پی ٹی آئی کے مزید 35 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے مزید 35 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کر لیے۔
سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی کے جن اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے ہیں ان میں جنید اکبر، عثمان ترکئی، مجاہد علی، ارباب عامر ایوب، عندلیب عباس، ملیکہ بخاری شامل ہیں۔
اس کے علاوہ حیدر علی خان، سلیم رحمان، صاحبزادہ صبغت اللہ، محبوب شاہ، محمد بشیر کے استعفے بھی منظور کیے گئے ہیں۔
اس فہرست میں خسرو بخیتار اور عامرکیانی کے ساتھ ساتھ فخر امام اور کرامت کھوکھر بھی شامل ہیں۔
استعفے منظور ہونیوالوں میں شیر اکبر خان، علی خان جدون، شیر علی ارباب، شاہد احمد، گلداد خان، ساجد خان، محمد اقبال خان، سید فیض الحسن، شوکت علی بھٹی بھی شامل ہیں۔
عمر اسلم خان، امجد علی خان، خرم شہزاد، فیض اللہ، محبوب حسین قریشی، ابراہیم خان، طارق اقبال، اورنگزیب خان کھچی، عبدالمجید خان، اسماء قدیر، منور بی بی بلوچ کے بھی استعفے منظور کر لیے گئے ہیں۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کے مذید 35 ارکان اسمبلی کے استعفے موصول ہو گئے ہیں، الیکشن کمیشن ضابطے کی کارروائی کے بعد جلد اراکین کوڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے 35 اراکین قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے تھے۔

حکومت عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کچھ کرنا نہیں چاہتی: اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ حکومت عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے کچھ کرنا نہیں چاہتی، وزارت خارجہ قانونی محاذ پر فوزیہ صدیقی کو سہولت فراہم کرے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں ڈاکٹرعافیہ صدیقی کی امریکا سے رہائی کیلئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے درخواست پر سماعت کی، ڈاکٹرفوزیہ صدیقی اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئیں۔
عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیس کے حوالے سے کیا پیشرفت ہے، منور اقبال دوگل نے عدالت کو بتایا کہ قائم مقام امریکی سفیر سے ہمارے آفیشلز کی ملاقات ہوئی ہے۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ریمارکس دیئے کہ کیا کافی اور کیک کی میٹنگ ہوئی، کوئی آئیڈیا نہیں اس ملاقات میں کیا ہوا ہے، ساتویں، آٹھویں سماعت ہے حکومت اس حوالے سے کچھ کرنا نہیں چاہتی، ہمارا بھی ایک دائرہ اختیار ہے اس کی حد تک ہی رہ سکتے ہیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ عافیہ صدیقی کی رہائی کا معاملہ سفارتی سطح پراٹھایا گیا ہے۔
فوزیہ صدیقی کے وکیل نے مؤقف پیش کیا کہ بظاہرلگتا ہے حکومت اس معاملے میں بے بس نظر آتی ہے، عافیہ صدیقی کے لئے امریکا میں ایک اور وکیل ہائر کیا ہے۔
عدالت نے وزارت خارجہ کو قانونی محاذ پر فوزیہ صدیقی کو سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزارت خارجہ حکام کو آئندہ ہفتے فوزیہ صدیقی کے ساتھ میٹنگ کرنے کا حکم دے دیا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں یقین دہانی کرائی کہ عافیہ صدیقی ہماری شہری ہیں جو مدد حکومت کر سکتی ہے کرے گی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکا سے رہائی کیلئے دائر درخواست پر سماعت 17 مارچ تک ملتوی کر دی۔

