لاہور : (خبریں ڈیجیٹل) مسلم لیگ (ن )کے رہنما رانا ثنااللہ نے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا بیان ’حد سے تجاوز‘ قرار دے دیا۔
حال ہی میں دیے گئے بیان میں نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا تھا کہ نوازشریف کو عدالت سے ضمانت نہ ملی تو گرفتار کریں گے، میرے خیال میں نواز شریف خود بھی گرفتار ہونا ہی چاہیں گے، ایک ملزم کو جہاز سے گرفتار کرنے کیلئے کوئی بڑی فورس نہیں چاہیے ہوتی۔
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما رانا ثنااللہ نے نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے بیان کو ’حد سے تجاوز‘ قراردیتے ہوئے کہا کہ سرفراز بگٹی بیان دینے سے پہلے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں، نواز شریف کے خلاف سازش کا خمیازہ عوام اور ملک نے بھگتا ہے، نواز شریف کے خلاف جھوٹے کیس بنا کر ملک اور عوام کے ساتھ دشمنی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 21 اکتوبر کو ائیرپورٹ سے کہاں جانا ہے، یہ وزیر داخلہ نہیں عوام کا فیصلہ ہوگا، سرفراز بگٹی نواز شریف کے بارے میں بیان دےکراپنا قد بڑھانے کی کوشش نہ کریں، نواز شریف کی فکر چھوڑیں اپنے کام پر توجہ دیں۔