اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپریم کورٹ ریویو آف آرڈرز اینڈ ججمنٹس ایکٹ کے خلاف دائر درخواستوں اور پنجاب انتخابات نظرثانی کیس کی سماعت آج ایک ساتھ ہوگی۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کرے گا، خصوصی بنچ میں جسٹس اعجازِ الاحسن اور جسٹس منیب اختر بھی شامل ہیں۔
عدالت نے پاکستان بار کونسل، اٹارنی جنرل سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر رکھا ہے اور سپریم کورٹ نے تاحال وفاقی حکومت کی لارجر بنچ کی استدعا بھی مسترد کر رکھی ہے، چیف جسٹس نے سماعت کیلئے لاجر بنچ کے بجائے 3 رکنی بنچ ہی برقرار رکھا ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 4 اپریل کو پنجاب میں 14 مئی کو انتخابات کرانے کا حکم دیا تھا، الیکشن کمیشن نے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے کے بعد نظرثانی درخواست دائر کی تھی۔
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے انتخابات میں تاریخ دینے پر اعتراض اٹھایا تھا جبکہ آج دوران سماعت اٹارنی جنرل ریویو اینڈ ججمنٹس ایکٹ پر حکومتی موقف سے عدالت کو آگاہ کریں گے۔





































