ملکی حالات ٹھیک کرنا ہماری ذمہ داری، پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے، نواز شریف

لندن: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملکی حالات کو ٹھیک کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ہم پاکستان کو مشکلات سے نکالیں گے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عمران خان کی 4 سالہ حکومت کا موازنہ ہمارے ساتھ نہ کیا جائے، ملک کے خراب ہوتے ہوئے حالات ٹھیک کریں گے۔

کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے،عارف علوی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاری کی ضرورت ہے، ڈیٹا اور معلومات 21 ویں صدی کا نیا سونا ہیں۔
سی ایکس او ڈیجیٹل فورم کے زیر اہتمام گلوبل ڈیجیٹل سمٹ کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور فیصلہ سازوں کو ملک میں آئی ٹی کے شعبے کی ترقی اور فروغ کے لئے فوری طور پر درست فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اقتصادی چیلنجوں پر قابو پانے کے لئے اپنی برآمدات کو بڑھانے کی ضرورت ہے اور آئی ٹی سیکٹر میں نسبتاً مختصر مدت میں برآمدات میں تیز رفتار ترقی کی صلاحیت موجود ہے، اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر سی ایکس او ڈیجیٹل فورم کنول مسرور اور میڈی ٹیک امریکہ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مشیل او کونر نے بھی خطاب کیا، تقریب میں آئی ٹی انڈسٹری کے نمائندوں اور آئی ٹی پروفیشنلز نے شرکت کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل ہیلتھ نے زیادہ اہمیت حاصل کر لی ہے، یہ ضروری ہے کہ ہم انسانی مصائب کو کم کرنے اور صحت کے مسائل سے نمٹنے کے لئے مصنوعی ذہانت کے استعمال پر توجہ دیں، مصنوعی ذہانت اور امیج اینڈ پیٹرن ریکگنیشن سافٹ ویئر میں ہونے والی پیشرفت مختلف بیماریوں کی بہتر تشخیص میں مدد کر سکتی ہے۔
عارف علوی نے کہا کہ ٹیلی ہیلتھ، آن لائن فارمیسی، آن لائن لیبز، پریکٹس مینجمنٹ سافٹ ویئر اور دیگر آلات نے نہ صرف صحت کی دیکھ بھال کو ہم سب کے لئے قابل رسائی بنایا ہے بلکہ پاکستان میں کاروباری برادری کے لئے اقتصادی راہیں بھی پیدا کی ہیں۔ انہوں نے پاکستان میں ڈیجیٹل ہیلتھ ایکو سسٹم کے فروغ اور نمو پر زور دیا۔
صدر مملکت نے آئی ٹی ماہرین پر زور دیا کہ وہ ملک کے لئے ڈیجیٹل اور ٹیلی ہیلتھ پلیٹ فارمز کے حوالہ سے پالیسیاں بنانے کے لئے حکومت کو اپنی تجاویز پیش کریں، ان پالیسیوں کے نفاذ کے لئے نجی شعبے کو مہم چلانے اور ایک فعال شراکت دار بننے کی ضرورت ہے۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ ملک کی 60 فیصد آبادی کو صحت کی بہتر سہولیات تک محدود رسائی حاصل ہے اور ڈیجیٹل ہیلتھ کے درست استعمال سے اخراجات میں کمی، کارکردگی میں بہتری، صارفین کی مصروفیت میں اضافہ اور مریضوں کی دیکھ بھال میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی 24 فیصد آبادی کسی نہ کسی قسم کے ذہنی تناؤ کا شکار ہے اور ایسے مسائل کا علاج کرنے کے لئے ذہنی صحت کے ماہرین کی تعداد محدود ہے، ٹیلی ہیلتھ سروسز اور مصنوعی ذہانت پر مبنی چیٹ بوٹس زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ذہنی صحت سے متعلق مشاورت کی خدمات فراہم کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ پاکستان اپنے بچوں کو پرائمری تعلیم فراہم کرنے میں بھی پیچھے ہے کیونکہ اعدادوشمار کے مطابق صرف 68 فیصد پاکستانی بچے پرائمری سکولوں میں داخل ہیں جبکہ بھارت نے اپنے بچوں کے لئے 100 فیصد پرائمری تعلیم حاصل کی ہے۔ روایتی اور غیر روایتی تعلیمی نظام پر توجہ دینے کے علاوہ پاکستان کو آن لائن اور ہائبرڈ سیکھنے کے طریقوں کے ذریعے تعلیم اور ہنر کی فراہمی پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ۔19 کے دوران پاکستان میں آن لائن تعلیم کے فروغ میں اضافہ، مختلف تعلیمی پس منظر سے تعلق رکھنے والے 2.4 ملین افراد نے وزیر اعظم کے ڈیجیٹل سکلز پروگرام سے فائدہ اٹھایا ہے، ملک کے نوجوانوں اور خواتین کو اہم اور قابل بازار ڈیجیٹل مہارت فراہم کرنے کے لئے ایسے پروگرام تشکیل دیئے جا سکتے ہیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر سی ایکس او کنول مسرور نے کہا کہ پاکستان کو نوجوانوں کی ترقی اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے ڈیجیٹل شعبہ میں پلیٹ فارم اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان دنیا کی چوتھی بڑی فری لانس مارکیٹ ہے۔