علی زیدی کی ضمانت منظور، عدالت نے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔
بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے معاملے پر ڈی سی آفس کیماڑی میں ڈی آر او کے دفتر میں توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں نامزد علی زیدی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہوئے اور ضمانت کی درخواست دائر کی۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کی درخواست ضمانت 30 ہزار روپے کے مچلکے کے عوض منظور کرتے ہوئے پولیس کو ملزمان کو 28 جنوری تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے بلال غفار، سعید آفریدی اور دیگر پہلے ہی مقدمے میں ضمانت حاصل کر چکے ہیں۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا ہے کہ بلدیاتی حکومت کے لیے حافظ نعیم الرحمان سے رابطہ ہے، کل حافظ نعیم الرحمان ہمارے پاس آ رہے ہیں، ان سے ملاقات کے بعد معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی کا کہنا تھا کہ اب پیپلز پارٹی زرداری مافیا ہے، ان سے کوئی بات نہیں ہو گی۔

الیکشن جب بھی ہوں اتفاق رائے کے بغیر سب گھاٹے میں رہیں گے: خواجہ سعد رفیق

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر و رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ الیکشن قبل از وقت ہوں، بروقت یا جب بھی، اتفاق رائے کے بغیر سب گھاٹے میں رہیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ حصول و ارتکاز اقتدار کی بے رحم جنگ سے ہٹ کر مکالمہ ہو، اپنی اپنی غلطیاں مانی جائیں، ریاست کو دلدل سے نکال کر ملک چلانے کی راہ ڈھونڈی جائے۔
لیگی رہنما نے کہا کہ میں اب تک دن کے ہنگاموں میں گم تھا مگر اب شام ہوتی جا رہی ہے، امید کی جاتی ہے کہ آئندہ عمران خان صاحب 35 پنکچر کی اصطلاح سیاسی بیان کے طور پر استعمال کرنے سے باز ہی رہیں گے۔

بلوچستان میں خون جما دینے والی سردی، کراچی میں بھی ریکارڈ ٹھنڈ کا امکان

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ کوژک ٹاپ پر ٹریول ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
توبہ اچکزئی میں برفباری کے دوران لاپتہ پولیو ٹیم کو ریسکیو کر لیا گیا ہے، پولیو ٹیم کو قلعہ عبداللہ ہیڈکوارٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔
چمن شہر اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے باعث ندی نالے بھر گئے، شمالی بلوچستان کے موسمی اثرات آج سے سندھ بھر میں پڑنے کا امکان ہے، کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں ریکارڈ سردی متوقع ہے، کراچی میں درجہ حرارت 3 ڈگری سینی گریڈ تک گرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حیدر آباد اور لطیف آباد میں بوندا باندی سے ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید سرد کر دیا ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی آج سے بدھ تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
مینگورہ میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور بالاٸی علاقوں کے پہاڑوں پر برف باری جاری ہے، ملکہ کوہسار مری میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

کراچی بلدیاتی الیکشن: ووٹوں کی دوبارہ گنتی پر جماعت اسلامی کی ایک اور نشست کا نتیجہ تبدیل

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے نتائج میں اعتراضات پر امیدواروں کی درخواست پر مختلف حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل جاری ہے۔
کراچی کے علاقے صفورا کی یو سی 8 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی جس کے نتیجے میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے پی ٹی آئی کے امیدوار کو فاتح قرار دیا گیا جبکہ ابتدائی طور پر فاتح قرار دی گئی جماعت اسلامی دوسرے نمبر پر آ گئی۔
ادھر پی ٹی آئی کی جانب سے ضلع دادو میں انڈس ہائی وے پر 41 گھنٹوں سے جاری دھرنا ختم کر دیا گیا، پی ٹی آئی رہنما نیاز علی برڑو کی گرفتاری اور میہڑ کے 8 وارڈز کے سرکاری نتائج روکنے کے خلاف انڈس ہائی وے پر دھرنا دیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی کے رہنما صداقت علی جتوئی کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا کہ 8 وارڈز کے روکے گئے سرکاری نتائج جاری کردئیے گئے ہیں اور پی ٹی آئی کے آٹھوں کونسلرز کامیاب قرار پائے ہیں۔

سیالکوٹ :ایف آئی اے کی ایئرپورٹ پر کارروائی ، لاکھوں روپے کا سمگل شدہ سامان برآمد

