ایرانی صدر کا حکومت مخالف مظاہرین سے نرمی نہ برتنے کا اعلان

تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نےحکومت مخالف مظاہرین سے نرمی نہ برتنے کا اعلان کیا ہے۔
ایران میں حجاب قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار 22 سالہ مہاسا امینی کی مبینہ تشدد سے ہلاکت کے خلاف مظاہرے 3 ماہ سے زائد عرصے سے جاری ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا ہے کہ ایران وطن دشمن مخالفین کے ساتھ کوئی رحم نہیں برتے گا۔
تہران میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم کا دل سب کے لیے کھُلا ہے لیکن دشمن پر بالکل رحم نہیں کیا جائے گا، دشمن افواہیں پھیلا کر معاشرے کو تقسیم کر کے اسلامی معاشرتی اقدار سے ہٹانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی چالیں کامیاب نہیں ہوں گی اور دشمن اپنے مقاصد کبھی حاصل نہیں کر سکے گا۔
واضح رہے کہ ایران میں حجاب قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار 22 سالہ مہسا امینی مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے 16 ستمبر کو انتقال کر گئی تھی۔
غیر ملکی انسانی حقوق تنظیموں کے مطابق ایران میں جاری مظاہروں میں اب تک ساڑھے چار سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، ایران میں ملک و قوم کو نقصان پہنچانے پر 2 مظاہرین کو پھانسی دی جا چکی ہے جبکہ دیگر 9مظاہرین کو موت کی سزا سنا دی گئی ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے قانونی رائے کیلئے ڈی نوٹیفائی آرڈر جاری کرنے میں دیر کی:گورنر پنجاب

لاہور: (ویب ڈیسک) گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ چیف سیکرٹری نے لیگل اوپینین لینے کیلئے کچھ وقت لگایا، وزیر اعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کے میرے آرڈر کو رات گئے جاری کیا گیا، اتنی دیر نہیں ہونی چاہیے تھی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ اگر آرڈر چیف سیکرٹری نے دیا تو ڈپٹی سیکرٹری کو کیوں معطل کیا گیا؟ ڈپٹی سیکرٹری کی معطلی کا مجھے نہیں پتا، چیف سیکرٹری کے ساتھ کیا ہوا میرے علم میں نہیں، پرویزالہیٰ کی ہیلتھ، ایجوکیشن، گڈ گورننس میں پرفارمنس کو بہتر ہونا چاہیے تھا۔
بلیغ الرحمان نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں گورنر ہاؤس کے باہر حملہ کر کے آگ لگانے کی کوشش کی گئی، یہ پنجاب حکومت کی بہت بڑی ناکامی تھی، گورنر ہاؤس پر حملے کے دن پنجاب حکومت نے کوئی معذرت نہیں کی، ورکنگ ریلشن شپ کا فقدان نہیں ہے، پنجاب اسمبلی کے جن بلز میں قوانین کی خلاف ورزی ہو اسے پاس نہیں کرتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ق) کےسربراہ چودھری شجاعت حسین ہیں، معاملہ عدالت میں ہے جو بھی فیصلہ ہوگا سر آنکھوں پر ہے، فلور کراسنگ کے بالکل خلاف ہوں نہیں ہونی چاہیے، مسلم لیگ (ق) کےممبران نے فیصلہ کرنا ہے پارٹی ہیڈ یا ممبران کے ساتھ چلنا ہے۔

کراچی: اشارے پر نہ رکنے والا نوجوان پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق، 3 اہلکار گرفتار

کراچی:(ویب ڈیسک) کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں اشارے پر نہ رکنے والے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو پولیس اہلکاروں نے تعاقب کے بعد عمارت میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
ابتدائی تفتیش میں جرم ثابت ہونے پر تینوں اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ایسٹ مقدس حیدر کے مطابق واقعہ کراچی ایسٹ کے شارع فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر میں پیش آیا۔
حکام کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو شاہین فورس کے اہلکاروں نے رکنے کا اشارہ کیا، وہ نہیں رکا تو موٹر سائیکل پر سوار ہو کر اہلکاروں نے اس کا تعاقب کیا اور ایک رہائشی عمارت کے احاطے میں جاکر اس پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ سے عامر حسین نامی نوجوان عمارت کی سیڑھیوں پر چڑھتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں اشتعال پھیل گیا۔
ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر کی ہدایت پر ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کی نگرانی میں پولیس افسران نے ابتدائی تحقیقات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ساری صورتحال واضح کی۔
ایس ایس پی ایسٹ عبدالرحیم شیرازی کے مطابق موٹر سائیکل سوار دونوں افراد کے پاس سے اسلحہ برآمد نہیں ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ اس موٹر سائیکل پر دونوں افراد کے ہمراہ ایک چھوٹی بچی بھی تھی جو محفوظ رہی۔
ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر کے مطابق فائرنگ میں ملوث اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ متوفی کے لواحقین سے رابطہ کرکے اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔
گلستان جوہر فائرنگ میں ملوث گرفتار تین اہلکار ناصر، شہر یار اور فیصل لاک اپ میں موجود ہیں۔

