ٹینس اسٹار اعصام الحق کا فیڈریشن کا صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان

ٹینس اسٹار اعصام الحق نے فیڈریشن کے صدر کا الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹینس فیڈریشن کے موجودہ صدر سلیم سیف اللہ نے اگلی بار صدارت کا امیدوار بننے میں عدم دلچسپی ظاہر کردی ہے۔

فیڈریشن کی اہم میٹنگ اتوار کو طے ہے جس میں نئے الیکشن کے حوالے سے لائحہ عمل طےکیا جائے گا، پاکستان ٹینس فیڈریشن نے انتخابات کیلئے اسپورٹس بورڈ اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن سے بھی رابطہ کرلیا گیا ہے۔
صدارتی انتخابات کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کے نمائندوں کی موجودگی ضروری ہے۔

ٹینس سٹار اعصام الحق نے بھی پی ٹی ایف کی صدارت میں دلچسپی رکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اگر تمام اسٹیک ہولڈرز اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اور مجھے مکمل سپورٹ کرتے ہیں تو ٹینس کی بہتری کیلئے کام کرکے خوشی ہوگی۔

سائفر کیس: عمران خان، شاہ محمود کیخلاف سماعت بغیر کسی کارروائی ملتوی

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے 3 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔

سماعت جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی طبیعت خرابی کے باعث ملتوی کی گئی۔

عدالتی عملہ اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت 3 تاریخ ڈال کر روانہ ہوگیا، شاہ محمود قریشی اور بانی پی ٹی آئی کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

سماعت سے قبل، جیل انتظامیہ نے بانی چئیرمین پی ٹی آئی کی بہنوں کو جیل میں جانے سے روک دیا تھا۔

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان کا کہنا تھا کہ جیل انتطامیہ بہنوں اور وکلاء کو اندر جانے کی اجازت نہیں دے رہی، شاہ محمود قریشی کے وکلاء اور فیملی جیل میں جا چکے ہیں اور ابھی تک جج بھی جیل نہیں پہنچے۔

سینچورین ٹیسٹ: گھر کے شیر باہر ڈھیر، جنوبی افریقا کے ہاتھوں بھارت کو عبرتناک شکست

جنوبی افریقا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے اننگز اور 32 رنز سے شکست دے دی۔

گھر کے شیر ایک مرتبہ پھر باہر ڈھیر ہوگئے، اپنی سرزمین پر کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے دوران تباہ کن پرفارمنس دینے والی بھارتی ٹیم کا جنوبی افریقا میں پول کھل گیا۔

سنچورین میں کھیلے گئے فریڈم ٹرافی سیریز کے پہلے میچ میں میزبان جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور بھارتی بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی اور اسے اننگز کی شکست دے دوچار کردیا۔

بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں 245 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی، اس دوران کے ایل راہول نے 101 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ویرات کوہلی نے 38 اور شریاس ایّر نے 31 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کگیسو ربادا نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ناندرے برگر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مارکو یانسین اور جیرالڈ کوئٹزی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

جنوبی افریقا نے اپنی پہلی اننگز میں ہی بھارت سے میچ دور کردیا، ڈین ایلگر کے 185 اور مارکو یانسین کے ناقابلِ شکست 85 رنز کی بدولت 408 رنز بنائے اور 163 رنز کی برتری بھی حاصل کرلی، اس اننگز میں کپتان ٹیمبا باووما نے بلے بازی نہیں کی۔

مکہ مکرمہ میں سونے کے نئے ذخائر دریافت

سعودی عرب نے مکہ مکرمہ کے علاقے الخرمہ میں اپنی موجودہ منصورہ مسارہ سونے کی کان کے جنوب میں 100 کلومیٹر کے علاقے میں سونے کے بڑے ممکنہ ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا ہے۔

سعودی عرب کی کان کنی کمپنی (مادن) نے کہا کہ اس نے سونے کے متعدد ذخائر دریافت کیے ہیں، جو علاقے میں سونے کی کان کنی کو وسعت دینے کے امکانات کی نشاندہی کرتے ہیں۔

