سعید اجمل پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کے خواہشمند

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید اجمل بھی پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کے خواہمشندوں میں شامل ہوگئے۔
نجی ٹی وی پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل نے کہا کہ اسلام آباد یونائٹیڈ کے ساتھ کام کرکے بہت تجربہ حاصل کرچکا ہوں، اگر پاکستانی ٹیم کے ساتھ بطور کوچ کام کرنے کا موقع ملا تو ضرور اس میں بہتری لانے کی کوشش کروں گا۔
غیر ملکی کوچز کو جتنے پیسے دیے جاتے ہیں، اس سے کم معاوضہ بھی پاکستانی کوچز کو ملے تو وہ بھی ٹیم کو بلندیوں پر پہنچا سکتے ہیں،شہرہ آفاق سپنر نے ملک میں کوالٹی اسپنرز نہ ہونے کو لمحہ فکریہ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں سپن بولنگ کے شعبے نے پاکستانی ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا، اب ایسا کچھ دکھائی نہیں دے رہا، ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستانی ٹیم کی پرفارمنس دیکھ کر بہت مایوسی ہوئی، جب تک اچھے اسپنرز نہیں ہوں گے تب تک توقعات کے مطابق نتائج نہیں ملیں گے۔
انہوں نے کہا کہ جو ہمارے پاس اسپنرز ہیں، ان پر ابھی بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، نوجوان اسپنر ابرار احمد کو بھی بولنگ کرتے ہوئے دیکھا ہے، پی ایس ایل میچز کے دوران ان کے ساتھ خود کام کروں گا تاکہ ان کی بولنگ میں مزید کاٹ لائی جا سکے۔

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کا شیڈول جاری

کراچی: (ویب ڈیسک) پی ایس ایل8 کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کراچی میں 9 میچز کا انعقاد ہوگا۔
8 مقابلے رات اور ایک میچ دن میں کھیلا جائے گا۔ نیشنل اسٹیڈیم میں پہلا میچ 14 فروری کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلا جائے گا۔
دوسرا میچ کراچی کنگز اور اسلام آباد کے درمیان 16 فروری، تیسرا میچ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان 18 فروری، چوتھا میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندر کے درمیان 19 فروری، پانچواں میچ کوئٹہ گلیڈیٹر اور پشاور زلمی کے درمیان 20 فروری کو ہوگا۔
چھٹا میچ لاہور قلندر اور کوئٹہ گلیڈیٹر کے درمیان 21 فروری، ساتواں میچ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان 23 فروری،8 واں میچ کوئٹہ گلیڈیٹر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان 24 فروری کو کھیلا جائے گا۔
کراچی کا 9 واں اور واحد ڈےمیچ 26 فروری کو کراچی کنگز اور ملتان سلطان کے درمیان ہوگا۔

آسٹریلین اوپن ٹینس مینزسنگلز، سٹیفانوس اور جینک سنر پری کوارٹر فائنل راؤنڈ میں پہنچ گئے

میلبورن: (ویب ڈیسک) یونانی ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کے تھرڈ سیڈڈ سٹیفانوس اور اطالوی ٹینس سٹار جینک سنر اپنی پیش قدمی کو برقرار رکھتے ہوئے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے۔
آسٹریلیا کے شہرمیلبورن نے میں جاری 111 واں میگا ایونٹ میں آج کھیلے گئے مینز سنگلز مقابلوں کے تیسرے رائونڈ میں یونانی ٹینس سٹار اور میگا ایونٹ کے تھرڈ سیڈ ڈ سٹیفانوس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔
انہوں نے نیدرلینڈز کے حریف ٹینس کھلاڑی ٹیلون گریکسپور کو شکست دیکر ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا، ان کی فتح کا سکور 2-6، 6-7(5-7) اور 3-6رہا ۔
ایک اور میچ میں اطالوی ٹینس سٹار جینک سنر نےسخت مقابلے کے بعد حریف ہنگری کے مارٹن فوکسووکس کو 6-4، 6-4، 1-6، 2-6 اور 0-6 سے ہرا کر میگاایونٹ کے پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔
پری کوارٹر فائنل میں دونوں ٹاپ 16کھلاڑی ایک دوسرے کے خلاف کوارٹر فائنل کے لئے پنجہ آزمائی کریں گے۔

ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 31.83 فیصد ہوگئی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کے ادارہ شماریات کا کہنا ہے سالانہ بنیادوں پر ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 31.83 فیصد ہوگئی ہے، حالیہ ہفتے کے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ایک ہفتے کے دوران پیاز کی فی کلو قیمت میں 8 روپے اضافہ ریکارڈ ہوا، زندہ مرغی فی کلو 11 روپے 76 پیسے مہنگی ہوئی۔
ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 62 روپے 78 پیسے مہنگا ہوا، دال مونگ 2 اور دال ماش اڑھائی روپے مہنگی ہوئی جبکہ کیلے کی فی درجن قیمت میں 4 روپے کا اضافہ ہوا۔
علاوہ ازیں حالیہ ہفتے کے دوران 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی اور 17 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

6 ماہ کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں شدید کمی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 59 فیصد کمی آگئی۔
سٹیٹ بینک کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا دسمبر 2022ء براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی مالیت 461 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئی، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.147 ارب ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کی گئی تھی۔
سٹاک مارکیٹ سے 6 ماہ کے دوران 12.9 ملین ڈالر کا انخلاء دیکھا گیا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 307 ملین ڈالر تھا، مجموعی طور پر غیر ملکی سرمایہ کاری میں 572 ملین ڈالر کا انخلاء ہوا۔
گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 709 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اضافہ ہوا تھا۔
سٹیٹ بینک کے اعداد وشمار کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری کا انخلاء حکومت کی جانب سے ایک ارب ڈالر بانڈز کی ادائیگی سے علیحدہ ہے۔