مری میں 8 ہزار سے زائد گاڑیوں کے داخلے پر پابندی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ریلیف کمشنر پنجاب نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ مری میں 8 ہزار سے زائد گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مری کے تمام روڈز کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔
ریلیف کمشنر پنجاب نوید حیدر شیرازی کے زیر صدارت مری میں برف باری کے پیشگی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا، اجلاس میں ڈی جی پی ڈی ایم اے فیصل فرید، سیکرٹری ریونیو ، ڈی سی مری ، ریسکیو 1122 سمیت دیگر افسران کی شرکت ڈی جی پی ڈی ایم اے اور ڈی سی مری نے انتظامات بارے بریفنگ دی۔
نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ برفباری کے دوران چین مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے، روڈز پر کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو، برفباری سے نمٹنے کے لیے گرینڈ موک ایکسر سائز کا انعقاد کیا جائے، تمام ادارے کوآرڈی نیشن کے عمل کو بہتر بنائیں تاکہ سیاحوں کو سیر و تفریح کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ریلیف کمشنر پنجاب کا کہنا تھا کہ مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے 13 فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، مری میں سینٹرل کنٹرول روم قائم اور پی ڈی ایم کے پراونشنل کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کا عمل جاری ہے، ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122، پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار اضافی تعداد میں تعینات کیے گئے ہیں۔
نوید حیدر شیرازی کا کہنا تھا کہ ٹریفک پلان پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے، سیاحوں کے لیے پارکنگ کے بہترین انتظامات کیے جائیں، تمام محکمے برفباری کے حوالے فوکل پرسن مقرر کریں اور ٹورازم سکواڈ کے جوان روڈز پر گشت کو یقینی بنائیں اور روڈز پر تعینات افسروں اور اہلکاروں کی حاضری چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ برفباری سیزن کے دوران ضلع مری میں تعینات افسروں کی ٹرانسفر پوسٹنگ نہ کی جائے، مری جانے والے سیاح موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کریں، ہنگامی صورتحال میں متعلقہ انتظامیہ یا پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔

پرائز بانڈز کیش کرانے کی تاریخ میں 30 جون 2023 تک توسیع

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے عوام الناس کی سہولت کے لیے ساڑھے سات ہزار سے چالیس ہزار روپے مالیت کے بانڈز کیش کرانے کی تاریخ میں 30 جون تک توسیع کردی۔
حکومت نے 7,500 روپے، 15,000 روپے، 25,000 روپے اور 40,000 روپے مالیت کے پرائز بانڈز ٹرانسفر یا نقد کرانے کا عوام کو ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023ء تک توسیع کر دی تھی۔
قبل ازیں حکومت نے ان پرائز بانڈز کو نقد کرانے کے لیے 30 جون 2022ء کی تاریخ مقرر کی تھی تاہم جو لوگ مقررہ مدت میں یہ پرائز بانڈز تبدیل نہیں کر اسکے انہیں آخری موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023ء تک توسیع کر دی گئی۔
پرائز بانڈ نقد یا ٹرانسفر کروانے والوں کیلیے چند شرائط عائد کی گئی ہیں، جن میں سب سے پہلی بانڈ کو ظاہری مالیت پر کیش کرانا جبکہ پچیس یا چالیس ہزار کے پریمیئم بانڈز کو رجسٹرڈ کروا کے انہیں اکاؤنٹ میں منتقل کروانا اور اسپیشل سیونگز سرٹیفیکٹس یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفیکٹ میں تبدیل کروانا ہے۔
ان پرائز بانڈز کا تبادلہ ملک بھر میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچوں سے 30 جون 2023ء تک کیا جا سکتا ہے۔ اسٹیٹ بینک نے اس ضمن میں کمرشل بینکوں کو توسیع شدہ تاریخ تک پرائز بانڈز نقد کرانے یا ان کا تبادلہ کرنے کی درخواستیں قبول کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ مالیت کے بانڈز کو رکھنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اس آخری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی ہولڈنگز کو 30 جون 2023ء سے قبل تبدیل کرا لیں۔ اس توسیع شدہ ڈیڈ لائن کی میعاد ختم ہونے کے بعد مذکورہ پرائز بانڈز کو نقد یا ان کا تبادلہ نہیں کرایا جا سکے گا اور نہ ہی یہ قابل استعمال ہوں گے۔

