پی ٹی آئی کا وفد مجھ سے ملا، جن سے مطمئن ہوا ان کے استعفے منظور کیے: سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا وفد مجھ سے ملنے آیا، جو لوگ آئے یا جنہوں نے میڈیا پر آکر استعفے سے متعلق کہا اور مجھے اطمینان دلایا، میں نے مطمئن ہو کر ایسے ارکان کے استعفے منظور کر لیے۔
راجہ پرویز اشرف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس جس نے مجھے اطمینان کرایا ان کے استعفے منظور کیے، مجھ سے بہت سے پی ٹی آئی ارکان نے رابطہ کر کے کہا ہے وہ ابھی سوچ رہے ہیں، جب استعفے منظور کرتا ہوں تو بھی شور مچ جاتا ہے جب نہیں کرتا تو بھی شور مچ جاتا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی سے سوال کیا گیا کہ عمران خان نے واپسی کا عندیہ دیا تو آپ نے استعفے منظور کر لیے، جس کے جواب میں راجہ پرویز اشرف نے کہا ایسی بات نہیں ہے، جب پی ٹی آئی وفد آیا تو منظوری کا عمل شروع ہوچکا تھا، میں اب بھی چاہتا ہوں جن کے استعفے منظور نہیں ہوئے اسمبلی میں آئیں۔

عمران خان کی 7 حلقوں سے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کی 7 حلقوں سے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان این اے 22، 24، 31 اور این اے 45 کرم سے کامیاب قرار پائے ہیں۔
عمران خان کی این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب اور این اے 239 کراچی سے کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن نے آج ہی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا فیصلہ دیا تھا۔

سونے کی قیمت میں 1200 روپے فی تولہ کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت کم ہونے کے بعد مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخ میں کمی آئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 6 ڈالر کم ہوکر کر 1909 ڈالر کی سطح پر آگئی جس کے باعث ملکی سطح پر سونے کی قیمت فی تولہ قیمت میں 1200 اور اور فی دس گرام قیمت میں 1029 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے۔
مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت ایک لاکھ 85 ہزار 300 روپے اور فی دس گرام قیمت ایک لاکھ 58 ہزار 865 روپے ہوگئی۔

روپے کی بے قدری جاری، ڈالر مزید مہنگا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید مہنگا ہو گیا۔
ماہرین کے مطابق ترسیلات زر میں کمی، سیاسی افق پر غیریقینی فضاء اور معیشت کو درپیش چیلنجز کی وجہ سے ڈالر کے اوپن ریٹ میں اضافہ ہوا۔
جمعرات کے روز انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر 229 روپے 15 پیسے پر بند ہوا جوکہ گزشتہ روز 228 روپے 91 پیسے تھا۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 50 پیسے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر 239.50 روپےکا ہو گیا ہے۔

افغان صوبے تخار میں گورنر آفس کے قریب دھماکا

تخار: (ویب ڈیسک) افغان صوبے تخارکے شہر تعلقان میں گورنر آفس کے قریب دھماکا ہوا ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق دھماکے میں طالبان فورسزکی گاڑی کو نشانہ بنایاگیا تاہم اس میں ابھی تک کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
افغان میڈیا کا کہنا ہےکہ مقامی حکام نے دھماکےکی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔

لاہور پریس کلب نےسیلاب متاثرین کی جاری امداد کی ضرورت پر زور دینے کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور پریس کلب نے کوکا کولا کے تعاون سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کو امداد دینے کیلئے موجودہ کوششوں کو بڑھانے کی ضرورت کو اجاگر کرنے کیلئے ایک تقریب کا انعقاد کیا ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی فہد حسین مہمان خصوصی تھے۔لاہور پریس کلب کے صدر اعظم چوہدری اور کوکا کولا پاکستان کے نائب صدر فہد اشرف نے بھی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فہد حسین نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے 9 ارب امریکی ڈالر سے زیادہ کی امداد حاصل کی ۔ کوکا کولا جیسی کمپنیاں اور مجموعی طور پر نجی شعبہ نےبھی صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر سندھ اور بلوچستان میں سیلاب زدگان کی مدد میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ کوکا کولا پاکستان کے نائب صدر فہد اشرف نے بتایا کوکا کولا 50 کی دہائی سے ہر قدرتی آفت کے بعد فوری طور پر غریب کی امداد کے لیے ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے۔ حالیہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے بھی کھانے کی حفاظت، پینے کے صاف پانی اور دیہی خواتین اور اقلیتی برادریوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی۔ پانی کی عالمی خیراتی تنظیم انڈس ارتھ ٹرسٹ بونڈے شمس اور کوکا کولا ٹھٹہ سندھ کے ساتھ مل کر ایک جدید شمسی توانائی سے چلنے والا واٹر باکس نصب کر رہا ہے۔ اس جدید تکنیکی پلانٹ کے ذریعے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں اور موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے بچنے میں مدد ملے گی۔چونکہ 90 فیصد پانی لانے کا کام خواتین کرتی ہیں اس لیے ان باکس کو پہیوں سے بھی لیس کیا جا رہا ہے ،جو انہیں سولر واٹر باکس سے آسانی سےگھروں تک پانی منتقل کرنے کے قابل بنائیں گے

