ دادا نے افغانستان سے ہجرت کر کے شروع کیا تھا، کبھی چین کو ایکسپورٹ کرنے والی یہ مارکیٹ چین کے مصنوعی لیدر کا مقابلہ نہیں کر پا رہی، چین مصنوعی لیدر کے ساتھ دنیا کی لیدر مارکیٹ کو کنٹرول کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پشاور کی مارکیٹ میں کبھی افغانستان سے خام چمڑے کے چالیس ٹرالر آتے تھے، اب ان کی تعداد آدھی بھی نہیں رہی، سلائی کٹائی کی مشینیں اب بھی کام کرتی ہیں، مال بھی بنتا ہے لیکن گاہک نہیں ملتا، دکان دار کہتے ہیں ٹیکس کم کئے جائیں، کاریگر بھی فکر مند ہیں، روز کوئی نہ کوئی کاروبار بند کر رہا ہے، پتہ نہیں ان کا کام کب تک چلے اور کب بیروزگار ہو جائیں۔
سرحد چیمبر آف کامرس کے صدر کا کہنا ہے کہ کنٹینرز کے اخراجات سمیت کرایوں میں اضافہ ہوا ہے، حکومت کی عدم توجہ کے باعث بین الاقوامی ڈٰیمانڈ بھی کم ہوتی جا رہی ہے، کبھی ملک کی دوسری بڑی ایکسپورٹ انڈسٹری کا درجہ رکھنے والی لیدر کی صنعت کو حکومت سہارا دے تو ایک بار پھر زرمبادلہ کے ساتھ ساتھ مقامی طور پر روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔

ٹیکس دہندگان کیلئے سہولت، ایف بی آر دفاتر 30 اور 31 دسمبرکو رات دیر تک کھلے رہیں گے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے تمام فیلڈ دفاتر 30 اور 31 دسمبر کو رات دیر تک کھلے رکھنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کیلئے تمام فیلڈ دفاتر 30 اور 31دسمبر کو رات دیر تک کھلے رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔
اس حوالے سے باضابطہ طور پر سرکلر جاری کردیا گیا ہے جس میں تمام ٹیکس پیئر آفسز(ایل ٹی یوز)میڈیئم ٹیکس پیئر آفسز،کارپوریٹ ٹیکس آفسز اور ریجنل ٹیکس آفسز(آر ٹی اوز)کے سربراہان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ 30 دسمبر کو ایف بی آر کے تمام فیلڈ آفسز رات 8 بجے تک جبکہ 31 دسمبر بروز ہفتہ رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔

جھنگ انتظامیہ ان ایکشن، آٹا سمگلنگ کی کوشش ناکام، فلور ملز کا ہڑتال کا اعلان

جھنگ: (ویب ڈیسک) جھنگ میں انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں آٹا سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ جھنگ نے صابر فلور ملز سے آٹا سمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے گاڑی میں لوڈ 20 کلو گرام کے 992 تھیلے قبضہ میں لے لئے، انتظامیہ نے ملز سیل کر دی جبکہ مالک اور ڈرائیور کو موقع پر گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
واقع سے متعلق ڈی سی جھنگ نے کہا کہ آٹے کی خردبرد کسی صورت قابل قبول نہیں، غیر قانونی اقدام کرنے والے ملز مالکان کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب فلور ملز ایسوسی ایشن نے انتظامیہ کی کارروائی کے بعد غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کا اعلان کر دیا، فلور ملز ایسوسی ایشن نے سرکاری و پرائیویٹ آٹا و گندم سپلائی بھی بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
صدر فلور ملز ایسوسی ایشن جھنگ زاہد خان بلوچ کا کہنا ہے کہ آج میٹنگ کے بعد لائحہ عمل دیں گے، ہڑتال کا اعلان ایک فلور ملز پر چھاپہ اور اس کو سیل کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔

ڈیلے بلائنڈ کا 6 ماہ قبل ایجیکس سے معاہدہ ختم کرنے پر اتفاق

ایمسٹرڈم : (ویب ڈیسک) فٹبال کے معروف کلب ’’ ایجیکس ‘‘ نے اعلان کیا ہے کہ نیدرلینڈ فٹبال ٹیم کے کھلاڑی ڈیلے بلائنڈ نے کلب کے ساتھ معیاد ختم ہونے سے 6 ماہ قبل معاہدہ کے اختتام پر اتفاق کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مانچسٹر یونائیٹڈ کے 32 سالہ سابق فٹبال سٹار نے قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل تک ہالینڈ کی تمام میچز میں نمائندگی کی اور امریکا کے خلاف ایک گول بھی سکور کیا، تاہم بلائنڈ نے اب باہمی رضامندی سے ایجیکس کو چھوڑنے پر اتفاق کیا ہے۔
ایجیکس کے صدر ایڈون وین ڈیر سار نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران ہم نے ڈیلے کے ساتھ معاہدے سے متعلق بات چیت کے بعد معاہدہ ختم کرنے پر اتفاق کیا ، مجھے امید ہے کہ وہ اپنے کامیاب کیریئر کو ختم کرنے کے لیے ایک اور کلب کو تلاش کر سکے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈیلے کے ساتھ مل کر ہم نے ایرینا میں ایک میچ کا فیصلہ کیا ہے جہاں وہ اپنے ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کو الوداع کہہ سکیں گے۔

