لاہور : (ویب ڈیسک) لاہور میں ادب، موسیقی اور ثقافت کے رنگوں سے بھرپور پہلے پاکستان لٹریچر فیسٹیول کا آج سے آغاز ہورہاہے جو 12 فروری تک جاری رہے گا ۔
لاہور کے الحمرا آرٹ کونسل میں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علیٰ شاہ فیسٹیول کا افتتاح کریں گے جبکہ پنجاب کے نگران وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر اور سندھ کے وزیر ثقافت اور تعلیم سید سردار شاہ بھی شرکت کریں گے۔
پاکستان لٹریچر فیسٹیول کے 50 سے زائد سیشنز ہوں گے جس میں تفریح، مزاح ، موسیقی، رقص کے علاوہ ادب، تعلیم، معیشت، کتابوں کی تقریب رونمائی، ملک کے معروف دانشوروں اور فنکاروں کے ساتھ گفتگو اور دیگر سنجیدہ سیشن بھی شامل کیے گئے ہیں ۔
10سے 12 فروری تک جاری رہنے والے اس فیسیٹول میں کیا کچھ ہونے جارہا ہے ان سرگرمیوں کی تفصیل کچھ یوں ہے :
پہلا روز : 10فروری بروز جمعہ
پاکستان لٹریچر فیسٹیول کے پہلے روز الحمرا آرٹ کونسل کے ہال نمبر ایک میں افتتاحی سیشن ہوگا جس میں میاں اعجاز الحسن، عطا الحق قاسمی ، سلیمہ ہاشمی، مستنصر حسین تارڑ، کشور ناہید، افتخار عارف اور دیگر کئی نامور شخصیات شامل ہوں گی۔
صدر آرٹس کونسل احمد شاہ خطبہ استقبالیہ دیں گے ، جس کے بعد ” اکیسویں صدی کے تہذیبی چیلنج ، پاکستان اور فکراقبال” کے عنوان سے مذاکرہ ہوگا جس میں ڈاکٹر ناصرہ جاوید اقبال، تحسین فراقی ، سید نعمان الحق شرکت کریں گے ۔
سینئر اداکار سہیل احمد جو عزیزی کے نام سے معروف ہیں ، ان کے ساتھ ایک دلچسپ بات چیت ہوگی ، جس کے بعد معروف گلوکار علی عظمت اور سائیں ظہور پر مشتمل ایک خوبصورت میوزیکل شام سجے گی۔
دوسرا روز : 11فروری بروز ہفتہ
پاکستان لٹریچر فیسیٹول کے دوسرے روز کا آغاز صبح 11 بجے الحمرا آرٹ کونس کے ہال نمبر 2 سے ہوگا جہاں “اردو فکشن میں نیا کیا ؟” کے عنوان سے سیشن ہوگا ، جس میں نامور ادیب اردو فکشن پر بات کرینگے ۔
اس کے علاوہ اور بھی بہت سے دلچسپ سیشنز فیسٹول میں شامل ہوں گے ، ان میں ایک سیشن ” احمد بشیر کا کنبہ ” ہوگا جس کی اداکارہ بشریٰ انصاری نظامت کریں گی جبکہ نیلم احمد بشیر، اسماء عباس، زارا نور عباس اور احمد عباس بطور پینلسٹ شامل ہونگے ۔
ادب کے ساتھ آرٹ نہ ہوایسا ممکن نہیں ، فیسٹول کے سیشن ” لاہور پور کمال” میں نیئر علی دادا، سلیمہ ہاشمی، یوسف صلاح الدین اور کامران لاشاری شامل ہوں گے، جبکہ معروف مصنف مستنصر حسین تارڑ کے ساتھ ’’میں بھناں دلی دے کنگرے‘‘ کے عنوان سے ایک اہم گفتگو بھی ہوگی، جس کے پینل میں مشتاق صوفی، پروفیسر زبیر احمد اور نین سکھ شامل ہوں گے، سیشن کی نظامت ڈاکٹر صغری صدف کریں گی۔