پاکستانی گلوکارہ شائے گِل کی نیویارک ٹائمز اسکوائر پر دھوم

نیویارک: (ویب ڈیسک) معروف میوزک اسٹریمنگ ایپ اسپاٹی فائے نے ایکول پاکستان پروگرام کے تحت پسوڑی گلوکارہ شائے گِل کو ماہ دسمبر کیلئے اپنا ایمبیسڈر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گلوبل میوزک پروگرام نے شائے گِل کا گانا ’سکون‘ اپنے پلیٹ فارم میں سرفہرست رکھ ہوا ہے۔
پچھلے ایمبیسڈرز کی طرح شائے گل کی تصویر ٹائمز اسکوائر نیویارک میں بنے ایک ڈیجیٹل بل بورڈ پر بطور اشتہار بھی لگائی گئی ہے۔
شائے گِل کا اصل نام انوشے بابر گِل ہے اور ان کا تعلق لاہور سے ہے جنہوں نے پسوڑی کے گانے سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔
نوجوان گلوکارہ کو رواں برس اسپاٹی فائے پر پاکستان کے دیگر گلوکاروں کے مقابلے میں سب سے زیادہ اسٹریم کیا گیا ہے۔
شائے گِل نے ایکول پاکستان کا ایمبیسڈر بننے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے خیال میں خواتین کو ایسے مواقع مزید ملنے چاہئیں۔

منیب بٹ ٹی وی ڈرامے میں خواجہ سرا کا کردار نبھائیں گے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی اداکار منیب بٹ پہلی بار ایک خواجہ سرا کے روپ میں ٹی وی سکرین پر نظر آئیں گے۔
اداکار نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر پوسٹ میں بتایا کہ ڈرامے میں ان کے ہمراہ صبا قمر بھی ہوں گی اور وہ شوبز کیریئر میں پہلی بار ایک مشکل کردار ادا کرنے جا رہے ہیں۔
ڈراما امریکی فلاحی تنظیم ’یو ایس ایڈ‘ کے تعاون سے بنایا جا رہا ہے اور اس کی کہانی نیٹ فلیکس یا دیگر اسٹریمنگ ویب سائٹ کی ویب سیریز کی طرح بولڈ اور منفرد ہوگی۔
منیب بٹ کے مطابق ڈرامے میں ان کا کردار پیدائشی طور پر مخنث ہوتا ہے جو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد سی ایس ایس کا اعلیٰ امتحان پاس کرکے اسسٹنٹ کمشنر تعینات ہوتا ہے۔
اداکارہ صبا قمر نے بھی ڈرامے کے کردار کی جھلک شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ جلد ہی ایک منفرد موضوع پر بنائے گئے ڈرامے میں دکھائی دیں گی۔

سلمان خان کی سالگرہ کی تقریب میں شاہ رخ کا آنا مداحوں کو بھاگیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے سپر اسٹار سلمان خان آج اپنی 57 ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور اس حوالے سے ہر سال کی طرح اس سال بھی انہوں نے شاندار برتھ ڈے پارٹی کا انعقاد کیا۔
ممبئی میں دبنگ خان کے جنم دن کی پارٹی رات 12 سے قبل ہی شروع ہوچکی تھی جو 12 بجتے ہی اپنے عروج پر پہنچ گئی، رات بھر وقتاً فوقتاً بھارتی فلم اور شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات اس کی زینت بنتی رہیں۔
تاہم سب سے زیادہ توجہ اور پیار جس شخصیت کی آمد کو ملا وہ کوئی اور نہیں بالی وڈ کے بے تاج بادشاہ شاہ رخ خان ہیں جن کی آمد نے سلمان کی سالگرہ کی تقریب میں چار چاند لگا دیے۔
دونوں اداکاروں کو طویل عرصے بعد ساتھ دیکھ کر ان کے مداحوں کی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا اور شاہ رخ خان کا بار بار سلمان کو پیار سے گلے لگانا بھی مداحوں کو بھاگیا۔
سلمان خان واپسی پرشاہ رخ کو گاڑی تک چھوڑنے آئے اور اس دوران کنگ خان نے کئی بار سلمان کو گلے سے لگایا اور سالگرہ کی مبارکباد دی۔ اس ملاقات کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں جنہوں نے لوگوں کو ’کرن ارجن‘ فلم کی یاد دلادی ہے جس میں سلمان اور شاہ رخ نے بھائیوں کا کردار ادا کیا تھا۔
شاہ رخ کے علاوہ جن معروف شخصیات نے پارٹی میں شرکت کی ان میں پوجا ہیگڑے، کارتک آریان، سنیل شیٹی، تبو وغیرہ شامل ہیں۔