لاہور: (ویب ڈیسک) ایف آئی اے نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے مسافر سے لاکھوں روپے مالیت کا سمگل شدہ سامان برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق مسافر سے برآمد ہونے والے سامان میں لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فونز، لیپ ٹاپ، چارجرز، ساڑھے 7 کلو قیمتی آرٹیفیشل جیولری اور دیگر سمگل شدہ سامان شامل ہے ۔
سیالکوٹ ایئرپورٹ پر ڈپٹی ڈائریکٹر مبشر ترمذی کی زیرنگرانی کارروائی کی گئی ، ملزم حسیب 17 جنوری کو کراچی سے دبئی گیا اور ایک دن بعد دبئی سے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر اترا، شک گزرنے پر ملزم کے سامان کی تلاشی لی گئی تو سمگل شدہ سامان برآمد ہوا۔
گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اس کے سہولت کار صداقت کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، ایف آئی اے نے سمگل شدہ سامان کسٹمز کے حوالے کر دیا۔

پشاور: ایف آئی اے کی کارروائی ، جعلی دستاویز بنانیوالے 4 ملزمان گرفتار

پشاور: (ویب ڈیسک) ایف آئی اے اینٹی کرپشن نے پشاور کے علاقے فقیرآباد میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویز بنانے والے 4 ملزمان گرفتار کرلیے ۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اینٹی کرپشن پشاور نے ملزمان کے قبضے سے جعلی ایمپلائمنٹ کارڈز، سٹوڈنٹ کارڈز،بینک کی جعلی مہریں بھی برآمد کرلیں ۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان سے اسٹامپ پیپرز، تعلیمی اسناد اور بینک اسٹیٹمنٹس بھی برآمد ہوئی ہیں ، حکام نے جعلی دستاویزات میں استعمال ہونے والے آلات بھی تحویل میں لے لیے ہیں ۔
ترجمان کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔

امیتابھ بچن کی ریاض میں رونالڈو اور میسی سے ملاقات، ویڈیو وائرل

ریاض: (ویب ڈیسک) بھارت کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کی ریاض اور پی ایس جی فٹبال سیزن میں میسی اور کرسٹیانو رونالڈو سے ملاقات کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری کنگ فہد سٹیڈیم میں ریاض بمقابلہ فرانسیسی کلب پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) فٹبال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں امیتابھ بچن نے سٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اور ارجنٹینا کو عالمی چیمپئن بنوانے والے لیونل میسی سمیت دیگر فٹبالرز سے ملاقات کی جس کی ویڈیو اداکار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کر تے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے۔
ویڈیو میں امیتابھ بچن کو تمام فٹبالرز سمیت میسی اور رونالڈو سے ہاتھ ملاتے ہوئے اور ہم کلام ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
امیتابھ بچن نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ ’ریاض میں ایک شام کیا شام ہے، کرسٹیانو رونالڈو، لیونل میسی، ایمباپے، نیمار سب ایک ساتھ کھیل رہے ہیں اور میں یہاں بطور مہمان خصوصی کھیل کے افتتاح کے لیے مدعو ہوں، پی ایس جی بمقابلہ ریاض سیزنز ناقابل یقین ہے‘۔
بڑا میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین بالی ووڈ لیجنڈ امیتابھ بچن کو ٹورنامنٹ میں دیکھ کر حیران رہ گئے، دنیا کے مشہور فٹبالرز میسی، رونالڈو اور امیتابھ بچن کے مداحوں نے ان تینوں شخصیات کو ایک ساتھ دیکھ کر حیرت کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا پر ان سٹارز کی ملاقات کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہو رہی ہیں جس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

روپے کی بے قدری جاری، امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پانچویں روز انٹربینک میں ڈالر کے ریٹ میں 60 پیسے اضافہ ہوا جس کے بعد امریکی کرنسی 229 روپے 75 پیسے پر ٹریڈ کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ سال 2023 میں اب تک ڈالر 3 روپے 32 پیسے مہنگا ہوا، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے قرضوں کے بوجھ میں 430 ارب روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