لاہور : (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو قرض فری پاکستان بنا سکتے ہیں، ہمارے پاس 65 فیصد باصلاحیت نوجوان ہیں، پاکستان نہ ٹوٹ سکتا ہے، نہ ہی دیوالیہ ہوسکتا ہے۔
اپنے ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک دینی جماعت ہے، ہم نے مشکل میں مسلمانوں سمیت غیر مسلموں کی بھی مدد کی، زراعت کے حوالے سے ہم خصوصی چینل بنائیں گے، تعلیم پاکستان میں مفت ہوگی، صحت کی سہولیات ریاست کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کے لئے سیٹیں مخصوص کریں گے، ملک میں یتیم اور معذوروں کی کفالت کا کوئی انتظام نہیں ہے، ہم نے خیبرپختونخوا کو ایک قرض فری صوبہ بنایا تھا، آج وہ صوبہ ایک ہزار ارب کا مقروض ہے، ہم پاکستان کو قرض فری پاکستان بنا سکتے ہیں، ہمیں سودی نظام کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے پاس 65 فیصد باصلاحیت نوجوان ہیں، کالام، مدین، مری ،مالم جبہ کی صورت میں دنیا کا حسن موجود ہے، ہمارے پاس کوئلے اور سونے کے ذخائر ہیں، ہمارے پاس دنیا بھر میں اوورسیز پاکستانیوں کی شکل میں لاکھوں سفیر موجود ہیں، پاکستان نہ ٹوٹ سکتا ہے، نہ ہی دیوالیہ ہوسکتا ہے۔
