کیلیفورنیا: ایک نئی رپورٹ کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئندہ برس اپنے تمام ایئر پوڈز کی تجدید کرنے کا ارادہ کیا ہے۔
بلومبرگ میں شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی ایئر پوڈز ایئرفونز کے اسٹینڈرڈ ورژن کو دو نئے آپشن سے بدلنے والی ہے جبکہ عرصے سے نظر انداز ایئر پوڈز میکس ہیڈفونز میں بالآخر اپ ڈیٹ متعارف کرائی جائے گی۔
فی الحال ایپل کمپنی اپنے مہنگے داموں بکنے والے ایئر پوڈز پرو اور بڑے ایئر پوڈز میکس کے ساتھ بنیادی ایئرپوڈز میں دو ورژن فروخت کے لیے پیش کرتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ نئے تیسری جنریشن کے ایئر پوڈز ایپل کی توقع سے کم فروخت ہو رہے ہیں۔ ایپل کے نذدیک اس کی وجہ لوگوں کی جانب سے سستے اور پُرانے دوسری جنریشن ورژن کے ایئرپوڈز کا خریدا جانا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متعدد آپشنز پیش کرنے کے بجائے ایپل کمپنی تمام موجودہ ایئرپوڈز کو فروخت سے ہٹاتے ہوئے دو نئے ایئرپوڈز سے بدل دے گی جن کی فروخت اس ہی وقت سے شروع ہوجائے گی۔
پیش کیے جانے والے مہنگے ایئر پوڈز میں شور ختم کرنے اور کیس کے اندر اسپیکر (جس سے ڈھونڈنے میں آسانی ہوتی ہے) جیسے ایئر پوڈز پرو والے کچھ فیچرز موجود ہوں گے۔