نواز شریف آئندہ الیکشن میں (ن) لیگ کی قیادت کریں گے: رانا ثناء اللہ

لندن: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نواز شریف کی قیادت میں پوری طرح متحد ہے، نواز شریف پارٹی کے قائد ہیں ووٹ اور سپورٹ ان کی ہے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ نواز شریف الیکشن میں (ن) لیگ کی قیادت کریں گے، انتخابی مہم میں نوازشریف اور مریم نواز بھی شامل ہوں گے، ہم سب کی مشترکہ رائے ہے پارٹی کی کامیابی کیلئے نواز شریف کا پاکستان میں ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف بھی چاہتے ہیں جلدی واپس جاؤں، وہ مسلم لیگ (ن) کے وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے، مریم نواز اگلے ہفتے واپس جائیں گی، رانا ثنا سے سوال کیا گیا کہ مریم نواز پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ ہو سکتی ہیں تو انہوں نے جواب میں کہا کہ کیوں نہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ معزز جج صاحبان تحفظات پر توجہ دیں اور انہیں دور کریں، ہمارے اوپر خریدو فروخت کا جھوٹا الزام لگایا گیا، ہمارے پاس 171 کے نمبرز پورے تھے، بلال وڑائچ آزاد امیدوار تھے، تحریک انصاف کے لوگ ان سے اسمبلی توڑنے پر ناراض تھے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہو سکتا ہے تین ماہ میں الیکشن نہ ہوں، آئین میں درج ہے کہ 90 دن میں الیکشن ہونا چاہیے، آئین میں کچھ اور چیزیں بھی درج ہیں، شاہد اسلم کی گرفتاری میرے علم میں تھی، صحافی نے ایف بی آر کا ڈیٹا لیک کیا، ایف بی آر کے لوگوں کے انکشاف کے بعد ان کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹیریان کیس میں عمران خان سو فیصد نااہل ہو سکتے ہیں، توشہ خانہ سمیت دیگر کیسز میں اگر چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری بنتی ہے تو اداروں کو کرنی چاہیے۔

جو نسلی اور اصلی ہو گا، عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوگا، شیخ رشید

لندن: (ویب ڈیسک) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ جو نسلی اور اصلی ہو گا عمران خان کے ساتھ کھڑا ہو گا، 10 ماہ سے اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں۔
لندن میں نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ پی ڈی ایم کی 13 جماعتیں زمین بوس ہو گئی ہیں، اب پی ڈی ایم والے عوام میں جانے کے قابل نہیں رہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نیب کے مفرور لندن میں ارد گرد بسیرا کیے ہوئے ہیں، 385 لوگوں نے نیب قانون میں تبدیلی کر کے اپنی جان بچائی۔
انہوں نے کہا کہ بینکوں میں ایل سی نہیں کھل رہی، پورٹس سے مال نہیں ریلیز کیا جا رہا، تکنیکی بنیادوں پر پاکستان ڈیفالٹ کر چکا ہے۔

بندرگاہوں پر پھنسے کنٹینرز کے جرمانے معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے: فیصل سبزواری

کراچی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزير برائے پورٹس اینڈ شپنگ فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ کئی ہفتوں سے بندرگاہوں پر پھنسے کنٹینرز کے جرمانے معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں کاروباری طبقے کیلئے آسانیاں پیدا کرکے ہی معیشت میں استحکام کی کوشش ہوسکتی ہے۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ کاروباری برادری کے نمائندوں سے ملاقات کرکے مزید اقدامات پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کے اعداد و شمار جاری کردیے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق نئے سال کے دوسرے ہفتے پہلی بار زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ درآمدات روکنے سے زرمبادلہ ذخائر کی گراوٹ رکی ہے، 13 جنوری تک ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 10 ارب 44 کروڑ ڈالر رہے۔
جنوری کے دوسرے ہفتے میں زرمبادلہ کے ذخائر 25 کروڑ 58 لاکھ ڈالر بڑھے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے ذخائر 25 کروڑ 80 لاکھ ڈالر اضافے سے 4.60 ارب ڈالر ہیں جبکہ 13 جنوری تک کمرشل بینکوں کا زرمبادلہ کا ذخیرہ 22 لاکھ ڈالر کم ہو کر 5.84 ارب ڈالر رہا۔