ٹرین ٹریک پر دھماکہ، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی شدید مذمت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے پنیر میں ٹرین ٹریک پر دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ دہشتگردوں کے اس بزدلانہ اقدام پر سخت قانونی اور آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
وزیر ریلوے کی جانب سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ لاہور سے 3 اعلیٰ افسران پر مشتمل ٹیم بھی جائے حادثہ کی طرف روانہ کر دی گئی۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ہدایت کی ہے کہ مسافروں کو بحفاظت منزل مقصود پر پہنچایا جائے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جائے۔

عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کے موقع پر اسلام آباد میں تقریب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کے موقع پر اسلام آباد میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں وزیرمملکت فیصل کریم کنڈی نے پاکستان میں چینی سفارت کاروں کے ساتھ مل کر کیک کاٹا، تقریب میں چینی کمپنیوں، ذرائع ابلاغ کے نمائندگان اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سی پیک سمیت دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات خوش آئند ہیں، پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر کی گہرائیوں سے گہری ہے۔

ملک کو پروجیکٹ عمران سے پاک کرنا اتحادی حکومت کی بڑی کامیابی ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کو پروجیکٹ عمران سے پاک کرنا اتحادی حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے ملک کو سب سے بڑے غیرملکی ایجنٹ فتنے اور مافیا سے نجات دلائی ہے، پروجیکٹ عمران نے ملک کو معاشی دیوالیے کی طرف دھکیلا، آج ملک میں مہنگائی، معاشی تباہی اور سیاسی عدم استحکام اسی وجہ سے ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 4 سال میں عمران پراجیکٹ نے ملک کا معاشی دیوالیہ نکالا اور نوجوان کو بے روزگار کیا، سخت شرائط والا آئی ایم ایف کا پروگرام پروجیکٹ عمران کا عوام کو دیا گیا تحفہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 4 سال تباہی مچا کر اور مہنگائی کا طوفان لا کر آج الیکشن الیکشن کی رٹ لگا کر کیا ہو گا، ملک پر 2018 میں مسلط ہونے والے الیکشن کی بات کر سکتے ہیں لیکن الیکشن لڑ نہیں سکتے۔

نیو ورلڈ آرڈر سے ترقی پزیر ممالک مشکلات کا شکار،تنہا چیلنجز سے نہیں نمٹ سکتے: بلاول

ڈیووس: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کوئی بھی ملک چیلنجز سے تنہا نہیں نمٹ سکتا، اسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون درکار ہوتا ہے۔
ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے دوران سکیورٹی اور کوآرڈینیشن کے موضوع پر سیشن کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا نیو ورلڈ آرڈر کی وجہ سے ایشیائی ممالک بالخصوص ترقی پزیر ممالک مشکلات کا شکار ہیں، تیسری دنیا کی معیشت دباؤ کا شکار ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے،کوئی بھی ملک چیلنجز سے تنہا نہیں نمٹ سکتا، اسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دیگر ممالک کا تعاون درکار ہوتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ روس یوکرین تنازع کی وجہ سے دنیا بھر میں گیس کی قیمتیں بڑھیں، روس یوکرین جنگ کی وجہ سے انسانی تنازع نے جنم لیا، روس یوکرین جنگ کے دنیا پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا روس یوکرین جنگ کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف بالکل واضح ہے، پاکستان خود سے کسی جنگ کے حق میں نہیں ہے، پاکستان روس یوکرین تنازع کے حل کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین معاملے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہوتا ہے لیکن افسوس ہے مغرب کے لیے کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں محض کاغذی رہ جاتی ہیں، کشمیری بھی آزادی کے لیے دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

پاکستان اور روس کے درمیان کسٹم شیئرنگ سے متعلق معاہدہ طے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان اور روس کے درمیان دستاویزات پر دستخط کی تقریب کا انعقاد، دونوں ممالک کے دوران کسٹمز امور سے متعلق تعاون بڑھانے اور ڈیٹا شیئرنگ کا معاہدہ طے پا گیا۔
اسلام آباد میں پاک روس بین الحکومتی کمیشن اجلاس کے بعد دستاویزات پر دستخط کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے دوران دونوں ممالک کے درمیان کسٹمز امور سے متعلق تعاون بڑھانے اور ڈیٹا شیئرنگ کے معاہدہ پر دستخط کئے گئے۔
تقریب کے دوران ایف بی آر اور روس کے فیڈرل کسٹمز سروس کے درمیان ڈیٹا تبادلے کے معاہدے پر دستخط کئے گئے، ایم او یو کے تحت دونوں ممالک کسمٹز سے متعلق امور پر ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔
اس موقع پر روسی ویزر توانائی نکولے شلگی نووف کا کہنا تھا کہ کمیشن اجلاس کے انعقاد پر پاکستان کے مشکور ہیں، ڈیری کے شعبہ میں پاکستان کے ساتھ تعاون بڑھائیں گے، پاکستان میں برآمدی صنعت لگانے میں تعاون جاری رکھیں گے، معاہدوں سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید فروغ ملے گا، پاکستان کے ساتھ مختصر اور طویل مدتی منصوبوں پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان کے ساتھ روڈ ٹرانسپورٹ کو فروغ دیں گے، تیل اور گیس کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کریں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں تعاون پر نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، توانائی ،زراعت ، مالیات، تجارت ، سرمایہ کاری، کسٹم کے شعبوں پر اتفاق ہوا ہے، پاکستان اور روس کے درمیان گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔
سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ روس کے ساتھ تعلقات بڑھانے کے لئے مزید معاہدے بھی کریں گے۔