اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت گزشتہ 5سال کی کوتاہی بھگت رہا ہے ، کوشش ہے کہ حالات بہتر کرسکیں۔
اسلام آباد میں گرین لائن ٹرین کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ گرین لائن کا خاتمہ ہوچکا تھا ، وزیر ریلوے نے دوبارہ اس کا آغاز کیا ، ریلوے کا محکمہ جلد اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ وزیراعظم کو بے پناہ چیلنجز ملے ہیں ، ہمارے دورمیں مہنگائی کی شرح کم تھی، ہم 2016میں دنیا کی 24ویں بہترین معیشت بن چکے تھے لیکن آج پاکستان کی معیشت دنیا میں 47ویں نمبر پر آگئی ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو تباہ کرنے والوں کا محاسبہ انتہائی ضروری ہے۔
اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو دنیا میں رہنے کے لیے قائم کیا ہے ، یہ واحد ملک ہے جو کلمہ طیبہ کے نام پر بنا تھا اگر اللہ نے پاکستان بنایا ہے تو اس کی حفاظت ، ترقی اور خوشحالی بھی اللہ تعالیٰ کے ذمے ہے ، بطور قوم ہمیں سخت محنت کرنا ہوگی۔