کان کنی کی بڑی کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ 2022 میں شروع کیے گئے کمپنی کے وسیع پیمانے پر تلاش کے پروگرام کے تحت یہ پہلی دریافت ہے اور اس کا مقصد دھات کی پیداوار لائن بنانا ہے۔

منصورہ مسارہ کے جنوب میں 100 کلومیٹر کے فاصلے پر ارق جنوب میں متعدد مقامات سے حوصلہ افزاء مشقوں کے نتائج سے منصورہ مسارہ کے ذخائر سے ملتی جلتی ارضیاتی خصوصیات اور کیمسٹری کا انکشاف ہوا ہے۔

لیے گئے نمونوں سے پتہ چلتا ہے کہ منصورہ مسارہ سے 400 میٹر دور اور اس کے نیچے دو بے ترتیب ڈرلنگ سائٹس میں 10.4 گرام فی ٹن اور 20.6 گرام فی ٹن سونے کے ذخائر موجود ہیں۔

منصورہ مسارا نے سال 2023 کے اختتام تک تقریبا 70 لاکھ اونس سونے کے ذخائر اور سالانہ ڈھائی لاکھ اونس کی پیداواری صلاحیت کا اعلان کیا تھا۔

سال 2024 میں سورج اور چاند کو کتنی بار گرہن لگے گا

سال 2023 اپنے دامن میں تمام تررعنائیاں اور تلخ یادیں سمیٹے اختتام کی جانب گامزن ہے، 2024 کی آمد آمد ہے تو بیت سے افراد اس بات میں دلچسپی رکھتے ہیں کہ نئے سال میں انہیں کتنے چاند یا سورج گرین دیکھنے کو ملیں گے۔

سال 2024 کا پہلا سورج گرہن 8 اپریل کو ہوگا۔

یہ مکمل سورج گرہن جنوبی بحر الکاہل سے شروع ہوکرشمالی امریکا تک پھیلے گا اور امریکا، میکسیکو اور کینیڈا سے گزرے گا۔

بحیرہ کیریبین کے جزیرہ ممالک جیسے کیوبا ، کوسٹا ریکا ، کیمین جزائر ، ڈومینیکا ، فرانسیسی پولینیشیا ، جمیکا اور دیگر میں جزوی سورج گرہن نظر آئے گا۔

سورج گرہن کا آغازپاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بج کر 12 منٹ پر اور اختتام شام 4 بج کر 6 منٹ پر ہوگا۔

دوسرا سورج گرہن

سال 2024 میں 2 اکتوبر کو بھی سورج کو گرہن لگے گا۔

یہ مکمل سورج گرہن جنوبی امریکا (ارجنٹائن اور چلی) میں نظر آئے گا جبکہ جنوبی امریکا، بحر الکاہل، بحر اوقیانوس اور شمالی امریکا میں سورج کو جزوی گرہن لگے گا۔

سورج گرہن کا آغاز: سہ پہر 3 بج کر 12 منٹ پر جبکہ اختتام 4 بج کر 20 منٹ پر ہوگا۔

سال کا تیسرا سورج گرین

سال 20024 کا تیسرا سورج گرہن 14 اکتوبر کو ہوگا جس کے اثرات تمام سیاروں پر پڑیں گے۔

سال کا پہلا چاند گرین

سال کا پہلا چاند گرین 25 مارچ کو دیکھنے میں آئے گا۔

یہ چاند گرہن یورپ، آسٹریلیا، افریقہ، شمالی/مشرقی ایشیا، شمالی امریکا، جنوبی امریکا اور بحرالکاہل اور انٹارکٹیکا میں نظر آئے گا۔

چاند گرہن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 4 بج کر23 منٹ پر ہوگا۔ صبح 6 بج کر 42 منٹ پر یہ اپنے عروج پر ہوگا جبکہ 9 بج کر 2 منٹ پر چاند گرہن اپنے اختتام کو پہنچے گا۔

