کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کی رکنیت سےاستعفیٰ دے دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے رمیز راجہ کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے نجم سیٹھی کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بنانے کی منظوری دی اور ساتھ ہی کرکٹ بورڈ کے معاملات چلانے کیلئے 14 رکنی کمیٹی قائم کی تھی۔
کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کے ساتھ دیگر ارکان میں شکیل شیخ، گل زادہ، نعمان بٹ، ہارون رشید، ثنا میر، تنویر احمد، گل محمد کاکڑ اور ایاز بٹ، سابق کپتان شاہد آفریدی، ایزد سید، شفقت رانا، اور چوہدری عارف سعید بھی شامل تھے۔
بعد ازاں پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کےچیئرمین نجم سیٹھی نے نیوزی لینڈ سیریز کے لیے عبوری سلیکشن کمیٹی کا اعلان کیا جس کا سربراہ شاہد آفریدی کو بنایا گیا۔
تاہم نیوزی لینڈ کی سیریز کے بعد عبوری سلیکشن کمیٹی ختم ہوگئی تھی اور پھر ہارون رشید کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا چیف سلیکٹر بنایا گیا۔
اب ذرائع کے مطابق شاہد آفریدی نے پی سی بی کی منیجمنٹ کمیٹی سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔
واضح رہے کہ اس حوالےسے پی سی بی یا شاہد آفریدی کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