روسی وزیر کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، پیوٹن کا خصوصی پیغام پہنچایا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کے دورے پر آئے روس کے وزیر توانائی نے وزیراعظم شہباز شریف کو صدر ولادمیر پیوٹن کا خصوصی پیغام پہنچایا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے روسی وزیر توانائی کی سربراہی میں وفد کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی امور پر تعاون میں پاک روس دلچسپی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کے لیے انرجی سیکٹر کی اہمیت پر اتفاق کیا گیا اور روس کی جانب سے پاکستان کو طویل مدت بنیاد پر تیل و گیس کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران گیس پائپ لائنوں سے متعلقہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق روسی وزیر توانائی نے وزیراعظم شہباز شریف کو روسی صدر ولادمیر پیوٹن کا خصوصی پیغام پہنچایا، روسی صدر نے پیغام میں پاکستان کو جنوبی ایشیا میں اہم روسی شراکت دار قرار دیا گیا۔
روس کے صدر نے وزیراعظم پاکستان کے لیے اپنے پیغام میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی دلچسپی کا اعادہ کیا۔

ابھی بہت سے کارڈ باقی، کھیلوں گا تو پی ڈی ایم کے ہوش اُڑ جائیں گے: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل پی ڈی ایم کیلئے ایک ایسا شاٹ ہے جس کی گونج صدیوں تک انہیں سنائی دے گی، میرے پاس ابھی بہت سے ایسے کارڈ باقی ہیں جب کھیلوں گا تو ان کے ہوش اُڑ جائیں گے۔
لاہور میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے اسمبلی تحلیل کے بعد بھیجی گئی سمری میں انتخابات کی تاریخ نہ لکھ کر آئینی کی خلاف ورزی کی، اس اقدام کو عدالتوں میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اگر ملک میں صاف شفاف انتخابات نہ ہوئے تو سری لنکا جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اسحاق ڈار کے بارے میں صرف اتنا ہی کہوں گا کہ وہ ساری تباہی کا ذمہ دار ہے، مسلم لیگ ن کے اندر توڑ پھوڑ کے حوالے سے سنجیدہ آوازیں سننے کو مل رہی ہیں، مسلم لیگ ن کی موروثی سیاست کے خلاف پہلی آواز چودھری نثار نے بلند کی، اگر جنرل الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہ بھی ہوا تو سڑکوں پر احتجاج کا کوئی آپشن زیر غور نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم مکمل طور پر فیل ہو چکی، اب ہر گزرتے دن کے ساتھ مشترکہ طور پر عوام کے سامنے بے نقاب ہو رہی ہے، ان کے پاس عوام کو دینے کیلئے کچھ نہیں، انہوں نے عوام کے وسائل کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا، نواز شریف قطعاً سیاستدان نہیں، صرف تحریک انصاف کی حکومت ہی ملک کو موجودہ بحرانوں سے نجات دلا سکتی ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کا صرف اور صرف سیاسی حل تلاش کرنا ہوگا، اگر مجھے نہ اہل کر بھی دیا تو لوگ تحریک انصاف کے نظریے کو ووٹ دیں گے۔

میانمار میں فوج کی فضائی بمباری میں7 افراد ہلاک ہوگئے

ساگاینگ: (ویب ڈیسک) میانمار کے علاقے ساگاینگ کےگاؤں میں فوج کی جانب سے ایک تقریب پر فضائی بمباری کے نتیجے میں7 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق میانمارکی فوج نے مقامی گاؤں میں منعقدہ تقریب پر بمباری کی جس سے گاؤں کے7 لوگ ہلاک اور 5 زخمی ہوئے،عینی شاہدین کے مطابق بمباری سے درجنوں مکانات تباہ ہوگئے
بمباری سے بجلی اور مواصلات کا نظام بھی شدید متاثر ہوا ہے، فضائی حملے پر میانمارکی فوج کی جانب سےکوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔
خیال رہےکہ میانمارکی فوج ملک میں علیحدگی پسندوں کے خلاف مصروف ہے تاہم اس پر انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں اور آپریشنز کے دوران بےگناہ افراد کو قتل کرنے کے الزامات بھی ہیں۔

ہاکی ورلڈ کپ؛ ہالینڈ نے چلی کو 0-14 سے شکست دے کر عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

کراچی: (ویب ڈیسک) بھارت میں جاری عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا گیا۔
بھوبنیشور میں کھیلے جانے والے پول سی کے ایک میچ میں عالمی نمبر 6 ہالینڈ نے چلی کو 0 کے مقابلے میں 14 گولز سے مات دے دی۔
ہالینڈ کی جانب سے جینسین جپ نے 4 اور کپتان تھیری برنکمین نے 3 گول داغے۔
اس سے قبل عالمی کپ میں سب سے زیادہ مارجن سے کامیابی کا ریکارڈ 2010 میں آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو 0-12 سے ہرا کر قائم کیا تھا۔