اسٹیبلشمنٹ کی کٹھ پتلیوں نے آج بی بی کی برسی پر تماشہ لگایا، فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی کٹھ پتلیوں نے آج بی بی کی برسی کے موقع پر تماشہ لگایا، زرداری اور ان کے فرزند نے بھٹو اور بی بی کی سیاسی میراث کو ان کے مزارات میں ہی دفن کر دیا۔
بلاول زرداری کی تقریر ردعمل دیتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ این آر او ٹو سے استفادے کیلئے زرداری اور اس کے فرزند نے بھٹو اور بی بی کی سیاست سے یکسر لاتعلقی کا اعلان کیا، وفاقِ پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو اندرون سندھ کی چند بستیوں تک محدود، مجرموں کی آماجگاہ بنا دیا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اہل سندھ جھولیاں اٹھا اٹھا کر زرداریوں کے ڈاکو راج سے نجات کی دعا مانگ رہے ہیں، سندھ کے عوام سیلاب کی آفت کا شکار، زرداری کے حواری سندھ کا پیسہ ضمیروں کی منڈیوں میں جھونکتے رہے، بھٹو نے ملک کو جو آئین دیا، زرداری نے جاتی امراء کے چوروں کے ساتھ مل کر اس کے انسانی حقوق کے باب کی دھجیاں اڑوائیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اقتدار کے حصول کیلئے زرداری اور اس کا فرزند دستور، جمہوریت اور پارلیمان پر کئے جانے والے ہر شرمناک حملے کے سہولت کار بنے، 6 فیصد کی شرح سے ترقی کرتی معیشت کو تباہی کے گھاٹ اتارنے کے جرم میں بھی سہولت کار زرداری اور اس کا فرزند ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ زرداری اور اس کے فرزند کی سہولت کاری کے باعث 8 ماہ پہلے تک ناپید دہشت گردی پھر سے سر اٹھا رہی ہے، زرداری اور اس کے فرزند کی سہولت کاری سے صوبوں کو ان کے وسائل سے محروم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ زرداری اور اس کے فرزند کی ذلت آمیز معاونت سے اظہارِ رائے کی آزادیاں مصلوب، عوام سیاسی حقوق سے محروم کئے جارہے ہیں، آٹے اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کئی گنا تک کے اضافے کے جرم میں بھی زرداری اور اس کا فرزند ملوث ہیں۔
فواد چودھری نے کہا کہ انتخاب سے فرار میں زندگی تلاش کرنے والوں کو عوام کے سامنے کھڑا کریں گے۔

آڈیوز ٹیپ کا مقصد مجھے بلیک میل کرنا اور گند اچھالنا ہے: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت تباہ ہونے کا ایک شخص ذمہ دارہے، ہماری حکومت ختم کر کے چوروں کو اقتدار پر بٹھا دیا، چوروں کو اوپر بٹھانا اور کیسز ختم کرنا اس سے بڑی غداری کیا ہو سکتی ہے، میرے خلاف سازش پاکستان سے ہوئی، حسین حقانی میرے خلاف کام کر رہے تھے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آڈیوز ٹیپ کا مقصد بلیک میل کرنا اور گند اچھالنا ہے، ہماری حکومت میں ادارے مضبوط ہوئے، موجودہ حکومت پر کوئی سرمایہ کار بھروسہ نہیں کرتا، چوروں نے اقتدار میں آکر اپنے کیسز معاف کرا لیے، انہوں نے بڑے ڈاکوؤں کو ملک میں چوری کا لائسنس دے دیا ہے، نیب ترمیم کے بعد پاکستان میں کوئی طاقت ور ڈاکو نہیں پکڑا جا سکے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ دو چور خاندانوں نے ملک میں اداروں کو ٹھیک نہیں ہونے دیا، شہباز شریف نے اقتدار میں آکر سب سے پہلے ایف آئی اے کو تباہ کیا، ایف آئی اے کے افسر رضوان کو ہارٹ اٹیک ہوا، شہباز شریف کے کیس کے چار گواہان مر چکے ہیں، نیب پر انہوں نے اپنا بندہ بٹھا دیا اب سارے کیسز ختم ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے لندن فلیٹس کو تسلیم کیا، جج نے نیب سے پوچھا آپ فلیٹ کی ملکیت ثابت کریں، انہوں نے نیب، ایف آئی اے کو ختم کر دیا ہے، رمیز راجہ کرکٹ بورڈ میں اچھا کام کر رہا تھا، نجم سیٹھی کا کرکٹ میں کوئی تجربہ نہیں اسے چیئرمین بنا دیا گیا، کیا رمیز راجہ اور نجم سیٹھی کا موازنہ ہے، اب کرکٹ کا بھی برا حال ہوگا۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے دورمیں اکنامک سروے کے مطابق 6 فیصد پر معیشت گروتھ کر رہی تھی، چوروں نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، آج پاکستان میں تاریخ کی سب سے زیادہ مہنگائی ہے، جب عدم اعتماد آئی تو اس وقت ڈالر 178 روپے کا تھا، یہ حکومت تو’’اکنامک ہٹ مین‘‘ لگ رہی ہیں۔