عمران کی مبینہ بیٹی ٹیریان سے متعلق کیس، جمائما کا ڈیکلیریشن ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) عمران خان کی مبینہ بیٹی ٹیریان کی سرپرستی سے متعلق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی سابقہ اہلیہ جمائما کا 2004 کا ڈیکلیریشن باقاعدہ طور پر عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔
شہری ساجد محمود کی جانب سے عمران خان کی مبینہ بیٹی ٹیریان جیڈ وائٹ کو کاغذات نامزدگی میں چُھپانے پر نااہل قرار دینے کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے کی۔
دوران سماعت عمران خان کی مبینہ بیٹی ٹیریان کی سرپرستی سے متعلق عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما کا 18 نومبر 2004 کا ڈیکلیریشن پٹیشن کے ساتھ ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا۔
ڈیکلیریشن میں جمائما نے ٹیریان وائٹ کی سرپرستی اپنے پاس رکھنے سے انکار کرتے ہوئے کیرولینا وائٹ کو دینے کا کہا تھا۔
عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ آفس نے اعتراض کیا ہےکہ بائیو میٹرک کے لیے عمران خان کو خود آنا پڑے گا، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اب تو بائیو میٹرک کی تصدیق کے لیے مختلف آؤٹ لیٹس موجود ہیں، آپ بائیومیٹرک کرا کے رسید ساتھ لگا دیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان نے استعفیٰ دے دیا اور اب رکن قومی اسمبلی نہیں رہے۔
عدالت نے عمران خان کے وکیل کو ابتدائی بیان جمع کرانے کے لیے مہلت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے جواب کی پیشگی کاپی پٹیشنر کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت دی اور کیس کی مزید سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی۔

