اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چار سال مسلط رہنے والے ٹولے نے ملک برباد کر دیا، اب وہی ٹولہ روزانہ ملک کے دیوالیہ ہونے کی گردان کر رہا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کوعدالت جانے کے لیے منہ چھپانا پڑتا ہے، آج ڈھٹائی کے ساتھ کہتے ہیں انتہائی پاپولر ہیں، تحریک انصاف نے ملک کی خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ 4 سال ملک کی معیشت کے ساتھ جو کچھ ہوا سب کے سامنے ہے، گزشتہ حکومت کی چار سال کی کارکردگی کی وجہ سے مہنگائی ہے، ہماری حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان سی پیک، بجلی کے منصوبے بند کر کے گئے، عمران خان نے اپنے دور میں ملکی معیشت کو نقصان پہنچایا، نواز شریف دور میں ملک تیزی سے ترقی کر رہا تھا، چار سال ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم رہا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی، عمران خان دور میں تاریخی قرضہ لیا گیا، اتحادی حکومت نے 1800 ارب کا تاریخی کسان پیکیج دیا۔