سال کا دوسرا چاند گرہن جزوی ہوگا

نئے سال کے ماہ ستمبر میں دوسرا چاند گرہن 18 ستمبر کو ہوگا۔

یہ جزوی چاند گرہن یورپ، ایشیا، آسٹریلیا، افریقہ، شمالی/ مغربی شمالی امریکا، شمالی / مشرقی جنوبی امریکا، بحر الکاہل، بحر اوقیانوس، آرکٹک اور انٹارکٹیکا میں نظر آئے گا۔

چاند گرہن کا آغاز سہ پہر3 بج کر 8 منٹ پر ہوگا، 4 بج کر 6 منٹ پر جزوی چاند گرہن دیکھنے میں آئے گا۔ شام 5 بج کر 43 منٹ پر مکمل چاند گرہن ہوگا ۔

چابند گرہن کااختتام رات 8 بج کر 57 منٹ پرہوگا۔

امریکی ریاست مین نے بھی ٹرمپ کو الیکشن کیلئے نااہل قرار دے دیا

کولو راڈو کے بعد امریکا کی ایک اور ریاست مین (Maine) نے بھی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 2024 کے انتخابات کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔

مین کی سیکریٹری آف اسٹیٹ شینا بیلوز نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ریاست میں ابتدائی انتخابات کے لیے نااہل ٹھہرایا ہے۔ یہ نا اہلی 6 جنوری 2021 کو دارالحکومت واشنگٹن کے حکومتی علاقے کیپٹل ہل پر حملوں کے لیے اکسانے کے الزام کے تحت ہے۔

سابق امریکی صدر آئندہ صدارتی انتخاب کے لیے ری پبلکن پارٹی کی امیدواری کی دوڑ میں آگے تھے تاہم 2020 کے انتخابی نتائج کے حوالے سے غلط دعووں سے ان کی پوزیشن کمزور ہوگئی۔

شینا بیلوز نے اپنے فیصلے پر عملدرآمد کو سپریم کورٹ کے فیصلے تک موخر رکھا ہے۔

19 دسمر کو امریکی ریاست کولوراڈو کے کی سپریم کورٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ریاست میں ابتدائی بیلٹ کے لیے نااہل قرار دیا تھا۔ امریکی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کے کسی خواہش مند کو ریاست کے ابتدائی انتخابات کے لیے بغاوت پر اکسانے کے الزام کی بنیاد پر نااہل ٹھہرایا گیا ہو۔

سابق امریکی صدر نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی نتائج میں فراڈ سے متعلق الزامات کو غیر جمہوری قرار دیا ہے۔ مین میں سابق قانون سازوں کے ایک گروپ نے کہا تھا کہ امریکی آئین کی روشنی میں ڈونلڈ ٹرمپ کو بغاوت پر اکسانے کے الزام کے تحت نااہل ٹھہرایا جاسکتا ہے۔

اگر اس نئے فیصلے کے تحت ڈونلڈ ٹرمپ کو مارچ 2024 میں ابتدائی بیلٹ میں حصہ لینے سے روک دیا گیا تو نومبر کے عام انتخابات میں ان کی پوزیشن کمزور ہوجائےگی۔ اس فیصلے سے سپریم کورٹ پر بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی اپیل کی سماعت کے دوران دبائو بڑھے گا۔

ٹرمپ کو وفاق اور ریاست کی سطح پر 2020 کے عام انتخابات کے نتائج بدلنے میں نمایاں کردار ادا کرنے کے الزام میں دو مقدمات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ رائے عامہ کے جائزوں میں ری پبلکن امیدوار کی حٰثیت سے نامزدگی کی دوڑ میں آگے ہیں۔

ڈی سی اسلام آباد کے پاس تھری ایم پی او جاری کرنے کا اختیار نہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری سے متعلق کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے کہا ہے کہ ڈی سی اسلام آباد کے پاس تھری ایم پی او جاری کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کے کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی۔ عدالت نے شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی ایم پی او آرڈر کے خلاف درخواستیں منظور کرتے ہوئے تھری ایم او اختیارات کا پی او 18، 1980 کا قانون غیر قانونی قرار دے دیا۔