فیسٹول کے دوسرے روز ہی ملک کے مایہ ناز صحافی حامد میر نوجوانوں کے نام ایک سیشن کریں گے جس میں وہ نوجوانوں کے فکرونظر پر بات کریں گے ، اس سیشن کی نطامت صدر آرٹس کونسل احمد شاہ کریں گے ۔
صرف ادب ہی نہیں تفریح پر بھی بات ہوگی اور پاکستان کے معروف اداکار شان سے بات چیت کا ایک سیشن بھی ہوگا ۔
ہفتے کے روز ہی ایک اور فکر انگیز سیشن ” ٹی وی پاکستانی سماج کا ترجمان ؟” میں منور سعید، نور الہدیٰ شاہ، اصغر ندیم سید، صنم سعید، بی گل، آمنہ مفتی اور کاشف نثار شرکائے گفتگو ہوں گے، اس سیشن کی نظامت عفت عمر کریں گی۔
“پاکستانی آرٹ کے 75 برس ” میں میاں اعجاز الحسن، راحت نوید مسعود، شاہد رسام اور قدوس مرزا جیسے نامور ورچوئل آرٹسٹ شریک ہونگے ۔
فیسٹول میں شاعری کا ذوق رکھنے والوں کیلئے مشاعرے کا بھی اہتمام کیا جارہاہے جس کی صدارت معروف شاعر افتخار عارف کرینگے جبکہ انورمسعود ، امجد اسلام امجد ، وصی شاہ سمیت نامور شعرائے کرام لفظوں کے موتی بکھیریں گے ۔
نوجوانوں کے پسندیدہ شاعر علی زریون اور معروف میزبان واداکار یاسر حسین کی گفتگو بھی فیسٹول کا حصہ بنے گی ۔
علاوہ ازیں فیسٹیول میں بچوں کے ادب اور مختلف کتابوں کی تقریب رونمائی ، فن مصوری کی نمائش بھی ہوگی ۔
دوسرے روز کا اختتام پاکستان کے نامور گلوکار علی ظفر اور یوکرین کی معروف گلوکارہ کمالیہ کی پرفارمنس سے ہوگا ۔
تیسرا روز : 12فروری بروز اتوار
پاکستان لٹریچر فیسٹول کا تیسرا اور آخری روز بھی ادب، مکالمے اور موسیقی سے بھرپور ہوگا ، اتوار کو صبح گیارہ بجے ہال نمبر تین میں ’پنجاب کی لوک داستانیں ‘ کے عنوان سے سیشن کا اہتمام کیا جائے گا ۔ اسی طرح شاہد ندیم کی کتاب ’’مزاحمتی ڈرامے‘‘ کی رونمائی ہوگی جس کے پینلسٹ اصغر ندیم سید اور شائستہ سراج الدین ہوں گے۔
تعلیم ، موسمیاتی تبدیلیوں کے موضوعات پربھی فکری سیشنز فیسٹول کا حصہ ہیں جس میں شرکا ء موضوع پر بحث اور اپنا نقطہ نظربیان کرینگے ۔
فیسٹول میں افتخار عارف، فواد احمد فواد ، اخلاق احمد ، حارث خلیق (شاہد صدیقی ) ، عرفان صدیقی سمیت مخلتف مصنفین کی کتابوں کی تقریب رونماء بھی شامل ہے ۔
“انورمقصود کا پاکستان ” اس سیشن میں معروف ڈرامہ و افسانہ نگار ، میزبان انور مقصود گفتگو کریں گے ۔
فیسٹیول کے آخری دن ناہید صدیقی کا کلاسیکل رقص بھی پیش کیا جائے گا جبکہ عاصم اظہر ، ساحر علی بگا، نتاشا بیگ سمیت معروف فنکار میگا کنسرٹ میں اپنی آوازوں کا جادو بکھیریں گے ۔