روس نے تیل کی قیمتیں مقرر کرنیوالے ممالک کو تیل برآمد کرنے پر پابندی عائد کردی

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کے صدر پیوٹن نے روسی تیل کی قیمتوں کی حد مقرر کرنے والے مغربی ممالک کو تیل برآمد کرنے پر پابندی لگا دی ہے ۔
روسی صدر پیوٹن کے حکم نامے کے مطابق وہ ممالک جو روسی تیل کی قیمتوں کی حد مقرر کریں گے ان کو روسی خام تیل اور روسی تیل کی مصنوعات برآمد نہیں کی جائیں گی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایسے ممالک کو روسی تیل کی برآمدات پر پابندی یکم فروری 2023 سے نافذ العمل ہوگی اور یکم جولائی تک جاری رہے گی۔
یوکرین پر روسی حملے کے خلاف رواں ماہ یورپی یونین، عالمی طاقتوں کے گروپ سیون اور آسٹریلیا نے روسی تیل کی قیمتیں 60 ڈالر فی بیرل مقرر کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
یاد رہے کہ مغربی ممالک کی جانب سے روسی پٹرول پر پرائس کیپ لگانے پر روس نے خام تیل کی پیداوار بند کرنے کی دھمکی دی تھی ۔

شمالی کوریا کا آئندہ سال جدید مہلک ہتھیار تیار کرنے کا اعلان

پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا کے سپریم لیڈر “کم جونگ ان ” نے اگلے برس مزید مہلک اور جدید ہتھیاروں کے تجربات اور میزائل سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
حکمران ورکرز پارٹی کے اجلاس میں ملکی فوج کے نئے اہداف کے حوالے سے اجلاس میں ہتھیاروں کے مزید تجربات کا اعلان کیا گیا ۔
پارٹی کی 8 ویں مرکزی کمیٹی کے چھٹے اجلاس کے دوسرے دن، کم جونگ ان نے خطے میں نئے چیلنجنگ اور صورتحال سمیت وسیع تر سیاسی منظر نامے کا جائزہ لیا۔
اجلاس میں دشمن مخالف جدوجہد اور دفاعی طاقت کو مزید مضبوط کرنے کے لئے اہداف کا تعین بھی کیا گیا۔
شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ شمالی کوریا کو دنیا کی طاقتور ترین قوت بنانا میرا ہدف ہے۔

امریکا : بم سائیکلون کے باعث اموات کی تعداد 70 تک جاپہنچی

نیو یارک: (ویب ڈیسک) امریکا میں موسم سرما کے بدترین طوفان ’’ بم سائیکلون ‘‘ کے باعث مختلف حادثات میں اموات کی تعداد 70 کے قریب جا پہنچی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں بم سائیکلون نامی سرد طوفان کی تباہ کاریاں جاری ہیں جس کے نتیجے میں اب تک 70 کے قریب افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو چکی ہے۔
بفیلو میں 30 سے زائد افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے جبکہ لوگوں کو سڑکوں سے دور رکھنے کیلئے ملٹری پولیس کو طلب کیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مغربی علاقوں میں آج مزید برفباری متوقع ہے۔

نیشنل فٹبال چیلنج کپ کا آغاز یکم جنوری سے ہو گا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے زیر اہتمام نیشنل فٹبال چیلنج کپ یکم جنوری سے شروع ہو گا جس میں 32 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
پی ایف ایف کے مطابق ایونٹ میں واپڈا کی ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی جبکہ ایونٹ کے میچز راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ، چمن، کراچی، لاہور، فیصل آباد اور بہاولپور میں کھیلے جائیں گے۔
نیشنل ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کو 8 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ہر ٹیم کو 3 ہوم اور 3 اوے میچز کھیلنے کا موقع ملے گا، ہر گروپ سے سرفہرست 2 ٹیمیں رائونڈ 16کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 10 لاکھ، رنرز اپ کو 5 لاکھ اور تیسری پوزیشن پانے والی ٹیم کو ڈھائی لاکھ روپے انعامی رقم دی جائے گی۔