جسٹس بابر ستار نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے پاس تھری ایم پی او جاری کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ تھری ایم پی کا اختیار صرف وفاقی کابینہ کے پاس ہونا چاہیے۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ ’’جسٹس بابر ستار نے کہا ہے کہ جنہوں نے تھری ایم پی او کے تحت گرفتاری کی ان کے خلاف کراروائی ہونی چاہیے‘‘۔ بابراعوان کا کہنا تھا کہ مارشل لا کے آرڈر کے نیچے ڈپٹی کمشنر اور کمشنر کو جو پاورز دی گئیں وہ غلط ہیں۔ عدالت نے تھری ایم پی او آرڈر کو ناجائز قرار دیا ہے۔ اسلام آباد کے اندر صرف کابینہ آرڈرز پاس کرسکتی ہے ۔

بابراعوان نے کہا کہ کل شہباز شریف نے پشاور ہائیکورٹ کے اوپر حملہ کیا۔ اگر اتنی تکلیف ہے تو پشاور ہائیکورٹ میں جا کر فریق بنو پھر ہم پوچھیں گے کہ کتنے این آر اوز لیے۔ قوم مزید چوری کی اجازت نہیں دے گی یہ اس لیے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔

“صحیح جیون ساتھی کے ملنے تک شادیاں کرتی رہوں گی”، راکھی ساونت

 ممبئی: بھارتی اداکارہ راکھی ساونت نے عدالت سے جلد اپنی اور عادل درانی کی طلاق کی ڈگری جاری کرنے کی دراخواست کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اُس وقت تک شادی کرتی رہیں گی جب تک اُنہیں صحیح جیون ساتھی نہیں مل جاتا۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے اپنے حالیہ انٹرویو میں راکھی ساونت نے کہا کہ “میں عدالت سے درخواست کرتی ہوں کہ عادل درانی سے جلد میرے پیسے واپس دلوا کر میری طلاق کی ڈگری جاری کردیں تاکہ میں مستقبل میں ایک اچھے لڑکے سے شادی کرکے اپنی زندگی گُزار سکوں”۔

راکھی ساونت نے کہا کہ “میں آج اعلان کررہی ہوں کہ جب تک مجھے ایک اچھا جیون ساتھی نہیں ملے گا، میں تب تک شادیاں کرتی رہوں گی کیونکہ یہ میری زندگی ہے اور زندگی صرف ایک ہی بار ملتی ہے، مرنے کے بعد دوسری زندگی نہیں مل سکتی لیکن ایک شادی کے ٹوٹنے کے بعد دوسری شادی ضرور کی جاسکتی ہے”۔

اداکارہ نے کہا کہ “ہالی ووڈ میں فنکار دس، دس شادیاں کرتے ہیں، وہاں کی اداکارائیں کئی بوائے فرینڈز رکھتی ہیں، ایک سے زیادہ تعلقات میں رہتی ہیں لیکن کوئی اُن پر بات نہیں کرتا”۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ “اگر بھارت میں کوئی ایک سے زیادہ شادی کرلے یا ایک سے زیادہ بوائے فرینڈ بنالے تو بہت باتیں کی جاتی ہیں جبکہ ہالی ووڈ میں ایسا نہیں ہوتا”۔

آرمی میڈیکل کالج کانووکیشن ، جنرل ساحر شمشاد نے اسناد تقسیم کیں

راولپنڈی: آرمی میڈیکل کالج راولپنڈی میں تقسیم اسناد کی تقریب میں جنرل ساحر شمشاد نے اسناد اور میڈل تقسیم کیے۔

چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا آرمی میڈیکل کالج راولپنڈی کے41 ویں کانووکیشن کے مہمان خصوصی تھی۔ انہوں نے گریجویٹس میں اسناد اورنمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا میں میڈلز تقسیم کیے۔

