لاہور: (خبریں ڈیجیٹل) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ امید ہے آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کی واپسی ہو گی۔
پارٹی تنظیمی اجلاس سے خطاب کے دوران نئے چیف جسٹس کے حلف اٹھانے پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ دعا ہے کہ ترازو کے پلڑے سب کے لئے برابر ہوں، امید ہے کہ نوازشریف اور ان کے مظلوم ساتھیوں کو “پراجیکٹ” کے کارندوں کی ناانصافیوں سے نجات ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور اُن کے ساتھیوں نے بہادری اور ثابت قدمی سے ناانصافیوں کا سامنا کیا، نوازشریف اور اُن کے ساتھی ہی ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں، نوازشریف کو اللہ تعالی نے سرخرو کردیا اب پاکستان کو سرخروکرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے ہر بار نوازشریف کو پلس کیا ہر بار مائنس کرنے کی کوشش مائنس ہو گئی، نوازشریف کے بغض میں عوام کو سزا دی گئی، نوازشریف دشمنی کی سوچ اصل میں پاکستان اور عوام دشمنی کی سوچ ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایک نئی شروعات کی ضرورت ہے، ملک کو انتقام، ٹکراﺅ اور افراتفری سے نجات دلانا ہوگی، ہماری لڑائی مہنگائی، معاشی بدحالی اور بیڈگورننس سے ہے، ہم صوبہ سندھ سمیت پاکستان کے کونے کونے میں ترقی کا سفر لے کر جائیں گے، اللہ تعالی نے پاکستان کی ترقی اورعوام کی خوشحالی نوازشریف کے مقدر میں لکھی ہے۔
سینئر نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف نے لوڈشیڈنگ ، دہشت گردی ختم کی تھی، اب مہنگائی میں کمی کا وعدہ پورا کریں گے، نوازشریف نے ایٹمی دھماکوں سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنای اب معاشی طور پر پاکستان کو ناقابل تسخیر بنائیں گے۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن کا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف عوام کے چہروں پر اطمینان اور معاشی آسودگی دیکھنا چاہتے ہیں، عوام اپنے ووٹ سے نوازشریف کو مضبوط کریں، مہنگائی ہم کم کردیں گے، نوازشریف کو سیاسی طورپر عوام جتنا مضبوط کریں گے اُتنا ہی پاکستان معاشی طورپر مضبوط ہوجائے گا۔