کراچی بلدیاتی انتخابات؛ جماعت اسلامی کی پیپلز پارٹی سے اتحاد کیلیے مشروط آمادگی

کراچی: (ویب ڈیسک) بلدیاتی انتخابات کے بعد اتحاد کے لیے پیپلز پارٹی کا وفد ادارہ نور حق پہنچا اور جماعت اسلامی کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر جماعت اسلامی نے بلدیاتی حکومت میں اتحاد کو تحفظات دور کرنے سے مشروط کردیا۔
پیپلز پارٹی کا وفد سعید غنی کی قیادت میں ادارہ نورحق پہنچا جس میں نجمی عالم، امتیاز شیخ اور دیگر شامل تھے۔ وفد نے امیر جماعت اسلامی کراچی انجینئر حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ساتھ اسامہ رضی، راجہ عارف سلطان اور دیگر موجود تھے۔
دونوں جماعتوں کے درمیان کراچی میں بلدیات انتخابات اور میئرشپ کے لیے اتحاد قائم کرنے کے معاملات پر بات چیت ہوئی۔ جماعت اسلامی نے پیپلز پارٹی کو انتخابات میں دھاندلی، نتائج میں تاخیر اور شفافیت نہ ہونے کے تحفظات سے آگاہ کیا جسے پیپلز پارٹی نے دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات کے دونوں رہنماؤں نے میڈیا سے بات چیت کی۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیں تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، اگر الیکشن میں کوئی ایسی صورتحال سامنے آگئی کہ جس میں ہمارے پاس کوئی واضح اور متعین چیز ہو تو اس وقت ہمارے درمیان ضرور بات چیت آگے ہوسکے گی فی الوقت کچھ جگہوں پر ری کاؤنٹنگ جاری ہے جو کہ نہیں ہونی چاہیے، اس کے نتیجے میں کافی مسائل سامنے آرہے ہیں۔
حافظ نعیم نے کہا کہ ہمیں سب سے زیادہ تکلیف فارم 11 اور 12 کے اجراء پر ہوئی جس کے لیے بڑی تگ و دو کرنی پڑی اور اس کے بعد نتائج کی تبدیلی پر تکلیف ہوئی جس پر ہم نے احتجاج کیا، الیکشن کمیشن اور پی پی سے رابطہ کیا بعد ازاں کچھ یوسیز میں ہماری فتح سامنے آئی تاہم کچھ یوسیز میں ری کاؤنٹنگ کے نتیجے میں جو خرابیاں پیدا ہورہی اور نتائج تبدیل ہورہے ہیں ہمیں ان پر تحفظات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ سعید غنی اور ان کی ٹیم ان مسائل کو حل کرے گی، ہم انتظار کریں گے چیزیں بہتر ہوگئیں تو آگے بھی بات چیت بھی ہوگی۔
سعید غنی نے جماعت اسلامی کو کراچی میں انتخابی نشستیں جیتنے پر مبارک باد دی اور کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کے کہنے پر ہم یہاں آئے ہیں تاکہ شکایات کو سناجاسکے، یہ بلدیاتی اداروں کے لیے اچھا موقع ہے کہ دو میچور جماعتیں اس شہر کے حالات کو ٹھیک کرنا چاہتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے تحفظات اور شکایت ہیں جن کا وہ اظہار کرچکے، انتخابات کا سارا سیٹ اپ الیکشن کمیشن کے ماتحت ہوتا ہے، حکومت کے اختیار میں بہت سے چیزیں براہ راست نہیں ہوتیں لیکن پھر بھی یقین دلاتے ہیں کہ جماعت اسلامی کے اعتراضات دور کرنے میں کہیں حکومت سندھ کا کوئی کردار ہوا تو اسے ضرور ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنی شکایات کو دور کرنے کے لیے جو قانونی کارروائی کرے گی اس میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے، جن یوسیز پر الیکشن کمیشن نے ایکشن لیا ہے وہ جو فیصلہ کرے گا قبول کریں گے، 23 تاریخ کو جو بھی فیصلہ ہوگا وہ تسلیم کریں گے، تمام ایشو کو حل کریں گے اور آگے بھی ملیں گے۔
دریں اثنا کراچی کی چھ یونین کونسلز میں بے قاعدگیوں کے معاملے میں الیکشن کمیشن نے جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت کی تاریخ تبدیل کر دی۔
سوموار 23 جنوری کو ہونے والی سماعت اب 25 جنوری کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے فریقین کو نئی تاریخ سے آگاہ کر دیا۔

24 گھنٹے میں گورنر پنجاب کی جانب سے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنے کا امکان

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں آئندہ انتخاب کے سلسلہ میں اگلے 24 گھنٹے کے دوران گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کی جانب سے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنے کا امکان ہے۔
گورنر پنجا ب محمد بلیغ الرحمان کو نگران سیٹ اپ کے اعلان سے پہلے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنا ہے، آئین کے آرٹیکل 105، 224A اور 224 کے تحت گورنر پنجاب کو یہ ذمہ داری ادا کرنا ہے۔
خیال رہے کہ کل پارلیمانی کمیٹی کے پاس نگران وزیر اعلیٰ کے تقرر کے لئے آخری دن ہوگا۔

امپورٹڈ حکومت کو مزید خرابیوں کی اجازت دینا حماقت ہو گی: عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں نگران حکومت کے قیام کے معاملے پر نگران وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے حوالے سے تحریک انصاف کی پارلیمانی کمیٹی کے اراکین نے چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے موقع پر مرکزی سینئر نائب صدر چودھری فواد حسین بھی موجود تھے، اس دوران پنجاب میں نگران وزیر اعلیٰ کی نامزدگی کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی طور پر مشاورت کی گئی۔
احمد نواز سکھیرا، سابق چیف سیکرٹری پنجاب نوید چیمہ اور نصیر خان کے ناموں پر غور کیا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے حتمی مشاورت کے بعد دو نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جانے پر اتفاق ہوا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ملک انتخابات میں تاخیر کا کسی طور متحمل نہیں ہو سکتا، نہایت حساس ملکی صورتحال میں انتخابات کی شفافیت کو خطرے میں ڈالنا قوم سے دشمنی کے مترادف ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مزید کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد سنجیدہ ترین معاملہ ہے، بہترین ساکھ اور صلاحیت کی حامل نگران حکومت ہی اس ذمہ داری کیلئے موزوں ہے، تحریک انصاف بہترین شہرت و صلاحیت کی حامل شخصیات کو نامزد کررہی ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ عوام کا سامنا کرنے سے خوفزدہ گروہ کو مزید خرابیوں کی اجازت دینا اور نری کرنا حماقت ہو گی، نگران حکومتوں کے قیام کا آئینی تقاضا سنجیدگی سے پورا کر کے عوام کو انتخاب کے ذریعے فیصلے کا بلا تاخیر حق دیا جائے۔