ڈاکٹرقرۃ العین نے ایم بی بی ایس کورس میں بہترین اسٹوڈنٹ کا صدارتی گولڈ میڈل حاصل کیا۔ ڈاکٹر طیبہ ظفر نے بی ڈی ایس کا صدارتی گولڈ میڈل حاصل کیا۔کیپٹن تیمور خالد کو بہترین ملٹری کیڈٹ کا چیف آف آرمی اسٹاف گولڈ میڈل دیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد نے کامیاب طلبا اور ان کے والدین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آرمی میڈیکل کالج کے فارغ التحصیل طلبا نے ہمیشہ اپنی ذات سے بالاتر ہو کر قوم کی خدمت کی ہے۔

ای سی سی، چینی پاور پلانٹس سے ترمیمی معاہدے کرنیکی منظوری

اسلام آباد: پاکستان نے چینی پاور پلانٹس پر عائد صوابدیدی جرمانے ختم کرنے کیلیے ان سے کیے گئے معاہدوں میں ترمیم کرنے کی منظوری دے دی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت توانائی کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ سی پیک کے تحت قائم کیے گئے چینی پاور پلانٹس سے بجلی خریداری کے ضمنی معاہدے کرسکتی ہے۔
ان معاہدوں کی رو سے ایندھن کی عدم دستیابی کی بناء پر بجلی کی فراہمی نہ ہونے پر پاکستان چینی کمپنیوں پر جرمانے عائد نہیں کرسکے گا، جبکہ چینی سرمایہ کار بجلی کی عدم فراہمی کے اس دورانیے کے دوران کیپیسیٹی چارجز یا کسی قسم کا منافع نہیں مانگیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے ان پاور پلانٹس کو ایندھن کی خریداری کیلیے ڈالرز کی عدم فراہمی کی وجہ سے یہ پاور پلانٹس بند پڑے ہیں اور بجلی کی پیداوار کرنے سے قاصر ہیں، بجائے اپنی غلطی تسلیم کرنے کے، حکومت نے الٹا چینی پاورپلانٹس پر جرمانے عائد کر دیے ہیں۔

حکومت نے پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی پر اس مد میں 21 ارب روپے کا جرمانہ عائد کررکھا ہے، اس کے علاوہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی تفصیلی بحث کی، جس کے بعد فورم اس نتیجے پر پہنچا کہ یہ بہت اہم پراجیکٹ ہے اور اسے مزید کوئی تاخیر کیے بناء فوری طور پر لانچ کیا جانا چاہیے، تاہم، اس بات کا مشاہدہ کیا گیا کہ فیپا ایکٹ کے تحت پراجیکٹ کو شامل کرنے کیلیے قانونی پہلوؤں پر مزید غور و خوض کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ وزارت توانائی نے ترکمانستان، افغانستان، پاکستان اور بھارت گیس پائپ لائن منصوبے کو اسپیشل فارن انویسٹمنٹ پروموشن اینڈ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت لانے کی تجویز دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی آئی ایم ایف کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کی وجہ سے اس تجویز سے متفق نہیں ہے۔

ای سی سی نے وزارت سمندرپار پاکستانیز اور انسانی وسائل کی ترقی کی سمری پر بھی غور کیا، جس میں ای او بی آئی کے بجٹ کی منظوری کیلیے کہا گیا تھا، ای سی سی کو بتایا گیا کہ گزشتہ برسوں میں ای او بی آئی کی کلیکشن جمود کا شکار تھی، لیکن حالیہ برسوں میں اس میں 100ارب روپے کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

ای سی سی نے پرفارمنس کو سراہتے ہوئے بجٹ کیلنڈر کو فالو کرنے اور پینشن کی مد میں 2 ہزار ارب روپے کے واجبات کی ادائیگیوں کو ممکن بنانے کی ہدایت کی، ای سی سی نے تجویز کردہ بجٹ منظور کرلیا۔

ادارہ شماریات نے ای سی سی کو مہنگائی کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی، ای سی سی نے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کرنے کی ہدایت کی اور سندھ اور بلوچستان میں عدم فعالیت پر تحفظات کا اظہار کیا۔