لاہور: (ویب ڈیسک) ق لیگ کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ آج کی تقریر کے دوران فواد چودھری کے متعلق گفتگو پر معذرت خواہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ فواد چودھری کی پوری فیملی سے ہمارے دیرینہ تعلقات ہیں، میرے بیان سے فواد چودھری کی فیملی کو دکھ پہنچا جس پر ان سے معذرت خواہ ہوں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا تھا کہ میں نے پی ٹی آئی والوں کو کہہ کہہ کر تھک گیا تھا کہ ابھی کام کرنے دو، اسمبلی مت توڑو، مگر میری بات نہیں مانی گئی۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ خان صاحب کے ساتھ جو بیٹھنے والے لوگ تھے وہ پارٹی کو لے کر بیٹھ گئے، تین چار بندوں کی وجہ سے، ان میں سے ایک بے چارہ جس کا مجھے بہت افسوس ہے اگر پہلے پکڑا جاتا تو ہمارا کام بن جاتا اور شاید اسمبلیاں نہ ٹوٹتیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی گفتگو میں فواد چودھری کا براہ راست نام نہیں لیا تھا۔
