تازہ تر ین

حکومت منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پُرعزم ہے، شاہ زین بگٹی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت منشیات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پُرعزم ہے، حکومت ملک سے منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے۔
وزارت انسداد منشیات کے زیراہتمام کنٹرولڈ پری کرسر کیمیکلز کی درآمد کے سلسلے میں صنعتی اداروں کی رجسٹریشن اور عدم اعتراض کے سرٹیفکیٹ (این او سی) کی درخواست کے لئے خودکار نظام پر مبنی نئی آن لائن پورٹل پری کرسر مینجمنٹ سسٹم (پی ایم ایس) کے افتتاح پر تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وزارت انسداد منشیات و اس کے تمام ذیلی ایجنسیوں و اداروں کی معاونت سے منشیات کا استعمال روکنے کے بھرپور اقدامات جاری ہیں۔
خودکار آن لائن پورٹل کے اجرا کے موقع پر بتایا گیا کہ یو این او ڈی سی نے نئے سسٹم کے لئے تکنیکی معاونت فراہم کی ہے اور یہ منصوبہ حکومت جاپان کے مالی تعاون سے مکمل کیا گیا ہے، نئی پورٹل کی باضابطہ افتتاحی تقریب وفاقی وزیر نوابزادہ شاہ زین بگٹی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔
تقریب کے دیگر اہم شرکا میں وفاقی سیکرٹری وزارت انسداد منشیات، چیئرمین پاکستان کیمیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی سی ایم اے) اور یو این او ڈی سی کنٹری آفس پاکستان (کوپیک) کے نمائندہ بھی شامل تھے، مختلف وفاقی وزارتوں اور متعلقہ محکموں کے افسران، صنعتی شعبے کے سینئر نمائندوں اور عطیہ دینے والے بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
پاکستان میں یو این او ڈی سی کنٹری آفس کے نمائندے ڈاکٹر جیریمی ملسم نے بتایا کہ انٹرنیٹ کے ذریعے کام کرنے والے نئے پی ایم ایس سسٹم کی بدولت متعلقہ قومی اداروں کی استعداد میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب وہ کنٹرولڈ پری کرسر کیمیکلز کے صنعتی شعبے میں قانونی استعمال کے لئے درآمد کے سلسلے میں ڈیٹا حاصل کرنے، اسے استعمال میں لانے اور اس کی تشریح کرنے کے ساتھ ساتھ درخواستوں کی منظوری کے لئے براہ راست محفوظ طریقے سے کام کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تکنیکی استعداد بڑھانے کے اس اقدام سے پاکستان میں پری کرسر کنٹرول کے نظام میں بہتری آئے گی اور کیمیکلز اور دواسازی کے شعبے سے وابستہ صنعتی اداروں کے لئے کاروبار میں مزید آسانی پیدا ہو گی، استعداد میں اس بہتری کی بدولت انسداد منشیات کے لئے حکومتِ پاکستان کی پالیسی 2019 کے مقاصد کے حصول اور یو این او ڈی سی کے پاکستان کنٹری پروگرام III (2022-2025) کی دفعات کے تحت ہماری مشترکہ خواہشات کو عملی جامہ پہنانے کی راہ ہموار ہو گی۔
وزارت انسداد منشیات کی سینئر جوائنٹ سیکرٹری سبینہ سکندر جلال نے پی ایم ایس پر ایک جامع پریزنٹیشن دی، انہوں نے شرکاء کو انٹرنیٹ کے ذریعے انفارمیشن مینجمنٹ اور درخواست پر کارروائی کے اس نظام کے ڈیزائن اور اس کے کام کرنے کے طریقہ کار کے بارے میں بتایا جو درخواستوں پر کارروائی کے مینوئل نظام کی جگہ لے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس نظام میں عوامی کمپنیوں کی رجسٹریشن، صنعتی استعمال کے لئے کنٹرولڈ پری کرسر کیمیکلز کی درآمد کی درخواستوں، عدم اعتراض کے سرٹیفکیٹ کے اجرا اور درآمد شدہ کنٹرولڈ کیمیکلز کے استعمال کی تفصیلات جمع کرانے جیسی سرگرمیوں کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، سابق چیئرمین پی سی ایم اے ظفر محمود نے اپنے خطاب میں پاکستان کے اس نئے خودکار پری کرسر مینجمنٹ سسٹم پر اطمینان کا اظہار کیا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain